دونوں کےدرمیان دوری نیز ایکناتھ شندے کی ناراضگی اورسنگین اختلافات کی خبریں گرم ہیں۔
EPAPER
Updated: October 14, 2026, 2:31 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
دونوں کےدرمیان دوری نیز ایکناتھ شندے کی ناراضگی اورسنگین اختلافات کی خبریں گرم ہیں۔
مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخابات سے قبل ایک بار پھر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے درمیان دوری اور ایکناتھ شندے کی ناراضگی اور اختلافات کی خبریں گرم ہیں۔ گزشتہ چند دنوں میں ایکناتھ شندے کے رویے سے بھی اس کی تصدیق ہوتی ہےکہ ایکناتھ شندے ناراض معلو م ہورہے ہیں۔ گزشتہ ۲؍ دنوں میں ہونے والی اہم میٹنگوں سے ایکناتھ شندے کی غیر حاضری بھی شندے کی ناراضگی پر مہر لگاتی ہے۔
واضح رہے کہ ایم ایل سی کی ۱۷؍ سیٹوں پر ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران دونوں پارٹیوں میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کی ہوڑ لگی ہوئی ہے۔ بی جے پی مہاراشٹر کونسل میں اپنی بالادستی برقرار رکھنا چاہتی ہے، جبکہ شندے گروپ اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے اپنے لیڈروں کو ٹکٹ دلوانے پر اصرار کر رہا ہے۔ اس رسہ کشی کی وجہ سے کئی اضلاع میں دونوں پارٹیوں کے ناراض لیڈروں نے باغی امیدواروں کی حیثیت سے پرچے بھر دیئے ہیں۔اختلافات کی خبروں کے چند دلائل یہاں پیش کئے جارہےہیں۔
قحط سالی کی میٹنگ سے شندے غیر حاضر
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اپنی سرکاری رہائش گاہ ’ورشا‘ پر مرکزی ٹیم کے ساتھ قحط سالی کے تعلق سے اہم میٹنگ بلائی تھی ۔ اس میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ ایکنا تھ شندے شریک نہیں ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: دورانِ حج عازمین کی رہنمائی اورمعاونت کیلئے حج انسپکٹر کا انٹرویو
اہم میٹنگ کے وقت پریس کانفرنس
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی صدارت میں منگل ۱۳؍ اکتوبر کو سرکاری بنگلہ ورشا پر کوڑا کرکٹ سے کمپریسڈ بائیو گیس ( سی بی جی) بنانے کے تعلق سے متعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی گئی تھی ،اس میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو بھی مدعو کیاگیا تھا لیکن جس وقت ( صبح ۱۱؍ بجے ) یہ میٹنگ بلائی گئی تھی اس سے آدھا گھنٹہ پہلے یعنی صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے نائب وزیر اعلیٰ نے ملبار ہل میں واقع سرکاری بنگلہ ’نندن ون‘پر منعقدہ پریس کانفرنس بلائی جو تقریباً ۵۲؍ منٹ تک چلی، اس طرح شندے قصداً وزیر اعلیٰ کی میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔ اس پریس کانفرنس میں انہوںنے انڈیا اتحاد کے مظاہروں پر تنقیدیں کیں۔
مقامی انتخابات اور ٹکٹوں کی تقسیم
مہاراشٹر میں آنے والے مقامی بلدیاتی انتخابات کیلئے شیو سینا (شندے خیمہ) اور بی جے پی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر اندرونی اختلافات پائے جاتے ہیں۔
طاقت کا توازن
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق دیویندر فرنویس کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد سے دونوں لیڈروں کے اختیارات اور محکموں کے درمیان ہم آہنگی سے متعلق اکثر تناؤ دیکھا گیا ہے۔
اگرچہ بی جے پی اور شندے کیمپ کی قیادت عوامی طور پر کسی بھی بڑی دراڑ سے انکار کرتی ہے، لیکن اہم سرکاری میٹنگوں میں نائب وزیر اعلیٰ کی مسلسل عدم موجودگی اور متوازی پریس کانفرنس یہ ظاہر کرتی ہیں کہ اتحاد کے اندر کچھ معاملات پرسنگین اختلافات ضرور موجود ہیں۔
شندے کیمپ کا مؤقف
ایکناتھ شندے کے قریبی ذرائع اور ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ فرنویس سے ناراض نہیں ہیں۔ شندے نے ماضی میں بھی اس طرح کی دراڑ کی خبروں کو میڈیا کی تخلیق قرار دیا تھا۔ منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کسانوں کی امداد اور قحط سالی سے نمٹنے کیلئے اپنی عزم کا اعادہ کیا اور اپوزیشن پر سیاست چمکانے کا الزام لگایا۔