بجٹ میں خواتین کیلئے گروہا لکشمی اسکیم بھی جاری کی جائے گی ، پانچ وعدوں کی تکمیل کانگریس کیلئےایک اہم چیلینج ہے
EPAPER
Updated: July 07, 2023, 2:24 PM IST | Bengaluru
بجٹ میں خواتین کیلئے گروہا لکشمی اسکیم بھی جاری کی جائے گی ، پانچ وعدوں کی تکمیل کانگریس کیلئےایک اہم چیلینج ہے
آج کرناٹک کی نئی ریاست اپنا ۱۴؍ واں بجٹ جاری کرےگی ۔ اس ضمن میں کہا جا رہا ہے کہ کانگریس کیلئے کئے گئے پانچ وعدوں کو پورا کرنا ایک اہم چیلینج ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ سدارمیانےکہا کہ’’ بجٹ میں ہم ریاست کی خواتین کیلئے گروہا لکشمی اسکیم بھی جاری کریں گے جو خواتین کےگھر یلو مسائل کو حل کرنے اور انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس اسکیم کیلئے رجسٹریشن کرنے کا عمل جلد جاری ہو گا ۔بعد ازیں خو اتین کے بینک میں ۲؍ ہزار روپے رقم ہر ماہ ڈالی جائے گی ۔ اس اسکیم کے تحت حکومت سال بھر میں ۳۰؍ ہزار کروڑ روپے خرچ کرے گی جس کےبعد یہ ملک کی سب سے بڑی معاشی اسکیموں کی فہرست میں شامل ہوجائے گی۔
انہوں نے ریاست میں جاری ہونے والے دیگر پروجیکٹس کے تعلق سے کہا کہ ’’ ہم نے ریاست میں اعضاء کومنتقل کرانےکااسپتال قائم کرنے کا ارادہ کیا ہے جس کیلئے ۱۴۶؍ کروڑ کی رقم خرچ ہو گی جبکہ اس سال اسپتال کی تعمیر کیلئے ۳۰؍ کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔ اسپتال میں کینسر اور پھیپھڑوں کےامراض کی تشخیص کیلئے ایک فائبرو اسکین بھی فراہم کیا جائے گا۔علاوہ ازیں راجیو گا ندھی یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنس کے توسط سے ضلع رام نگر میں ایک میڈیکل کالج بھی تعمیر کیا جائے گا۔ میسور، کلبرگی اور بیلگام میں اسپتال اور ہیلتھ سینٹرز تعمیر کرنے کیلئے ۱۵۵؍ کروڑ خرچ کئے گئے ہیں۔ ہم نے کلبرگی میں گلبرگہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیل سائنس میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کی تعمیر کیلئے ۷۰؍ کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔ اس اسپتال میں ۲۰۰؍ بیڈس کی سہولت ہو گی ۔کرناٹک رتن پنیت کمار کی یاد میں مختلف اضلاع میں اسپتال تعمیر کئے جائیں گے جس کیلئے ۶؍ کروڑ روپےخرچ کئےگئے ہیںجبکہ مختلف اضلاع کے کچھ اسپتالوںمیں مفت سی ٹی اسکین کی سہولیات بھی فراہم کرنے کا ارادہ ہے جس کے تحت غریبوںکو طبی علاج میں آسانیاں پیدا ہوں گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ہماری حکومت نے بچوں کیلئے کالیکا بال وردھان پروگرام جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس کیلئے ہم نے ۸۰؍ کروڑ روپے کی رقم بھی خرچ کی ہے ۔ اس منصوبے سے ۳۳؍ لاکھ طلبہ فیضیاب ہو سکیں گے ۔