• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہالی ووڈ میں واپسی پر جانی ڈیپ کا مداحوں کے نام جذباتی پیغام، کہا ’’میں ان کا مقروض ہوں‘‘

Updated: November 11, 2026, 6:05 PM IST | New York

ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم’’پائریٹس آف دی کیریبین‘ سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے جانی ڈیپ نے طویل وقفے کے بعد بڑے ہالی ووڈ اسٹوڈیو کی فلم کے ذریعے واپسی پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

Johnny Depp.Photo:INN
جانی ڈیپ۔ تصویر:آئی این این

ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم’’پائریٹس آف دی کیریبین‘ سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے جانی ڈیپ  نے طویل وقفے کے بعد بڑے ہالی ووڈ اسٹوڈیو کی فلم کے ذریعے واپسی پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اداکار کا کہنا ہے کہ وہ ان تمام مداحوں کے مقروض ہیں جنہوں نے مشکل حالات اور تنازعات کے دوران بھی ان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ جانی ڈیپ نے اپنی نئی فلم ’ایبینیزر‘ کے لندن پریمیئر کے موقع پر مداحوں کی محبت اور پذیرائی پر جذباتی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان احساسات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔ ان کے مطابق یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اچھے اور برے دونوں وقتوں میں ان کی حمایت کی اور وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:کارتک آرین کی فلم’ ’ناگ زیلا‘‘ میں پرتیبھا رنتا شامل نہیں

جانی ڈیپ کی نئی فلم ’’ایبینیزر‘‘ ان کی تقریباً آٹھ سال بعد کسی بڑے امریکی فلمی اسٹوڈیو کے ساتھ پہلی بڑی فلم ہے۔ اس سے قبل وہ ۲۰۱۸ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’فینٹاسٹک بیسٹس: دی کرائمز آف گرائنڈل والڈ‘‘   میں نظر آئے تھے، جس میں انہوں نے جیلرٹ گرائنڈل والڈ کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد سابق اہلیہ اداکارہ امبر ہرڈ کے ساتھ قانونی تنازعات اور عدالتی کارروائیوں کے باعث ان کے ہالی ووڈ کی بڑی فلموں میں کام کرنے کا سلسلہ متاثر ہوا۔ تاہم اس دوران انہوں نے آزاد فلموں اور بین الاقوامی سنیما میں اپنی اداکاری کا سفر جاری رکھا۔’ایبینیزر‘ میں ایبینیزر اسکروج کا مرکزی کردارفلم ’ایبینیزر‘ مشہور برطانوی ناول نگار چارلس ڈکنز  کے شہرۂ آفاق ناول ’اے کرسمس کیرول‘کی نئی فلمی پیش کش ہے۔ اس فلم میں جانی ڈیپ نے ایبینیزر اسکروج کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، جو ایک سرد مزاج، خود غرض اور دولت سے بے حد محبت کرنے والا شخص ہوتا ہے۔ کہانی میں اس کی زندگی اس وقت بدلنے لگتی ہے جب اسے ماضی، حال اور مستقبل کی روحوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اسے اپنی زندگی، رویے اور انسانیت کے بارے میں دوبارہ سوچنے کا موقع ملتا ہے۔
فلم کی ہدایت کاری معروف امریکی فلم ساز ٹی ویسٹ   نے کی ہے، جبکہ پیراماؤنٹ پکچرز   نے اسے تیار کیا ہے۔ فلم میں جانی ڈیپ کے علاوہ روپرٹ گرنٹ، آندریا رائز برو، سیم کلافلن، ڈیزی رڈلی، ٹرامیل ٹل مین اور ایان میک کیلن بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم ۱۳؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ 
جانی ڈیپ اور ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کے درمیان قانونی تنازعات نے ان کے کریئر کو خاصا متاثر کیا تھا۔ دونوں کے درمیان عدالتی کارروائیوں نے عالمی سطح پر میڈیا کی توجہ حاصل کی۔ ۲۰۲۲ء میں امریکہ میں ہونے والے ہتک عزت کے مقدمے میں جیوری نے امبر ہرڈ کو جانی ڈیپ کے خلاف دائر مقدمے کے تینوں الزامات میں ذمہ دار قرار دیا، جبکہ ڈیپ کو بھی ہرڈ کے جوابی مقدمے کے ایک الزام میں ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ بعد ازاں دونوں نے دسمبر ۲۰۲۲ء میں معاملہ طے کرلیا تھا۔ان واقعات کے بعد جانی ڈیپ نے بڑی ہالی ووڈ پروڈکشنز سے دوری اختیار کرلی تھی، تاہم انہوں نے فلمی دنیا سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار نہیں کی۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی فوجیوں کیلئے کیٹی پیری کا نجی کنسرٹ، چوطرفہ مذمت

 ۲۰۲۳ء میں انہوں نے فرانسیسی تاریخی فلم ’ژان ڈو بیری‘ میں کام کیا، جس کا پریمیئر کانز فلم فیسٹیول میں ہوا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اطالوی مصور امیڈیو موڈیلیانی کی زندگی پر مبنی فلم ’موڈی: تھری ڈیز آن دی ونگ آف میڈنس‘ کی ہدایت کاری بھی کی۔ ’’پائریٹس آف دی کیریبین‘‘ میں واپسی کے بھی امکانات جانی ڈیپ کی ہالی ووڈ واپسی کے ساتھ ہی ان کی مشہور فلمی سیریز’ ’پائریٹس آف دی کیریبین‘‘ میں دوبارہ کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار ادا کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہورہی ہے۔ اداکار نے حالیہ انٹرویوز میں اس کردار میں واپسی کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فلمی سیریز کو ایک اچھے اور یادگار اختتام تک پہنچانے کا مناسب منصوبہ بنایا جائے تو وہ اس میں اپنی شمولیت پر غور کرسکتے ہیں۔انہوں نے فلم کے معروف پروڈیوسر جیری بروک ہائمر کے ساتھ کام کرنے پر بھی اعتماد ظاہر کیا ہے۔ جیری بروک ہائمر نے بھی جانی ڈیپ کی واپسی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ تاہم چھٹی فلم میں ان کی شمولیت کے بارے میں ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK