• Sat, 06 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: مصروف ترین سڑک بند ہونے سے طلبہ کا تعلیمی نقصان!

Updated: December 06, 2025, 11:20 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

تعمیراتی کام کے دوران پائپ لائن پھٹ جانے اورراستہ بند ہونے سے ایک اسکول کو ۳؍دنوں سے بند رکھا گیا۔

Picture: INN
تصویر:آئی این این
ممبئی میٹرو پروجیکٹ کے جاری تعمیراتی کام کے دوران شہر کے مکینوں خصوصاً اسکولی طلبہ کو ایک غیر متوقع اور سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔ تعمیراتی کام کے بیچ ایک بڑی پانی کی پائپ لائن اچانک پھٹ گئی جس کے باعث شہر کی مصروف ترین سڑک گزشتہ ۳؍ دنوں سے مکمل طور پر بند ہے۔اس ٹریفک جام اور راستہ بندی کا سب سے زیادہ اثر علاقے کے سب سے بڑے اسکول پر پڑا ہے جسے مجبوری میں تعطیل کا اعلان کرنا پڑا۔ نتیجتاً تقریباً ۳۰۰۰؍ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور مسلسل رکاوٹ سے ان کی قیمتی پڑھائی کا بڑا نقصان ہورہا ہے۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ میٹرو حکام اور مقامی انتظامیہ صورت حال پر فوراً قابو پائیں تاکہ نہ صرف ٹریفک نظام بحال ہو سکے بلکہ بچوں کی تعلیم بھی مزید متاثر نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی دوپہر کو بیل بازار کے  میں کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی  ایم سی )کی ایک اہم پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی۔ اس بڑے رساؤ کے نتیجے میں علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور پائپ لائن کی فوری مرمت ناگزیر ہو گئی۔ اس مرمتی کام کو انجام دینے کے لئے بیل بازار سے گرو دیو ہوٹل کی طرف جانے والی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔اس سڑک پر میٹرو پروجیکٹ کی تعمیر جاری ہے جس سے پہلے ہی شہری شدید ٹریفک جام کا سامنا کر رہے تھے۔ لیکن سڑک کی مکمل بندش کا سب سے زیادہ خمیازہ کے سی گاندھی اسکول کو بھگتنا پڑا۔ چونکہ یہ اسکول اسی شاہراہ پر واقع ہے جہاں تقریباً ۳۰۰۰ ؍بچے زیر تعلیم ہیں اسکول بسوں کی آمدورفت مکمل طور پر ٹھپ ہو گئی۔ طلبہ کی آمدورفت میں پیش آنے والی شدید تکلیف اور غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر، اسکول انتظامیہ کو بدھ سے لے کر جمعہ مسلسل ۳؍ دن اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔اسکول کی ڈائریکٹر سوپرالی راناڈے نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سڑک بند ہونے سے طلبہ کی صرف روزمرہ کی پڑھائی ہی متاثر نہیں ہوئی ہے بلکہ یہ تعطل عین اس وقت آیا ہے جب اسکولوں میں امتحانات کا دور چل رہا ہے۔ اس کے علاوہ اسکول میں منعقد ہونے والے کئی اہم ثقافتی اور تعلیمی پروگرام بھی متاثر ہوئے ہیں جن میں طلبہ کو حصہ لینا تھا۔ 
اس ضمن میں کے ڈی ایم سی کے واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کرنے پر ایگزیکٹو انجینئر مہیش ڈاورے نے تصدیق کی کہ مرمت کا کام جمعہ کو صبح سویرے مکمل کر لیا گیا ہے۔  انہوں نے یقین دلایا ہے کہ آج شام تک اس شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔ اس اعلان سے شہریوں اور خصوصاً اسکول جانے والے ہزاروں طلبہ اور ان کے والدین کو بڑی راحت ملنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK