Inquilab Logo

کرلا:ایل وارڈ میں آپلا دواخانہ تیار مگر طبی سہولیات ندارد

Updated: August 13, 2023, 10:06 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

’ایل‘ وارڈ میں ۸؍دواخانہ بن کر تیار ۔شہریوں نے دواخانہ فوراً شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔۵؍دواخانہ جلد شروع کیا جائےگا:شہری انتظامیہ

`Apla Pharmacy` in El Ward where facilities are waiting (Revolution)
ایل وارڈ میں موجود ’ آپلا دواخانہ‘ جہاں سہولیات کا انتظار ہے ( انقلاب)

کرلا : یہاں’ ایل‘ وارڈکےمتعدد علاقوں میں بی ایم سی کے ذریعہ ۸؍ ’آپلا دواخانہ ‘ کئی مہینے سے بن کر تیار ہے لیکن بی ایم سی کی مبینہ لاپروائی کے نتیجے میں اب تک ان میں علاج شروع نہیں ہو سکا۔ ان دنوں موسمی اور دوسری متعدد بیماریوں سے شہری پریشان ہیں ۔واضح رہے کہ حکومت مہاراشٹر نے میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ ’ آپلا دواخانہ ‘ کے نام پر غریبوں کو مفت علاج فراہم کرانے دعویٰ کیا تھا ۔ کرلا کے ایل وارڈ میں آپلا دواخانوںمیں علاج شروع نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں بی ایم سی کے خلاف شدید ناراضگی پائی جارہی ہے ۔
موسمی بیماری پھیل رہی ہے
  کرلا میں ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ان دنوں ممبئی شہر اور مضافات کے علاقوں میں موسمی بیماریاں بہت تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہیں ۔ تقریباً ہر گھر میں لوگ سردی ،زکام،بخار، ملیریا، ٹائیفائڈ،ٹی بی، دمہ اور دوسری بیماریوں میں مبتلا ہیں ۔اس وقت میونسپل کارپوریشن کےکرلا’  ایل‘ وارڈ کے علاقے میں کئی ایسے آپلا دواخانے ہیں جن کا تعمیراتی کام کئی ماہ قبل تقریباً مکمل ہوگیا ہے لیکن اس میں علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے۔
 کرلا ایم آئی جی کالونی میں رہنے والے فیروز خان نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے تحت کرلا’ ایل‘ وارڈ کے تمام علاقوں میں بی ایم سی کی جانب سے آپلا دواخانہ کے نام سے کئی دواخانے نہ صرف منظور کئے گئے بلکہ متعدد علاقوں میںایچ بی ٹی دواخانے تعمیر بھی ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک غریبوں کے علاج کیلئے شروع نہیں کیا گیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ آپلا دواخانہ میں ۳؍ طرح کی سہولتیں مہیا کی جاتی ہیں 
(۱) آپلا دواخانہ مفت ہوگا اور اس میں رجسٹریشن فیس یا کوئی انٹری فیس نہیںلی جائے گی۔ (۲)دواخانہ میں مریضوں طبی جانچ اور دوائیں مفت ہوں گی ۔ (۳)ان دواخانے میں شوگر ( ذیا بیطس) ، بلڈ پریشر کے مریضوں کو مفت دوائیں دی جائیں گی اور ۱۴۷؍ قسم کے خون کی جانچ مفت کی جائے گی ۔ البتہ یہ جانچ جو بی ایم سی اسپتالوں کے ڈاکٹر تجویز کریں گے ، ان کی پرچی پرطبی جانچ مفت ہوگی ۔ اس کے علاوہ دواخانہ کے ذریعہ ڈاکٹر کی نگرانی میں  ایک ٹیم محلوں میں گھر گھر جاکر جانچ کرے گی کہ کسی کو کوئی بڑی بیماری تو نہیں ہے۔ایسے مریضوں کو علاج کرنے کا صلاح ومشورہ بھی دے گی ۔انہوںنے مزید کہا کہ اگر یہ دواخانہ شروع ہوجائےتو یقینی طور پر علاقہ کے لوگوں کو علاج میں سہولت ہوگی۔ 
کرلا’ایل وارڈ‘ کو نظر انداز کرنے کا الزام
 کرلا مصرانی لین میں رہائش پذیر کلدیپ رما شنکر تیواری نے شکایتی لہجہ میں الزام لگایا کہ حکومت مہاراشٹرا نے بالا صاحب ٹھاکرے کے نام پر ممبئی کے تمام علاقوں میں آپلادواخانہ بناکر غریبوں کے مفت علاج کا دعویٰ کیا تھا لیکن کرلا ’ایل‘ وارڈ کے علاقے میں کرلا بھارتی نگر فلائی اوور کے نیچے اور کرلا کرسچئن گاؤں میں  بی ایم سی کے پرانے دواخانہ کو آپلا دواخانہ کے طور پر تعمیر تو کیا گیا ہے  اور یہ کئی ماہ پہلے  تیا بھی ہوگئے ہیںلیکن اب تک اس میں علاج شروع نہیں کیا گیا ہے ۔ کرلا ایل وارڈ کے علاقے میں ایسے کل ۸؍ آپلا دواخانے بن کر تیار ہیں جن میں علاج شروع نہیں کیاجارہا ہے ۔ 
مقامی کارپوریٹر نے کیا کہا؟
  اس ضمن میں کرلا کے سابق کارپوریٹر اشرف اعظمی سے پوچھ تاچھ کرنے پر کہا کہ کرلا کے وارڈ نمبر ۱۶۵، اور ۱۶۷؍ میں ایچ بی ٹی کے نام پر نئے طرز پر آپلا دواخانہ کھولنے کی تجویز کارپوریشن میںاپریل ۲۰۲۳ء میں منظور کی گئی تھی۔ مئی کےاخیرتک کرلا بھارتی نگر اقصیٰ مسجد کے قریب فلائی اوور کے نیچے ایک  وی بی نگر آپلا دواخانہ کے علاوہ کرسچئن گاؤں میں پرانے دواخانہ کو میری تجویز پر آپلا دواخانہ بنایا گیا ہے ۔ 
 ایک سوال کےجواب میں انھوں نے مزید کہا کہ چونا بھٹی ، وی بی نگر ،کرسچئن گاؤں ،ہمالیہ دواخانہ ،، بی بی فاطمہ ، سابلے نگر ،کرلا بس ڈپو،  اور نیوٹنگا ولیج  نامی آپلا دواخانے بن کر تیار ہیں ۔ میری معلومات کے مطابق ان دواخانوں کیلئے ڈاکٹرس، دوائیں اور طبی جانچ کی مشینیں بھی تیارہیں  ۔ ایسا کہا جارہا ہے کہ کچھ سیاسی دباؤ کی وجہ سے آپلا دواخانے شروع کرنےمیں تاخیر کی جارہی ہے۔
دواخانہ جلد شروع کرنے  کی یقین دہانی
   اس ضمن میں میونسپل کارپوریشن کے محکمہ ہیلتھ کے سربراہ ڈاکٹر رویندر ہانگے نے کہا کہ متعلقہ حکام سے ایل وارڈ کے علاقے میں ۵؍ دواخانوں کو جلد جلد شروع کرنے کا حکم دیا گیاہے اورمذکورہ دواخانوں میں باقی کاموں کو جنگی پیمانے پر کیا جارہا ہے ۔ باقی دوسرے دواخانوں کو شروع کرنے میں وقت لگے گا ۔  

L ward Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK