Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اسرائیل کینسر کے مریضوں کو علاج کیلئے غزہ سے باہر جانے دے‘‘

Updated: June 13, 2026, 1:24 PM IST | Washington

۶۲؍ امریکی قانون سازوں کا مطالبہ، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو خط لکھا، ان کے مطابق بیمار بچوں اور ان کے تیمار داروں کے طبی انخلاء کو یقینی بنایا جائے۔

A young man is seen on the rubble of a house in Gaza. PTI
غزہ میں  ایک مکان کے ملبے پر ایک نوجوان نظر آرہا ہے۔ پی ٹی آئی

امریکی کانگریس کے ۶۲؍ سے زائد اراکین نے وزیرخارجہ مارکو روبیو کو خط لکھ کر اسرائیل پر زور دیا ہے کہ غزہ کے کینسر مریضوں، خصوصاً بچوں کو علاج کے لئے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم جانے کی اجازت دی جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خط پر ایوانِ نمائندگان کے ۵۱؍ اور سینیٹ کے۱۱؍ اراکین نے دستخط کئے ہیں۔ اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ بیمار بچوں اور ان کے تیمار داروں کے طبی انخلاء کو یقینی بنایا جائے اور اسرائیل اس بات کی ضمانت دے کہ علاج کے بعد انہیں واپس غزہ آنے دیا جائے گا۔ اسرائیل نے۱۷؍ ہزار فلسطینیوں کو علاج تک رسائی سے روک دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق اس وقت غزہ میں تقریباً۱۱؍ ہزار کینسر کے مریض موجود ہیں جبکہ جنگ کے دوران صحت کا نظام شدید تباہی کا شکار ہو چکا ہے۔ 
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق غزہ کے۹۴؍ فیصد اسپتال تباہ حال ہیں۔ مارچ۲۰۲۵ء میں اسرائیلی افواج نے غزہ کے واحد خصوصی کینسر اسپتال تُرک فلسطینی دوستی اسپتال کو بھی تباہ کر دیا تھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں کینسر کی تشخیص عملاً موت کا پروانہ بن چکی ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق اکتوبر۲۰۲۳ء سے کینسر سے ہونے والی اموات میں ۳؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: دنیا بھر میں ہر۷۰؍ میں سے ایک شخص جبری طور پر بے گھرکیا گیا: اقوام متحدہ

اقوامِ متحدہ کے مطابق طبی انخلاء کی منظوری کے انتظار میں کم از کم۱۲؍سو افراد جان گنوا چکے ہیں جن میں ۶؍سالہ خون کے کینسر میں مبتلا ایک بچہ بھی شامل تھا۔ خط میں غزہ سے طبی راہداری قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ مریضوں کو فلسطینی علاقوں کے دیگر اسپتالوں تک پہنچایا جا سکے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم کے طبی مراکز مریضوں کے علاج کے لئے تیار ہیں اور اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش بھی کر چکے ہیں۔ اراکین کانگریس نے زور دیا ہے کہ غزہ کے کینسر کے مریضوں کو فوری طور پر علاج تک رسائی دی جائے کیونکہ ان کے علاج میں سب سے بڑی رکاوٹ اسرائیلی حکومت کی جانب سے سفری اجازت ناموں کی عدم منظوری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK