میونسپل کارپوریشن کےعملے نے نوٹس جاری کئے بغیر باسی عید کو ہائی پروفائل ہاؤسنگ سوسائٹی میں پانی کی سپلائی منقطع کردی۔
پانی کی سپلائی منقطع کئے جانے سے مکینوں میں غصہ اور ناراضگی دیکھی جا سکتی ہے- تصویر:آئی این این
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کی جانب سے ٹیکس وصولی کے نام پر شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کاافسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ کارپوریشن کے حکام نے بقایا جات کی وصولی کے لئے اخلاقی اور قانونی حدود کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سرودے ساگر اور سرودے شرشٹھی نام کی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا پانی کا کنکشن منقطع کر دیا ہے۔ عین عید کے موقع پر پانی کنکشن کٹ کرنے سے مکیں پانی کی ایک ایک بوند کو ترس گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پتری پل پر واقع سرودے ساگر اور سرودے شرشٹھی نام کی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں کُل ۳۲۲؍خاندان آباد ہیں جن میں سے ۳۱۲؍ مکینوں نے اپنا پورا پراپرٹی ٹیکس بروقت جمع کرا دیا ہے۔ تاہم کے ڈی ایم سی انتظامیہ نے صرف ۱۰؍ نادہندگان کے بقایاجات کی بنیاد پر دونوں سوسائٹیوں کو اجتماعی سزا دیتے ہوئے پانی کی فراہمی روک دی۔
متاثرہ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی کسی بھی پیشگی اطلاع یا قانونی نوٹس کے بغیر عمل میں لائی گئی جو کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔مشتعل مکینوں نے میونسپل حکام پر بدتمیزی اور دھمکانے کے سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ’ٹیکس بھرو ورنہ پانی بند‘ جیسی دھمکیاں دے کر انہیں ہراساں کیا گیا۔ بالخصوص عید کے پُرمسرت موقع پر ایسی سخت کارروائی سے عوام میں میونسپل انتظامیہ کے تئیں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ اتوار کی تعطیل کے باعث بینک بند ہونے کی وجہ سے کئی رہائشی فوری ادائیگی سے قاصر تھے لیکن حکام نے کسی بھی قسم کی رعایت دینے سے صاف انکار کر دیا۔
اشفاق شیخ(مکین) نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ہم لاکھوں روپے ٹیکس کی مد میں ادا کرتے ہیں لیکن اس کے بدلے ہمیں ’چور‘ کہہ کر ذلیل کیا گیا۔ پانی ایک بنیادی انسانی حق ہے چند افراد کی غلطی کی سزا پوری سوسائٹی کو دینا کہاں کا انصاف ہے؟ اگر متعلقہ افسران کے خلاف فوری کارروائی نہ کی گئی تو ہم راستہ روکو تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔اس واقعہ کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے اور شہریوں نے انتظامیہ کے اس آمرانہ رویے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔
اس بارے میں ’سی‘ وارڈ کے آفیسر دھننجے تھورات نے کہا کہ میونسپل کمشنر کی ہدایت ہے کہ جن سوسائٹیوں پر پراپرٹی ٹیکس بقایا ہے ان کا پانی کنکشن منقطع کیا جائے، ہم نے صرف حکم کی تعمیل کی ہے اگر مکینوں کو شکایت ہے تو وہ متعلقہ محکمہ سے رابطہ قائم کرے۔