بزرگ سماجی خدمت گار انا ہزارے کانگریس کے زمانے میں ہر بدعنوانی اور نا ہمواری پر آواز بلند کیا کرتے تھے لیکن بی جے پی حکومت آنے کے بعد سے وہ بالکل خاموش ہیں۔
EPAPER
Updated: August 24, 2025, 9:35 AM IST | Jalgaon
بزرگ سماجی خدمت گار انا ہزارے کانگریس کے زمانے میں ہر بدعنوانی اور نا ہمواری پر آواز بلند کیا کرتے تھے لیکن بی جے پی حکومت آنے کے بعد سے وہ بالکل خاموش ہیں۔
بزرگ سماجی خدمت گار انا ہزارے کانگریس کے زمانے میں ہر بدعنوانی اور نا ہمواری پر آواز بلند کیا کرتے تھے لیکن بی جے پی حکومت آنے کے بعد سے وہ بالکل خاموش ہیں۔ ان کے ایک پرانے ساتھی شیورام پاٹل نے انکشاف کیا ہے کہ بی جے پی والوں نے انا کو نظر بند کر کے رکھا ہے اور انہیں بولنے نہیں دے رہے ہیں۔ شیورام پاٹل نے یہ بات احمد نگر کے رالے گن سدھی میں انا ہزارے کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد کہی ہے۔
جلگائوں ضلع میں جن جاگرن منچ نامی تنظیم کے سربراہ شیورام پاٹل کبھی انا ہزارے کے قریبی ساتھیوں میں شمار کئے جاتے تھے۔ ان کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ انا ہزارے سے کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ ملک میں جمہوریت خطرے میں ہے۔ الیکشن کمیشن اور حکومت مل کر ووٹوں کی چوری کر رہے ہیں۔ وہ ویڈیو میں یہ بھی کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں راہل گاندھی نے ’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف مہم چھیڑ رکھی ہے ۔ شیورام پاٹل انا سے کہتے ہیں ’’اناآپ نے ہربار بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ لیکن اس وقت آپ خاموش ہیں جس کی وجہ سے سماج میں یہ غلط پیغام جا رہا ہے کہ آپ بی جے پی کے دور حکومت میں بدعنوانیوں کے خلاف کچھ نہیں کہتے۔ ‘‘ وہ انا سے اصرار کرتے ہیں ’’ آپ کو چاہئے کہ راہل گاندھی کی مہم میں شریک ہوں یا کم از کم اس مہم کی حمایت میں کوئی بیان دیں۔ ‘‘ انہوں نے انا کو یہ سمجھا نے کی بھی کوشش کی کہ ’’ آپ کی عادت رہی ہے کہ آپ صرف بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں ، یہ نہیں دیکھتے کہ حکومت بی جے پی کی ہے یا کانگریس کی ہے۔ اگر آپ نے راہل گاندھی کا ساتھ نہیں دیا تو عوام میں پیغام جائے گا کہ آپ بی جے پی کے ساتھ ہیں۔ اس لئے آپ کو ا س معاملےمیں کوئی بیان دینا چاہئے۔‘‘
ویڈیو میں انا ہزارے شیورام پاٹل کی بات غور سے سن رہے ہیں۔ کہیں کہیں پر وہ حیرانی بھی ظاہر کرتے ہیں۔ جب شیورام انہیں بتاتے ہیں کہ ایک جگہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ایک گھر میں ایک شخص کے ۵۰؍ بچے ہیں جن کے نام ووٹنگ لسٹ میں اس پر انا کہتے ہیں ’’ ۵۰؍ بچے؟‘‘ اسی طرح اکا دکا الفاظ کے ساتھ وہ اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہیں۔ لیکن پورے ویڈیو میں انا ہزارے کہیں بھی شیورام پاٹل کے اس اصرار پر ہامی بھرتے ہوئے نظر نہیں آئے کہ انہیں ووٹ چوری یا دیگر الزامات پر اپنا رد عمل ظاہر کرنا چاہئے۔
انا کو بی جے پی نے نظر بند کر رکھا ہے؟
انا کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو کے تعلق سے جب میڈیا نے شیورام پاٹل سے سوال کیا تو انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ انا ہزارے کی خاموشی فطری نہیں معلوم ہوتی بلکہ وہ بی جے پی کے دبائو میں ہیں۔ بی جے پی والوں نے انہیں نظر بند کر رکھا ہے۔ شیورام پاٹل کہتے ہیں کہ جب کبھی سماج کا کوئی اہم موضوع سرخیوں میں آیا تو انا ہزارے نے ضرور اس پر اپنا موقف ظاہر کیا ہے۔ جہاں انہیں ضروری معلوم ہوا انہوں نے آواز اٹھائی مگر اب وہ بالکل خاموش ہیں۔ میرے اس اصرار پر کہ انہیں راہل گاندھی کا ساتھ دینا چاہئے وہ بالکل خاموش رہے۔ انہوں نے نہ میری بات کو تسلیم کیا نہ ہی مسترد کیا۔مجھے ان کی سیکوریٹی اور صحت کے تعلق سے خدشہ محسوس ہو رہا ہے۔