راستے بند کرنے کا سلسلہ بھی جاری ۔ یہودی آبادکاروں نےفلسطینیوں پر مزید حملے کئے۔
اسرائیلی فوجی۔ تصویر:آئی این این
اسرائیلی فوج نے اتوار کو فجر کے وقت مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے متعدد علاقوں میں دھاوا بولنے اور گھر گھر تلاشی کی آڑ میں مبینہ لوٹ اور توڑ پھوڑ کی مہم چلائی جس کے دوران گھروں کی تلاشی، گرفتاریوں اور راستے بند کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری جانب یہودی آباد کاروں نے بھی مقامی فلسطینیوں پر مزید حملے کئے ۔ راملہ گورنری میں قابض فوج نے راملہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں المغیر اور صوبے کے شمال میں واقع قصبے سنجل پر دھاوا بولا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کی خبر کے مطابق اسی طرح اس کے شمال میں واقع گاؤں دورا القرع میں بھی تلاشی اور گرفتاریوں کی مہم چلائی گئی۔ اسرائیلی فوج نے البیرہ شہر میں مخیم الامعری کے گردونواح میں ایک گھر پر دھاوا بولا جبکہ مسلح یہودی آباد کاروں نے ترمسعیا قصبے کے مشرقی علاقے میں ایک گھر کے گردونواح پر حملہ کیا۔طوباس گورنری میں اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شمال میں واقع شہر طوباس پر دھاوا بولا اور کارروائی کے دوران ایک گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی۔
نابلس میں اسرائیلی فوج نے الطور چوکی سے شہر میں داخل ہو کر اپنی گاڑیوں کے ذریعے گشت جاری رکھا۔ شہر کے وسط میں شارع فیصل اور التعاون العلوی کے علاقوں میں بھی فوج کا داخلہ دیکھنے میں آیا۔ فوج نے نابلس کے مغرب میں الجنید کے علاقے پر بھی دھاوا بولا جہاں انہوں نے شہید ’محمد ابو بکر‘ کی یادگار کو نقصان پہنچایا۔
نابلس کے جنوب میں واقع قصبے بیتا میں مقامی فلسطینیوں نے یہودی آباد کاروں کی جانب سے الحریق کے علاقے پر کئے گئے حملے کا بھرپور جواب دیا۔طولکرم گورنری میں اسرائیلی فوج نے صوبے کے شمال میں واقع گاؤں قفین پر دھاوا بولا اور تلاشی کے دوران متعدد گھروں کو نشانہ بنایا۔اریحا میں فوج نے شہر کے جنوب میں واقع مخیم عقبہ جبر میں داخل ہو کر کارروائی کی۔الخلیل میں یہودی آباد کاروں نے یطا کے جنوب میں واقع علاقے ’اشکارہ‘ کا داخلی راستہ مٹی کے تودوں سے بند کر دیا جبکہ فوج نے الخلیل کے شمال میں واقع قصبے بیت امر میں ایک گھر پر دھاوا بولا۔مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے شہر کے شمال میں واقع فوجی چوکی ’جبع‘ کو بند کر دیا جس کی وجہ سے مقامی شہریوں کی گاڑیوں کی نقل و حرکت بری طرح متاثر ہوئی۔ قابض فوج نے مخیم قلندیا پر بھی دھاوا بولا اور اس کے قریب واقع محلہ ’الکسارات‘ کی فضاؤں میں اسٹار شیل چھوڑے۔