• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فلسطینیوں کیساتھ یکجہتی کےعالمی دن پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ

Updated: November 30, 2024, 12:17 PM IST | Agency | Geneva

انتونیوغطریس نے کہا : اقوام متحدہ فلسطینی عوام کی امن و سلامتی ، ان کے حقوق اور خودارادیت کیلئےیکجہتی کا اظہارجاری رکھے گی۔ پاکستانی وزیراعظم نےاپنے عوام اورحکومت کی جانب سے حمایت کا اعادہ کیا۔ جکارتا میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف امریکی سفارتخانے کے باہر زبردست احتجاج کیا گیا۔

Demonstrators protest in Jakarta in support of the Palestinians. Photo: AP/PTI
فلسطینیوں کی حمایت میں جکارتا میں مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر : اے پی /پی ٹی آئی

 فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کاعالمی دن جمعہ کو منایا گیا جس کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ ہر سال ۲۹؍نومبر کو عالمی برادری فلسطینی عوام کی عزت، حقوق، انصاف اورحق خودارادیت کیلئے یکجہتی کا اظہارکرتی ہے۔ اس کا آغاز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے۲؍ دسمبر۱۹۷۷ء کواپنی ایک قرارداد کے ذریعے کیا تھا۔ 
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے اس دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ ہرسال کی طرح اس دن عالمی برادری فلسطینی عوام کے وقار، حقوق، انصاف اور حق خود ارادیت کیلئے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے کھڑی ہوتی ہے، اس سال کی یادگار خاص طور پر تکلیف دہ ہے کیونکہ وہ بنیادی اہداف اتنے ہی دور ہیں جتنے پہلے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: ہندوستان پر اقلیتوں کے تحفظ پر`دہرے معیار کا الزام

انہوں نے غزہ کی پٹی میں لاکھوں لوگوں کو انسانی امداد کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہنگامی ضرورت پر بھی زور دیا، اس مقصد کیلئے فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے ’انروا‘ سے کام لینا ہو گا جس کا فلسطینیوں کو مدد پہنچانے میں اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ فلسطینی عوام کی امن و سلامتی اور ان کے ناقابل تنسیخ حقوق کے ساتھ اظہار یکجہتی جاری رکھے گی۔ 
دریں اثناءوزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد کی پُر عزم طریقے سے حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کو فوری طور پر روکنے کیلئے فیصلہ کن کارروائی کرے، غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی جائے۔ جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے پاکستانی عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔ 
اسی طرح جمعہ کوانڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں لوگوں نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ کے سامنے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK