• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان : حاجی ملنگ پر ملک کی سب سے بڑی اور لمبی فینیکولر ٹرین کا افتتاح

Updated: January 19, 2026, 5:08 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

زائرین کو بڑی راحت ملے گی۔۲ ؍گھنٹے کا فاصلہ اب صرف ۵؍تا۷؍ منٹ میں طے کرسکیں گے۔

View of the inauguration of the funicular. Picture: INN
فینیکولرٹرین کے افتتاح کا منظر۔ تصویر: آئی این این
تقریباً ۲۲ ؍ برس کے طویل انتظار کے بعد کلیان میں حاجی ملنگ باباپہاڑی   پر بالآخر   فینیکولر ٹرین کا باقاعدہ افتتاح مقامی اراکین اسمبلی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ واضح رہے کہ حضرت حاجی عبدالرحمٰن شاہ المعروف حاجی ملنگ باباؒ کی درگاہ تک  پہنچنے کیلئے زائرین کو تقریباً ۲۶۰۰ ؍ سیڑھیاں چڑھنا پڑتی تھیں جس میں دو سے ڈھائی گھنٹے کا وقت صرف ہوتا تھا۔ تاہم فینیکولر ٹرین کے آغاز کے بعد یہ دشوار گزار سفر اب محض ۵؍تا ۷ منٹ میں مکمل ہو جائے گا جس سے بزرگوں، خواتین اور معذور زائرین کوکافی سہولت ملےگی۔ قابل ذکر بات ی ہ ہے کہ یہ فینیکولر (کیبل ریلوے) سروس ملک کی طویل ترین سروس ہے جسے خطے میں مذہبی سیاحت کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اتوار کی صبح رکن اسمبلی کشن کھتورے اور رکن اسمبلی سلبھا گائیکواڑ کے ہاتھوں جدید ترین    فینیکولر ٹرین کا باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشن کھتورے نے بتایا کہ اس منصوبے کی ابتدائی تجویز انہوں نے سب سے پہلے  ۲۰۰۴ ءمیں پیش کی تھی جسے اس وقت کے وزیر اعلیٰ ولاس راؤ دیشمکھ نے منظوری بھی دے دی تھی۔ تاہم سیاسی اور انتظامی وجوہات کے باعث یہ اہم منصوبہ طویل عرصے تک التواء کا شکار رہا۔بالآخر موجودہ حکومت نے   ۲۰۱۲ ءمیں اس منصوبے کے تعمیراتی کام کا باضابطہ آغاز کیا جو مختلف مراحل سے گزرتا ہوا ۲۰۲۵ ءمیں پایۂ تکمیل کو پہنچا۔
فینیکولر ٹرین کی تعمیر کرنے والی کمپنی سپریم سہیوگ کے سائٹ انجینئر سید ناصر حسین نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ فینیکولر ٹرین روزانہ صبح ۸؍ بجے سے رات ۸ ؍بجے تک ہر دس منٹ کے وقفے سے چلائی جائے گی۔ اس سروس کا کرایہ ۱۵۰ ؍روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ۱۲ ؍گھنٹوں کے اندر واپسی کی صورت میں یہی ٹکٹ قابل استعمال ہوگا۔ اس کے علاوہ ۷۵ ؍سال یا اس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں اور ۳؍سے ۱۲ ؍سال تک کے بچوں کیلئے نصف کرایہ رکھا گیا ہے۔
اس ضمن میں انقلاب نے حاجی ملنگ بابا کی درگاہ سے متصل علاقے میں مقیم عبدل بھائی عرف بابا جی سے گفتگو کی۔ انہوں نے فینیکولر ٹرین شروع ہون پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت نہ صرف زائرین کیلئے نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی بلکہ مقامی باشندوں کیلئے آمدورفت میں آسانی پیدا کرے گی۔وہیں پہاڑ پر پھولوں کی دکان چلانے والے ضمیر شیخ نے بتایا کہ اب تک پہاڑی علاقے میں رہنے والے افراد کو روزمرہ آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا خصوصاً بیمار افراد کو اسپتال پہنچانا ایک بڑا مسئلہ بن جاتا تھا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فینیکولر ٹرین   شروع ہونے سے نہ صرف یہ مشکلات کم ہوں گی بلکہ عقیدتمندوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK