Inquilab Logo Happiest Places to Work

مملکت میں پھنسے مسافروں کی رہائش کا خرچ حکومت برداشت کرے گی: یو اے ای

Updated: March 02, 2026, 9:11 PM IST

ابوظہبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت نے تصدیق کی ہے کہ فضائی حدود کی بندش کے باعث متحدہ عرب امارات میں پھنسے مسافروں اور سیاحوں کی رہائش کے اخراجات ریاست برداشت کرے گی۔ ہزاروں متاثرہ مسافروں کے لیے کھانے، عارضی قیام اور ری بکنگ کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

ابو ظہبی کے ڈپارٹمنٹ آف کلچر اینڈ ٹورزم نے ہوٹلوں کو جاری سرکیولر میں ہدایت دی کہ وہ ایسے مہمانوں کے قیام میں توسیع کریں جو اپنی چیک آؤٹ تاریخ پر پہنچ چکے ہیں مگر غیر متوقع حالات کے باعث سفر نہیں کر سکتے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ’’موجودہ حالات کی روشنی میں، ہم درخواست کرتے ہیں کہ مہمانوں کے قیام کو اس وقت تک بڑھایا جائے جب تک وہ روانہ ہونے کے قابل نہ ہوں۔‘‘ 

جنرل سول ایوی ایشن اتھاریٹی نے اعلان کیا کہ ریاست متاثرہ مسافروں کے تمام میزبانی اور رہائش کے اخراجات برداشت کر رہی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی شروع کی گئی جنگ کے جواب میں ایرانی میزائل حملوں اور خطے میں کشیدگی کے باعث یو اے ای کی ایئر لائنز نے پیر تک پروازوں کی معطلی میں توسیع کر دی ہے۔ ہفتے کی سہ پہر ہوائی اڈے بند کیے گئے تھے جب امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد جوابی کارروائی میں میزائل خطے کے اوپر سے گزرے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی ٹھکانوں پرایرانی حملوں کے سبب مشرق وسطیٰ میں فضائی خدمات متاثر

۲۰؍ ہزار سے زائد مسافر متاثر

سرکاری بیان کے مطابق تقریباً ۲۰؍ ہزار مسافروں کی پروازیں متاثر ہوئیں۔ متاثرین کے لیے عارضی رہائش، کھانے اور ریفریشمنٹ اور ری بکنگ کی سہولتفراہم کی گئی ہے تاکہ آپریشنل ایڈجسٹمنٹ کے دوران بنیادی خدمات جاری رہیں۔

نجی شعبے کی پیش قدمی

حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ نجی کمپنیاں بھی آگے آئیں۔ عربین بی این بی ہومز نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ’’اگر آپ آج رات دبئی میں پھنسے ہوئے ہیں تو ہم اپنے کچھ اپارٹمنٹس مفت کھول رہے ہیں۔‘‘ کمپنی کے شریک بانی ہریشن راہیجا کے مطابق ابتدائی طور پر چھ سے سات خاندانوں کو براہ راست مدد دی گئی، اور مزید گنجائش موجود ہے۔ انسٹاگرام پوسٹ کو ۳۰؍ ہزار سے زائد لائکس ملے، جس کے بعد دیگر میزبانوں نے بھی اپنی جگہیں مفت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ اسی طرح دنوبے پراپرٹیز نے بھی اعلان کیا کہ وہ دبئی میں پھنسے افراد کو مفت رہائش فراہم کریں گے، خاص طور پر بچوں اور بزرگوں والے خاندانوں کو ترجیح دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: ایران کا دوٹوک اعلان: امریکہ سے مذاکرات نہیں، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

انسانی ہمدردی اور یقین دہانی

راہیجا نے کہا کہ ’’لوگوں کو صرف سر پر چھت نہیں چاہیے، انہیں یقین دہانی اور واضح معلومات کی ضرورت ہے کہ کوئی ان کا خیال رکھ رہا ہے۔‘‘ یو اے ای میں جاری کشیدگی کے باوجود حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK