Inquilab Logo Happiest Places to Work

برطانیہ: شاہ چارلس نے کیمبرج سینٹرل مسجد کا دورہ کیا، اسلامو فوبیا کے بڑھتے واقعات کے درمیان اہم قدم

Updated: July 21, 2026, 10:08 PM IST | Cambridge

مسجد کے دورے کے دوران ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے شاہ چارلس کے نام لکھا گیا ایک خط بھی انہیں پیش کیا گیا جس میں اردگان نے اسلامو فوبیا اور نسل پرستی کے بڑھتے واقعات کے درمیان بادشاہ کے اس دورے کو خاص طور پر قیمتی قرار دیا۔ اردگان نے شاہ چارلس کو ترکی کے دورے کی دعوت بھی دی، جس پر بادشاہ نے گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ترکی کا دورہ کرنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔

Photo: X
شاہ چارلس، کیمبرج سینٹرل مسجد میں۔ تصویر: ایکس

برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے باضابطہ طور پر کسی مسجد کا دورہ کرنے والے پہلے برطانوی شاہی حکمران بن کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے برطانیہ میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور مسلمانوں کے خلاف تعصب میں اضافہ کے دور میں یورپ کی پہلی ماحول دوست (ایکو فرینڈلی) کیمبرج سینٹرل مسجد کا دورہ کیا۔ ان کے اس دورے کو کئی لحاظ سے اہمیت کا حاصل قرار دیا جا رہا ہے۔

اس دورے کے دوران، شاہ چارلس نے کیمبرج میں مسجد کے ائمہ، ٹرسٹیوں اور مسلم سماج کے افراد سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ، لندن میں ترکی کے سفیر عثمان کورائے ایرتاس، کیمبرج مسجد ٹرسٹ بورڈ کے اراکین زینب کوسکون کوچ اور سلیم ارگون اور برطانوی مصنف عبدالحکیم مراد (جنہوں نے ۱۹ سال کی عمر میں اسلام قبول کیا تھا) موجود تھے۔ مقامی بشپ اور ربی بھی اس موقع پر موجود تھے جو بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کے مرکز کے طور پر مسجد کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ میں تارک وطن ہندوستانیوں کا احتجاج، طلبہ کے خلاف دہلی پولیس کے کریک ڈاؤن کی مذمت کی

کیمبرج مسجد ٹرسٹ بورڈ کی رکن زینب کوسکون کوچ نے انادولو ایجنسی کو بتایا کہ اگرچہ ملکہ الزبتھ دوم نے ۲۰۰۲ء میں ایک مسجد کا دورہ کیا تھا، لیکن اس سے پہلے کسی برطانوی بادشاہ نے کبھی باضابطہ طور پر ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ مسجد اور عام لوگوں دونوں کیلئے ”تاریخی اہمیت“ کا حامل ہے۔ 

مسجد کے دورے کے دوران ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے شاہ چارلس کے نام لکھا گیا ایک خط بھی انہیں پیش کیا گیا جس میں اردگان نے اسلامو فوبیا اور نسل پرستی کے بڑھتے واقعات کے درمیان بادشاہ کے اس دورے کو خاص طور پر قیمتی قرار دیا۔ اردگان نے شاہ چارلس کو ترکی کے دورے کی دعوت بھی دی، جس پر بادشاہ نے گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ کرنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ہند نژاد کنشک نارائن برطانوی کابینہ میں شامل، اے آئی کے پہلے وزیر

شاہ چارلس کو سلیمیہ مسجد کے گنبد کے فنِ تعمیر سے متاثر ہو کر بنایا گیا شیشے کا پیپر ویٹ، فواد سیزگین کی تصنیف ”اسلامی تہذیب کا سائنسی ورثہ“ کی ایک مخصوص کاپی اور مسجد کی تعمیر، تعمیراتی انداز اور اسے ملنے والے ۲۳ بین الاقوامی اعزازات پر مبنی ایک خصوصی کتاب پیش کی گئی۔

واضح رہے کہ کیمبرج سینٹرل مسجد کا افتتاح ۲۰۱۹ء میں ایک تقریب کے دوران کیا گیا تھا جس میں صدر اردگان نے شرکت کی تھی۔ یہ مسجد ترک دیانت فاؤنڈیشن کے خصوصی تعاون سے تعمیر کی گئی تھی۔ اس مسجد میں ایک وقت میں تقریباً ایک ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد میں فوٹو وولٹک پینلز، ایئر سورس ہیٹ پمپس، قدرتی وینٹیلیشن سسٹمز، سیڈم روف (سبز چھت) اور جنگلات سے حاصل کردہ پائیدار لکڑی کا استعمال کیا گیا ہے۔ مسجد کو درکار کل بجلی کا تقریباً ۴۰ فیصد حصہ شمسی توانائی سے حاصل ہوتا ہے اور مسجد کا کاربن فٹ پرنٹ بالکل صفر ہے۔ اس کا طرزِ تعمیر اسلامی جیومیٹری کو کیمبرج کے مقامی تعمیراتی عناصر کے ساتھ ملاتا ہے، مسجد کے محراب، کنگز کالج چیپل سے متاثر ہو کر بنائے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK