۴۸۸؍امیدواروں نے درخواست دی ۔حج ہاؤس میں دو دن انٹرویو جاری رہا۔ ۵۳؍ امیدوار غیرحاضررہے۔
حج انسپکٹر کیلئے انٹرویو کیا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این
دورانِ حج عازمینِ حج کی رہنمائی اور ان کی معاونت کے لئے حج انسپکٹر کا انتخاب کرنے کے لئے حج ہاؤس میں ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے ۲؍ دن ان کا انٹرویو لیا گیا۔ منتخب کئے جانے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان ۱۶؍ اکتوبر تک متوقع ہے۔
اس دفعہ حج انسپکٹر کی خدمات کے لئے ایک تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ ۱۳۵؍ عازمین ِ حج پرایک حج انسپکٹرکو مقرر کیاجائے گا جبکہ اس سے قبل تک۱۵۰؍ عازمین پرایک حج انسپکٹر مقرر کیاجاتا تھا۔
اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ اس طرح حج انسپکٹر مزیدبہتر طریقے سے عازمین کی معاونت اور ان کی رہنمائی کرسکےگا۔ حالانکہ یہ تو حج کے ایا م میںواضح ہوسکے گا کہ حج انسپکٹرنے واقعی کتنےبہتر انداز میںاپنی ذمہ داری ادا کی ؟
دو دن تک جاری رہنے والے انٹرویو کے لئے تین پینل بنائے گئے تھے، اس میںافسران نے ان سے متعدد سوالات کئے اوران قابلیت وصلاحیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ امیداوروں میںمرد وخواتین دونوں شامل ہیں ۔ فی الوقت مہاراشٹر کوملنے والا والاکوٹہ ۱۶؍ہزار ۸۰۰؍ ہے، اس لحاظ سے ۱۲۴؍ حج انسپکٹر کی ضرورت ہوگی۔نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر یہ تمام تفصیلات ریاستی حج کمیٹی کی سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے نے نمائندۂ انقلاب کوبتائیں۔