نئے تعلیمی سال میں دہم جماعت کے تمام ۴ء۳؍ لاکھ طلبہ کیلئے روبوٹکس کی تعلیم لازمی، اس سے قبل ریاست میں ساتویں میں اے آئی کو متعارف کیا جا چکا ہے۔
EPAPER
Updated: May 19, 2025, 12:46 PM IST | Thiruvananthapuram
نئے تعلیمی سال میں دہم جماعت کے تمام ۴ء۳؍ لاکھ طلبہ کیلئے روبوٹکس کی تعلیم لازمی، اس سے قبل ریاست میں ساتویں میں اے آئی کو متعارف کیا جا چکا ہے۔
کیرالا ہندوستان کی پہلی ریاست بن گئی ہے جس نے ۲؍جون سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال سے دہم جماعت کے تمام ۴ء۳؍ لاکھ طلبہ کیلئے روبوٹکس کی تعلیم کو لازمی قرار دیا ہے ۔ دسویں کی انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کی نصابی کتاب میں روبوٹکس کو شامل کرنے سے طلباء کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے روبوٹکس کے بنیادی تصورات کو دریافت کرنے میں مدد ملے گی۔ پہلے حصے میں ’روبوٹس کی دنیا‘ کے عنوان سے چھٹے باب سے شروع کرتے ہوئے ان میں سرکٹ کی تعمیر، سینسرز اور ایکچویٹرز کا استعمال اور کمپیوٹر پروگرامنگ کے ذریعے الیکٹرانک آلات کو کنٹرول کرنا شامل ہوگا۔
یہ اقدام کیرالا کی مصنوعی ذہانت(اے آئی) سیکھنے کوساتویں جماعت کے تمام طلبہ کیلئے قابل رسائی بنانے میں کیرالا کی سابقہ کامیابی پر استوار ہے جو پچھلے تعلیمی سال میں حاصل کیا گیا ایک اور قومی سنگ میل ہے۔
مستقبل کیلئے تیار مہارتوں کیلئے مسلسل وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے آئی سیکھنے کو اب کلاس۸؍ ویں ، ۹؍ ویں اور۱۰؍ ویں کیلئے آئی سی ٹی نصابی کتب میں بھی شامل کر دیا گیا ہے ۔ لٹل کیٹس (کیرالا کا آئی ٹی کلب برائے طلبہ) کیلئے منعقد کئے گئے روبوٹکس نصاب سے حاصل کردہ عملی تجربے کی مدد سے دسویں کے تمام طلبہ کیلئے اس وسیع تر رول آؤٹ کو تشکیل دینے میں کلیدی کردار ادا کیا گیا ہے۔ کیرالا انفراسٹرکچر اینڈ ٹیکنالوجی فار ایجوکیشن (کے آئی ٹی ای)، کیرالا حکومت کے محکمہ جنرل ایجوکیشن کی تکنیکی شاخ، اس نصاب کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے پہلے ہی ریاست بھر کے ہائی اسکولوں میں ۲۹؍ ہزار روبوٹک کٹس تقسیم کر چکی ہے۔