تہران، اصفہان اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بمباری، ایران نے بھی جواب میں یکے بعد دیگرے میزائل برسائے۔
ایران میں تباہ شد ٹینکر۔ تصویر:آئی این این
ایران جنگ کے ۱۰؍ ویں روز اسرائیلی فوج نے ایران کے اندر اپنے حملوں کو دوبارہ شروع کیا۔فوج نے پیر کو ایک مختصر بیان میں اعلان کیا کہ اس نے ایران کے وسطی علاقوں میں حملوں کی ایک نئی لہر شروع کی ہے۔ اس نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس نے ایرانی نظام کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی ایک اضافی لہر شروع کی ہے۔اس نے مزید کہا کہ اس نے بیلسٹک میزائل لانچنگ پلیٹ فارم کے ساتھ ساتھ داخلی سیکوریٹی فورس اور باسیج کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا ہے۔ اس نے اصفہان میں داخلی سیکوریٹی فورس کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کی طرف بھی اشارہ کیا۔جبکہ ملک کے جنوب میں واقع ایرانی شہر بندر عباس ایئر بیس پر دو میزائلوں سے حملے کی اطلاع ملی ہے جس کے نتیجے میں شدید دھماکے ہوئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق شہر اصفہان میں کئی مقامات، تہران کے دیگر علاقوں اور ملک کے شمال مغرب میں واقع شہر زنجان میں شدید فضائی حملے ریکارڈ کئے گئے۔ اسی طرح گولہ باری تہران کے جنوب مغرب میں واقع شہر رے کے علاقے تک بھی پہنچی۔اس کے جواب میں، ایرانی فوج نے اپنی دھمکیاں دہرائیں اور ایرانی ہیڈ کوارٹر نے کہا کہ ’’کمانڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں ہم امریکہ اور دیگر دشمنوں کو اپنے خلاف کسی بھی جارحیت پر پچھتانے پر مجبور کر دیں گے۔دوسری طرف پاسداران انقلاب ایران نے نئے سپریم لیڈر سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا۔ سرکاری میڈیا کی طرف سے نشر کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ پاسداران انقلاب، سپریم لیڈر کے ایک مضبوط سپاہی اور بازو کی حیثیت سے، لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے احکامات پر عمل کرنے کیلئے تیار ہے، ساتھ ہی ساتھ مجلس خبرگان کے انتخاب کی بھی حمایت کرتا ہے۔
ایران اس سے قبل اسرائیل کی جانب مزید میزائل داغ چکا تھا۔ اسی اثنا میں، کئی خلیجی ممالک نے اپنی سرزمین کے اوپر ڈرون اور میزائلوں کو ناکام بنانے کا اعلان کیا۔ بحرین نے اشارہ کیا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب جزیرہ سترہ پر ایرانی ڈرون حملے کے نتیجے میں ۳۲؍ افراد زخمی ہوئے۔اسی طرح قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یہ اطلاع فرانسیسی خبر رساں ادارے نے دی۔ قطری وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ اس کی افواج نے ایک میزائل حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔کویتی وزارت دفاع نے بھی ملک پر میزائلوں اور ڈرون کے نئے حملے کا اعلان کیا اور تصدیق کی کہ فضائی دفاعی نظام نے ایرانی بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور ڈرونز کا مقابلہ کیا۔ واضح رہے کہ حکام کی جانب سے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق کویت کو سات میزائلوں اور پانچ ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا تھا۔سعودی عرب میں، وزارت دفاع نے دو ڈرونز کو مار گرانے کا اعلان کیا جو ملک کے جنوب مشرق میں شیبہ آئل فیلڈ کی طرف جا رہے تھے۔یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب جنگ کے مزید کئی ہفتوں تک جاری رہنے کی توقعات ہیں۔ اسرائیلی فوج کے تخمینوں کے مطابق ایران کے خلاف جنگ کم از کم ایک ماہ تک جاری رہے گی۔