ساحل گوئل ہی نے ملزم چیتن چودھری سے اپنی بہن سیا کو ملوایا تھا ، چیتن سے سیا کے سارے گھر والے بخوبی واقف تھے
EPAPER
Updated: June 27, 2026, 11:08 PM IST | Pune
ساحل گوئل ہی نے ملزم چیتن چودھری سے اپنی بہن سیا کو ملوایا تھا ، چیتن سے سیا کے سارے گھر والے بخوبی واقف تھے
کیتن اگروال قتل کیس میں لوناوالہ دیہی پولیس نے ملزمہ سیا گوئل کے بھائی کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاتھا۔ اطلاع کے مطابق جمعہ کو اس سے پولیس نے دن بھر سوال جواب کئے۔ یاد رہے کہ ۱۸؍ جون کو پونےکے لوہ گڑھ قلعے سے دھکیل کر چیتن اگروال کا قتل کر دیا گیا تھا۔ قتل کا الزام چیتن کی منگیتر سیا گوئل اور اس کے عاشق چیتن چودھری پر۔ یہ دونوں ۲۹؍ جون تک پولیس تحویل میں ہیں۔ لیکن اب پولیس نے سیا کے بھائی سے بھی پوچھ تاچھ شروع کی ہے۔
یاد رہے کہ سیا اور چیتن کو دن کے وقت لوناو لہ پولیس اسٹیشن لایا جاتا ہے جہاں ان سے پوچھ تاچھ ہوتی ہے جبکہ انہیں رات کو وڈگاؤں پولیس اسٹیشن کی تحویل میں بھیج دیا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ’’چونکہ مقامی رکن اسمبلی سنیل شیلکے نے اپیل کی ہے کہ گوئل خاندان بھی اس واقعے کیلئے ذمہ دار ہے، اسلئے ان کے خلاف بھی معاملہ درج کیا جائے۔ اسلئے سیا کے بھائی کو بھی لوناو لہ پولیس نے پوچھ تاچھ کیلئے بلایا تھا۔ ‘‘ پولیس کے مطابق اس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ سیا کا بھائی ساحل گوئل بھی چیتن کو بخوبی جانتا تھا۔ اس لئے قوی امکان ہے کہ اسے قتل کے تعلق سے کچھ معلوم ہوا۔ ساحل کو پولیس نے ۱۰؍ گھنٹے لگاتار پوچھ تاچھ کے بعد رات میں گھر جانے دیا۔ اب ساحل اور سیا کے ماں باپ پوجا گوئل اور پروین گوئل کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے سمن بھیجا گیاہے۔ فی الحال پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ ساحل سے اسے کیا کیا باتیں معلوم ہوئیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ ساحل اور چیتن آپس میں دوست تھے۔
چیتن سیا کے دیگر اہل خانہ کو بھی جانتا تھا۔ سیا اپنے بھائی ساحل کے ساتھ کرکٹ میچ دیکھنے گئی تھی ، وہیں اس کی پہلی بار چیتن سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ ساحل کے ساتھ ۵؍ روز کیلئے راجستھان بھی گئی تھی۔ چیتن بنیادی طور پر راجستھان ہی کا رہنے والا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چیتن اور سیا کے واٹس ایپ چیٹ ڈیلیٹ کر دیئے گئے ہیں جن کے ری اسٹور ہونے پر کافی کچھ سامنے آجائے گا۔ ا ن دونوں کے درمیان جنوری سے اب تک ۲؍ ہزار ۴؍ مرتبہ فون پر گفتگو ہوئی تھی جس نے پولیس کو سراغ دیا ۔