Inquilab Logo Happiest Places to Work

وادیٔ کشمیر شدید گرمی کی لپیٹ میں، سری نگرنے جموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

Updated: July 04, 2025, 11:39 PM IST | Srinagar

سری نگر کا درجہ حرارت مسلسل ۳۵؍ ڈگری سے زائد درج ہو رہا ہے ، شمالی کشمیر کا برف سے ڈھکا رہنے والا کپواڑہ ضلع بھی ۳۵؍ ڈگری کے پار پہنچ چکا ہے

Two women protect themselves from the scorching sun with an umbrella in Srinagar.
سری نگر میں  دو خواتین چھتری کے ذریعہ تیزدھوپ سے خود کو بچارہی ہیں

 وادیٔ کشمیر جو عموماً اپنے خوشگوار موسم اور ٹھنڈی ہواؤں کے  لئےجانی جاتی ہے، ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ غیرمعمولی موسمی تبدیلیوں کے  درمیان جمعہ کو سری نگر کا درجہ حرارت ۳۵ء۶؍ڈگری تک جا پہنچاجو روایتی طور پر گرم تصور کئے جانے والے جموں سے بھی زیادہ رہا۔ یہ غیر معمولی صورتحال نہ صرف اہلِ وادی کے لیے پریشان کن ہے بلکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے اثرات کی ایک جھلک بھی پیش کرتی ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وادی میں موسم گرما نے شدت اختیار کی ہو لیکن اس بار گرمی کی شدت نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ گرمی سے بچاؤ کیلئے لوگ گھروں میں محصور ہیں، جبکہ بازاروں میں بھی سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں۔
 شمالی کشمیر کا کپواڑہ ضلع  جو سال بھر برف سے ڈھکا رہتا ہے ، وہاں بھی پارہ ۳۵؍ ڈگری کے پار ہی درج ہو رہا ہےجو پورے خطے میں سب سے گرم علاقہ قرار دیا جا رہا ہے ۔جنوبی کشمیر کا قاضی گنڈ ۳۴؍ ڈگری کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، جبکہ کوکرناگ میں۳۳ء۴؍ ڈگری، پہلگام میں ۳۱؍ ڈگری اور مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں نسبتاً خوشگوار ۲۵؍ ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا۔ادھر جموں خطے میں جہاں عام طور پر شدید گرمی کا رجحان رہتا ہے اس بار کچھ شہروں میں درجہ حرارت کشمیر سے کم رہا۔ بانہال میں ۲۹؍ ڈگری ، بٹوت میں۲۷ء۱؍ اور کٹرا میں ۳۲؍ ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں۔ 

kashmir Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK