Inquilab Logo

اقوام متحدہ: غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد سلامتی کونسل میں منظور

Updated: March 25, 2024, 8:30 PM IST | Washington

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے آج غزہ میں جنگ بندی اور تمام یرغمالوں کی بلاشرائط رہائی کی قرار داد منظور کرلی۔ یو این کے جنرل سیکریٹری انتونیو غطریس نے کہا کہ اس مسودہ کو فوری طور پر نافذ کردیا جاناچاہئے۔ اس کے نفاذ میں ناکامی ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

Photo: x
تصویر: ایکس

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کی ایک قرارداد منظور کرلی ہے جبکہ امریکہ نے اس ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ پہلی بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ اس میں امریکہ نے اپنا ویٹو استعمال نہیں کیا البتہ گزشتہ تمام مواقع پر امریکہ نے اپنا ویٹو پاور استعمال کیا تھا۔ روس اور چین بھی اس سے قبل اس قرارداد کو ویٹو کر چکے ہیں۔

منظور ہونے والی قرارداد دس منتخب اراکین نے کونسل میں لکھی تھی، اور اسے موزمبیق کے نمائندے نے چیمبر میں تجویز کیا تھا۔ روس نے قرار داد کو پہلے کے مسودے میں بحال کر کے ترمیم کرنے کی کوشش کی جس میں لفظ ’’مستقل‘‘ شامل تھا، لیکن ووٹنگ ناکام ہو گئی۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ۱۴؍ ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ امریکہ نے اس میں حصہ نہیں لیا۔
اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اس سے قبل دھمکی دی تھی کہ اگر امریکہ نے اپنا ویٹو استعمال نہ کیا تو وہ واشنگٹن میں طے شدہ وفد کو منسوخ کر دیں گے۔

اس قرارداد کے تحت غزہ میں فوری جنگ بندی اوربلاشرائط تمام یرغمالوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں یو این کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے کہا کہ سیکوریٹی کاؤنسل نے کافی انتظار کے بعد غزہ کے تعلق سے ایک مسودہ کو منظوری دی ہے جس کے مطابق محصورغزہ میں فوری جنگ بندی اور تمام یرغمالوں کی بلاشرائط رہائی کا مطالبہ کیا گیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK