ٹرین میںاپنے سینئر سمیت ۴؍ مسافروں کو گولی مارنے کے ملزم چیتن سنگھ نے خود کو بیمار بتا کر ایک بار پھر ضمانت کی عرضی داخل کی ہے
EPAPER
Updated: December 16, 2025, 10:50 PM IST | Mumbai
ٹرین میںاپنے سینئر سمیت ۴؍ مسافروں کو گولی مارنے کے ملزم چیتن سنگھ نے خود کو بیمار بتا کر ایک بار پھر ضمانت کی عرضی داخل کی ہے
ماضی میں خود کو ذہنی مریض بتا کر ضمانت حاصل کرنے کی ناکام کوشش کرنے والے چیتن سنگھ چودھری نے ایک بار پھر اپنے آپ کو بیمار بتاتے ہوئے ضمانت کی عرضی داخل کی ہے جس پر جج نے ایک بار پھر اس کی طبی جانچ کروانے کا حکم جاری کردیا ہے۔
یاد رہے کہ اس نے اس مرتبہ ضمانت کی جو عرضی داخل کی ہے اس میں کہا ہے کہ اسے ’وہائٹ میٹر ڈیزیز‘ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے اسے واردات کے تعلق سے کچھ بھی یاد نہیں۔ دوسری بیماری اس نے ’ڈیلیوزنل ڈِس آرڈر‘ بتائی ہےجس کی وجہ سے اسے خیالی سائے وغیرہ نظر آتے ہیں۔ ضمانت کے لئے اس نے دیگر وجہ یہ بھی بیان کی ہے کہ کیس کی تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہے اس لئے اسے قید میں رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔
پیر کو اس کی ضمانت کی عرضی پر بحث ہونی تھی لیکن جب یہ معاملہ سماعت کے لئے عدالت میں آیا تو ایڈیشنل سیشن جج ایم ایچ پٹھان نے تھانے جیل کے منتظمین کو حکم جاری کردیا کہ اس کی طبی جانچ کروائی جائے اور ۱۹؍ دسمبر کی اس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ واضح رہے کہ چیتن کو فی الحال تھانے جیل میں رکھا گیا ہے۔اس کی ضمانت کی عرضی پر وکیل استغاثہ نے تحریری جواب داخل کیا ہے جس میں چیتن کو ضمانت دینے کی مخالفت کی ہے۔ اسی طرح اس کی گولی سے جان گنوانے والے ایک شخص کی بیوہ نے بھی مداخلت کی عرضی کے ساتھ ضمانت پر جواب داخل کرکے اسے ضمانت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذہنی بیماری کا بہانہ بنا رہا ہے۔ اسے کوئی بیماری نہیں ہے اور اس نے جو کچھ کیا وہ نفرت کی وجہ سے کیا تھا۔
یاد رہے کہ چیتن نے ماضی میں بھی ایک سے زائد مرتبہ خود کو ذہنی بیمار بتاتے ہوئے ضمانت کی عرضی داخل کی تھی۔ البتہ ایک مرتبہ اُس وقت کے جج نے مقدمہ کی سماعت پرروک لگا کر چیتن کو اسپتال بھیج دیا تھا اور پھر جب ڈاکٹروں نے اس کا علاج مکمل ہوجانے کی تصدیق کی تھی تب شنوائی دوبارہ شروع ہوئی تھی۔