Updated: March 03, 2026, 5:11 PM IST
| Hyderabad
نوشادی شدہ وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا اپنی شادی کی تقریبات کے بعد تلنگانہ میں انسان دوستی کے اقدام کے باعث خبروں میں ہے۔ وجے نے اپنے آبائی ضلع ناگرکرنول کے ۴۴؍ سرکاری اسکولوں کے نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ یہ قدم ان کے این جی او دیوراکونڈا چیریٹیبل ٹرسٹ کے ذریعے اٹھایا گیا ہے۔
وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا اسکالر شپ کا اعلان کرتے ہوئت۔ تصویر: ایکس
ادے پور میں شاندار شادی کے چند دن بعد وجے دیورا کونڈا اور رشیمکا مندانا نے تلنگانہ کے ضلع ناگرکرنول کے اچمپیٹ ڈویژن میں وجے کے آبائی گاؤں کا دورہ کیا، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ مقامی افراد سے خطاب کرتے ہوئے وجے نے اعلان کیا کہ ان کا این جی او دیورا کونڈا چیریٹیبل ٹرسٹ کے ذریعے علاقے کے ۴۴؍ سرکاری اسکولوں میں ۹؍ ویں اور ۱۰؍ ویں جماعت کے طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ ویڈیو میں وجے کو تیلگو زبان میں گاؤں والوں سے گفتگو کرتے دیکھا گیا، جہاں انہوں نے کہا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ ہمارے گاؤں کے بچے بورڈ امتحانات کی تیاری بغیر مالی پریشانی کے کریں۔ اگر میں کچھ واپس دے سکتا ہوں تو یہ میری ذمہ داری ہے۔‘‘
انہوں نے واضح کیا کہ یہ وظائف خاص طور پر اُن طلبہ کیلئے ہوں گے جو مالی مشکلات کے باعث تعلیم جاری رکھنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔ تقریب اس وقت جذباتی ہوگئی جب وجے کی والدہ مادھوی اپنے بیٹے کی تقریر سن کر فخر سے آبدیدہ نظر آئیں۔ رشمیکا اور وجے کے بھائی آنند دیوراکونڈا بھی ان کے ساتھ موجود تھے اور اس اقدام کی تعریف کرتے نظر آئے۔ دیہاتیوں نے تالیوں اور نعروں سے اس اعلان کا خیرمقدم کیا۔ مقامی افراد نے اسے ’’اپنے بیٹے کی طرف سے سچا تحفہ‘‘ قرار دیا۔ وجے نے اس موقع پر یہ وعدہ بھی کیا کہ وہ مستقبل میں اپنے آبائی گاؤں کا زیادہ باقاعدگی سے دورہ کریں گے اور ترقیاتی کاموں میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’وارانسی‘‘ انٹارکٹکا میں شوٹ ہونے والی پہلی ہندوستانی فلم: پرینکا چوپڑہ کی تصدیق
شادی کی تقریبات کا تسلسل
یہ دورہ ۲۶؍ فروری کو ادئے پور میں منعقد ہونے والی شادی کے فوراً بعد ہوا۔ جوڑے نے تیلگو اور کوڈاوا روایات کے مطابق شادی کی رسومات ادا کیں۔ بعد ازاں انہوں نے تروپتی بالاجی مندر میں آشیرواد حاصل کیا۔ ۲؍ مارچ کو رشمیکا نے تھمنا پیٹا میں وجے کے گھر پر اپنی گرہ پرویش کی رسم ادا کی۔ جوڑے نے اپنی نئی رہائش گاہ پر ستیانارائن ورتم پوجا بھی انجام دی۔ جوڑا ۴؍ مارچ کو حیدرآباد میں فلمی صنعت اور سیاسی شخصیات کیلئے ایک خصوصی استقبالیہ کی میزبانی کرے گا۔ منتظمین کے مطابق تقریب صرف دعوت نامے پر ہوگی اور سیکوریٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ پیشہ ورانہ محاذ پر، دونوں اداکار فلم ’’رانا بلی‘‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، جو ۱۱؍ ستمبر کو ریلیز ہوگی۔