Updated: May 18, 2026, 6:05 PM IST
| Ahmedabad
ایرانی ویٹ لفٹر علی رضا یوسفی نے احمد آباد میں منعقدہ ایشین ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں ۱۱۰؍ پلس کلوگرام کیٹیگری کے کلین اینڈ جرک مقابلے میں ۲۶۱؍ کلوگرام وزن اٹھا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ ۲۲؍ سالہ ایرانی ویٹ لفٹر نے اپنی تاریخی کامیابی اور گولڈ میڈل اس سال فروری میں ایران کے صوبہ ہرمزگان کے شہر میناب میں ایک اسکول پر امریکی میزائل حملے میں فوت بچوں کے نام کر دی۔
علی رضا یوسفی۔ تصویر: ایکس
علی رضا یوسفی نے ہندوستان میں جاری Asian Weightlifting Championships میں نہ صرف عالمی ریکارڈ قائم کیا بلکہ اپنی کامیابی کو جنگ میں مارے گئے بچوں کے نام کر کے ایک جذباتی اور علامتی پیغام بھی دیا۔ ۲۲؍ سالہ ایرانی ویٹ لفٹر نے احمد آباد میں ۱۱۰؍ پلس کلوگرام کیٹیگری کے کلین اینڈ جرک مقابلے میں ۲۶۱؍ کلوگرام وزن اٹھا کر نئی عالمی تاریخ رقم کی۔ بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی جانب سے گزشتہ سال وزن کے زمروں میں تبدیلی کے بعد یہ نئے زمرے کا پہلا عالمی ریکارڈ بھی بن گیا۔ یوسفی نے مجموعی طور پر ۴۴۵؍ کلوگرام وزن اٹھایا، جس کے باعث وہ مجموعی درجہ بندی میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے، جبکہ کلین اینڈ جرک سیکشن میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ انہوں نے اسنیچ مقابلے میں ۱۸۴؍ کلوگرام وزن اٹھایا تھا۔
تاہم، اس کامیابی کو سب سے زیادہ یادگار بنانے والا لمحہ وہ تھا جب یوسفی نے کامیاب لفٹ کے فوراً بعد اپنی جرسی اٹھا کر ایک فارسی پیغام دکھایا جس پر ’’شہدائے میناب‘‘ یعنی ’’میناب کے شہداء‘‘ لکھا تھا۔ یہ اشارہ ایران کے صوبہ ہرمزگان کے شہر میناب میں واقع شجرہ طیبہ ایلیمنٹری اسکول کے ان بچوں کے نام تھا جو رواں برس فروری میں ایک میزائل حملے میں مارے گئے تھے۔ ایرانی حکام کے مطابق، اس حملے میں ۱۲۰؍ سے زائد بچے، اساتذہ اور والدین ہلاک ہوئے تھے، اور یہ واقعہ امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے ابتدائی دنوں میں پیش آیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: خوراک کی تقسیم کے مرکز پر اسرائیلی حملے، ۴؍ فلسطینی جاں بحق
یوسفی کے اس اقدام نے کھیلوں کے میدان میں خاموش احتجاج اور انسانی ہمدردی کے اظہار کی ایک نئی مثال قائم کی۔ سوشل میڈیا پر ایرانی صارفین اور کئی علاقائی مبصرین نے ان کے اقدام کو ’’کھیل سے آگے بڑھ کر ایک انسانی پیغام‘‘ قرار دیا۔ ہندوستان میں ایرانی سفارتخانے نے ایکس پر یوسفی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’’علی رضا یوسفی نے گاندھی نگر میں ۲۶۱؍ کلوگرام وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس ایرانی چیمپئن نے اپنا گولڈ میڈل سانحۂ میناب کے شہید بچوں کے نام کیا۔‘‘ چیمپئن شپ کے دوران مجموعی طور پر ۲۵؍ عالمی ریکارڈ اور ۲۷؍ نئے ایشیائی ریکارڈ قائم ہوئے، جسے حالیہ برسوں کے سب سے تاریخی ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کانز ۲۰۲۶ء: ہاویئر بارڈیم کی ٹرمپ، نیتن یاہو، پوتن پر شدید تنقید
چین ۲۱؍ طلائی، ۱۲؍ چاندی اور ۸؍ کانسے کے تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل پر سرفہرست رہا جبکہ شمالی کوریا دوسرے نمبر پر رہا۔ ہندوستان نے ایک چاندی اور ۱۰؍ کانسے سمیت مجموعی طور پر ۱۱؍ تمغے جیتے اور خواتین کی ٹیم رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین میں ری سک کو بہترین لفٹر قرار دیا گیا، جبکہ مردوں میں ہی یوجی نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ یوسفی پہلے ہی عالمی ویٹ لفٹنگ منظرنامے میں ابھرتے ہوئے بڑے نام سمجھے جاتے تھے، لیکن احمد آباد میں ان کی یہ کارکردگی نہ صرف کھیل کے اعتبار سے تاریخی ثابت ہوئی بلکہ اس نے سیاسی تنازعات، جنگی المیوں اور کھیلوں کے انسانی پہلو کو بھی عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا۔