Inquilab Logo

طالبان کے انکار کے بعد استنبول کانفرنس ملتوی

Updated: April 22, 2021, 10:40 AM IST | Agency | Washington

رمضان تک کیلئے موخر کرنے کا اعلان مگر آئندہ کی تاریخ کا کوئی اعلان نہیں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

ترکی کے وزیرِ خارجہ  مولود چاوش اوغلو  نے کہا ہے کہ ۲۴؍ اپریل کو افغانستان میں قیامِ امن کیلئے استنبول میں ہونے والی مجوزہ کانفرنس رمضان کے بعد تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔اطلاع کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے یہ بات ترکی کے مقامی میڈیا کو  بتائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی تیاریوں میں بعض مسائل کی وجہ سے کانفرنس ملتوی کی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ طالبان نے کانفرنس میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی تھی یا نہیں۔ اس سے قبل منگل کے روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس  کے ترجمان نے  استنبول کانفرنس میں طالبان کے شرکت نہ کرنے کی میڈیا رپورٹ پر براہ راست سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کانفرنس کے ملتوی ہونے کی تصدیق نہیں کر سکتے۔تاہم ترجمان نے  کہا تھا کہ اقوام متحدہ، طالبان اور افغانستان کی حکومت دونوں فریقوں کے نمائندوں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ بین الافغان مذاکرات کے عمل کو مضبوط بنایا جا سکے۔   جینیوا میں روزانہ کی بریفنگ کے دوران جب افغانستان کیلئے اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن جوجورس سے استبول کانفرنس کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ڈیبرا لائنز پچھلا پورا ہفتہ دوحہ میں قیام پذیر ر ہیں۔ افغان فریقوں کے ساتھ گفتگو میں بین الاقوامی کمیونٹی بہترین انداز میں مدد فراہم کر رہی ہے تاکہ ایک پائیدار سیاسی تصفیے کیلئے مذاکرات میں پیش رفت ہو سکے۔  اسٹیفن جوجورس کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ اس وقت بین الافغان مذاکرات پر ہے جو آگے کی راہ کیلئے انتہائی اہم مرحلہ ہے۔اس موقع پر ترجمان سے جب براہ راست سوال کیا گیا کہ آیا وہ استنبول کانفرنس کے ملتوی ہونے کی خبروں کی تصدیق کر سکتے ہیں تو ان کا کہنا تھا ’’ میں ایسا نہیں کر سکتا‘‘  واضح رہے کہ مذکورہ کانفرنس  اس بات کا فیصلہ کرنے کیلئے منعقد کی جا رہی تھی کہ افغانستان میں آئندہ حکومت کیسی ہو؟ طالبان نے اس میں شرکت کیلئے حامی بھری تھی لیکن اس  دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے معاہدے کے مطابق یکم مئی تک افغانستان سے فوج واپس بلانے سے انکار کر دیا۔ تب طالبان نے اس کانفرنس میں یہ کہتے ہوئے شریک ہونے سے انکار کر دیا کہ جب معاہدہ ہی باقی نہ رہا تو اب کسی سے کوئی گفتگو کرنے کا کیا فائدہ؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK