Inquilab Logo

کشواہا نے بالآخر جے ڈی یو سے استعفیٰ د ے دیا،نئی پارٹی بنائی، قانون ساز کونسل کی رُکنیت بھی چھوڑی

Updated: February 21, 2023, 10:34 AM IST | patna

اوپیندر کشواہا نے پیر کو پریس کانفرنس کرکے جے ڈی یو کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے ساتھ ہی قانون ساز کونسل کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ۔

Upinder Kushwaha addressing media with his loyalists after leaving JD (Photo: PTI)
جے ڈی یوچھوڑنے کے بعد اپنے وفاداروں کے ساتھ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اوپیندر کشواہا (تصویر: پی ٹی آئی)

اوپیندر کشواہا نے پیر کو پریس کانفرنس کرکے جے ڈی یو کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے ساتھ ہی قانون ساز کونسل کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ۔انہوں نے  اس موقع پر اپنی نئی پارٹی’ راشٹریہ لوک جنتادل‘ بنانے کا بھی اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ ’اتفاق رائے‘ سے اس نئی پارٹی کے قومی صدر بھی منتخب کرلئے گئے۔کشواہا نے پارٹی چھوڑنے کے فیصلے کی جانکاری نتیش کمار اور پارٹی کے قومی صدر للن سنگھ کو دے دی ہے۔
 اوپیندر کشواہا نے یہاں سنہا لائبریری میں جے ڈی یو کیلئے ’وقف‘ کارکنوں کے ساتھ دوروزکی میٹنگ کے بعد پیر کو پریس کانفرنس میں کہا کہ دو سال قبل جب میں نے اپنی پارٹی راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آرایل ایس پی) کو جے ڈی یو میں ضم کیا تھاتواس وقت سیاسی حالات بہت خوشگوار تھے۔ پہلے نتیش کمار خود فیصلے کیاکرتے تھے  لیکن اب انہوں نے پارٹی کو آرجے ڈی کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نتیش کمار غلط راستے پر چل رہے ہیں۔جس لڑائی کا آغاز کرپوری ٹھاکر اور شرد یادو نے کیا تھا ، اسے جاری رکھنا اب جے ڈی یو کیلئے ممکن نہیں رہا۔ جس کے خلاف ہم نے قربانیاں دیں ، نتیش کمار نے انہی کے ہاتھوں میں پارٹی کو گروی رکھ دیا ہے۔
مجھے دینے کیلئے نتیش کمار کے پاس کچھ نہیں
 اوپیندرکشواہا نے کہا کہ نتیش کمار اب دوسروں کی صلاح پر چلتے ہیں اور یہ راستہ غلط ہے ۔ وہ دو تین خوشامدیوں سے گھرے ہوئے ہیں اور انہیں کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں۔کشواہا نے کہا کہ وہ بار بار کہہ چکے ہیں کہ جے ڈی یو کمزور ہورہی ہے مگر انہوںنے اس پر توجہ نہیں دی ۔  پہلے میں پارٹی میں حصے داری چاہتا تھا لیکن اب نتیش کمار کے پاس مجھے دینے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے، اسلئے میں نے نئی پارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ۔
 اوپیندر کشواہا نے کہا کہ بہار میں تیجسوی یادو کو اقتدار سونپنے کا فیصلہ اس ریاست کو تباہ کردے گا۔بہار میں پھر سے جنگل راج واپس آجائے گا۔ انہوںنے کہا کہ سمتا پارٹی اور جے ڈی یو کی تشکیل ہی جنگل راج کے خلاف ہوئی تھی۔
نتیش کمار کو پارٹی میں اپنا جانشیں نہیں ملا
 اوپیندر کشواہا نے کہا کہ میں یہ دعویٰ نہیں کرتا کہ مجھے پارٹی میں کوئی بڑا اعزاز دیا جاتا لیکن اس بات کی شکایت ہے کہ نتیش کمار کو پارٹی کے اندر اپنا جانشین نہیں ملا اور انہوںنے آرجے ڈی کے ایک لیڈر کو اپنا جانشیں بنانے کا اعلان کردیا۔
وقت بتائے گا کہ ہم کدھر جائیں گے 
 بی جے پی کے ساتھ جائیں گے ؟ اس سوال پر کشواہا نے کوئی واضح جواب دینے کےبجائے یہ کہا کہ جب بڑے بھائی (نتیش کمار) دوپہر میں ایک پارٹی کے ساتھ وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑ کر شام میں دوسری پارٹی کے ساتھ وہی کرسی پھر حاصل کرلیتے ہیں تو چھوٹا بھائی ( کشواہا ) کیا سیکھے گا؟ان کے پارٹی ترجمان جتندر ناتھ نے کہا کہ ابھی کون کہاں جائے گا اسے راز ہی رہنے دیں تو بہتر ہوگا۔
تیسری مرتبہ نتیش سے علاحدگی
 خیال رہے کہ ۱۸؍ سال میں یہ تیسرا موقع ہے جب کشواہا نے نتیش سے علاحدگی اختیار کی ہے۔ ا س دوران ۲؍ مرتبہ انہوں نے نئی پارٹیاں بھی بنائی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ۲۰۰۵ ء اور ۲۰۱۳ء میں نتیش کا ساتھ چھوڑا تھااور ۲۰۱۳ء میں نئی پارٹی بنائی تھی۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK