Inquilab Logo

تاریخ بدلنے والوں سے ملک کو بچانے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے

Updated: May 30, 2023, 10:43 AM IST | patna

بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں سے اپیل، کہا کہ وہ لوگ کام نہیں کررہے ہیں ، صرف تشہیر کررہے ہیں، ان سے نجات ضرور ی ہے

Bihar Chief Minister Nitish Kumar and Deputy Chief Minister Tejashwi Yadav
بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو

جے ڈی یو ہیڈکوارٹرز میں واقع کر پوری آڈیٹوریم میں بہارجے ڈی یو کے انچارج عہدیداروں کی ۲؍ روزہ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ تاریخ بدلنے والوں سے ملک کو بچانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے یہ ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ جے ڈی یو کی اس اہم میٹنگ میں جے ڈی یو کے قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، پارٹی کے سینئر لیڈر وشسٹھ نارائن سنگھ، ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا، ایم ایل سی سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، نیرج کمار اور  رویندر پرساد سنگھ سمیت تمام ہیڈ کوارٹرز انچارج، سیل کے ریاستی صدور اور ریاستی ترجمان موجود تھے۔
 اس دوران اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ کچھ لوگ تاریخ بدلنا چاہتے ہیں، ایسے لوگوں سے ملک کو بچانا ہے۔ ان لوگوں نے ہر چیز پر قبضہ کررکھا ہے، سب کچھ یک طرفہ ہو رہا ہے۔ یہ لوگ کام نہیں کر رہے ہیں بلکہ صرف تشہیر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ بتاؤ بھلا ملک میں کون سا نیا کام ہو رہا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ ان لوگوں نے۱۹۹۸ء سے۲۰۰۴ء کے درمیان کام کو بھی مکمل نہیں کیا؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہار کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن نہیں ملا۔ غربت کے باوجود ہم نے ترقی کے تمام کام کئے۔
  نتیش کمار نے کہا کہ ہم نے بہار میں مذہبی جنون کو صفر کر دیا ہے، لیکن کچھ لوگ اب اسے دوبارہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ذات کی گنتی کے حق میں ہیں، لیکن کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ایسا نہ ہو۔ آپ جب بھی اچھا کام کریں گے، کہیں نہ کہیں سے آپ کو روکنے کی کوشش ہوگی، لیکن ہمیں اپنا کام کرنا ہے۔ جے ڈی یو واحد پارٹی ہے جس میں تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگ ہیں۔ انہوں نے اپنے کارکنوں اور ذمہ داروں سے کہا کہ اپنے کام کے ساتھ آپ ہر گھر میں جائیں،  سب سے بات کریں اور ان سے تجاویز حاصل کریں۔ انہوں نےکہا کہ جب ہم نے عظیم اتحاد بنایا تو ملک کی کئی سیاسی پارٹیوں نے ہمیں مبارکباد دی۔ ہم اپوزیشن اتحاد کے کام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ جلد ہی اس کا بامعنی نتیجہ سامنے آئے گا۔
 راجیہ سبھا کے سینئر رکن اور سابق ریاستی صدر وشسٹھ نارائن سنگھ نے کہا کہ ملک کے کسی وزیر اعلیٰ نے اتنے دورے نہیں کئے جتنے کہ نتیش کمار نے کئے ہیں۔ وہ عوام کے درمیان جا کر، اپنی آنکھوں سے تصویر دیکھ کر منصوبے بناتے ہیں، سیکریٹریٹ کے چیمبر میں بیٹھ کر نہیں۔ ان کی قیادت میں ایک طرف بہار بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے تو دوسری طرف بہار ملک کو سمت بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مرکز میں بیٹھے لوگ جو کچھ کررہے ہیں اس کے خلاف ایک بڑی تحریک کی ضرورت ہے۔ یہ لوگ نہ صرف پارلیمانی روایات بلکہ ملک کی علامت سمجھے جانے والے اشوک ستون کو بھی بدل رہے ہیں ۔ ایسے آمرانہ رجحانات کے خلاف بھرپور مزاحمت ہونی چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK