کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی)میں رواں مالیاتی سال کے دوران پراپرٹی ٹیکس کی وصولی توقعات سے کم رہی جس کے باعث کارپوریشن کی آمدنی میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔
کے ڈی ایم سی ۔تصویر: آئی این این
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی)میں رواں مالیاتی سال کے دوران پراپرٹی ٹیکس کی وصولی توقعات سے کم رہی جس کے باعث کارپوریشن کی آمدنی میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ ۶۰۰؍ کروڑ روپے کے ہدف کے مقابلے میں تقریباً ۴۰۷؍ کروڑ روپے کی وصولی ہو سکی جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر ۱۹۲؍ کروڑ روپے سے زائد کی کمی سامنے آئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یکم اپریل ۲۰۲۵ء سے ۳۰؍ مارچ ۲۰۲۶ء تک کے مالیاتی سال میں کے ڈی ایم سی کے محکمۂ مالیات نے بقایا اور جاری دونوں زمروں میں ٹیکس وصولی کی مہم چلائی۔ پیر کے روز مالیاتی سال کے آخری دن میونسپل کارپوریشن کے مختلف وارڈز کے عملے نے تقریباً ۱۱؍ کروڑ روپے کی اضافی وصولی کی۔ میونسپل انتظامیہ نے بجٹ میں بقایا ٹیکس کی مد میں ۲۳۶؍ کروڑ اور جاری ٹیکس کی مد میں ۔۳۶۴؍ کروڑ روپے یعنی مجموعی طور پر ۶۰۰؍ کروڑ روپے کی وصولی کا ہدف مقرر کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بقایا رقم میں سے تقریباً ۱۲۶ ؍کروڑ ۴۴ لاکھ روپے جبکہ جاری سال کے ٹیکس میں سے ۲۹۰ ؍ کروڑ ۵۱ ؍لاکھ روپے وصول کئے جا سکے ہیں۔اس دوران میونسپل کمشنر ابھینو گوئل نے ۲؍ ماہ قبل ہی محکمۂ پراپرٹی ٹیکس کے افسران اور عملےکو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقررہ ہدف پورا نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔اسی سلسلے میں۱۵؍ دن قبل محکمۂ پراپرٹی ٹیکس کے ۱۱۲؍ ملازمین کو انفرادی طور پر وصولی کے اہداف بھی دئیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ایف وارڈ کے اسسٹنٹ کمشنر پرشاد ٹھاکر اور ان کی ٹیم نے مقررہ ہدف سے تقریباً ۳؍کروڑ روپے زیادہ وصولی کی جب کہ ’ای‘ وارڈ میں سب سے کم ٹیکس وصول ہوا۔ مجموعی طور پر میونسپل کارپوریشن تقریباً ۶۴؍فیصد ہدف حاصل کر سکی۔یاد رہے کہ پراپرٹی ٹیکس میونسپل کارپوریشن کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔