• Thu, 18 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان : سینئر کارپوریٹر ارون گید اور ان کی ہمشیرہ وندنا گید شیوسینا (شندے) میں شامل

Updated: December 18, 2025, 3:31 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نریندر پوار کا شندے سینا پر سخت حملہ ،اس عمل کو پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوہری پالیسی ناقابل قبول ہے۔

Arun Gaid and Vandana Gaid with Eknath Shinde. Picture: Inquilab
ارون گید اور وندنا گید ایکناتھ شندے کےساتھ ۔ تصویر: انقلاب

بی جے پی اور شیو سینا (شندے) کے درمیان سیاسی توڑ پھوڑ اور رہنماؤں کو اپنی صفوں میں شامل کرنے کے معاملے پر حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ دونوں اتحادی پارٹیوں کے درمیان یہ اختلافات اس وقت تازہ ہو گئے جب کلیان کے سینئر کارپوریٹر ارون گید اور ان کی ہمشیرہ وندنا گید نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں شیو سینا میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نے شندے سینا پر سخت حملہ کیا اور اس عمل کو پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ اس تبصرے نے دونوں پارٹیوں کے تعلقات میں مزید تلخی پیدا کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کچھ ہی عرصہ قبل بی جے پی اور شیوسینا( شندے) کے درمیان یہ غیر تحریری معاہدہ طے پایا تھا کہ ایک دوسرے کے عہد یداروں اور کارکنوں کو اپنی پارٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ تاہم کلیان کے سینئر کارپوریٹر ارون گید اور ان کی بہن وندنا گید کی شیو سینا میں شمولیت نے اس معاہدے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نریندر پوار نے اس اقدام پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیو سینا کی یہ دوہری پالیسی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جب دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کے کارکن نہیں لینے کا فیصلہ کیا تھا تو پھر گید بھائی بہن کو شیو سینا میں شامل کرنے کی کیا ضرورت پیش آگئی؟نریندر پوار نے مزید دعویٰ کیا کہ کلیان، ڈومبیولی، الہاس نگر، امبرناتھ اور بدلاپور کے درجنوں شیو سینا کے کارپوریٹر بی جے پی میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے شیو سینا کو متنبہ کیا کہ اگر اس قسم کے اقدامات جاری رہے تو بی جے پی بھی اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کرے گی۔ادھر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ارون گید اور وندنا گید کی شیو سینا میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو  کلیان کی مقامی سیاست میں ایک نئے محاذ آرائی کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK