ملازمین کی سہولت کیلئے حال ہی میں منظور کئے گئے قانون کو کویتی وزارت داخلہ نے سختی نے نافذ کرنے کا حکم دیا۔
ڈیلیوری بوائے۔ تصویر:آئی این این
اس وقت خلیجی ممالک میں شدید گرمی پڑ رہی ہے جسے پیش نظر رکھتے ہوئے کویت کی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ اشیائے صرف کی ڈیلیوری کرنے والی موٹر سائیکلوں کے استعمال پر یکم جون ۲۰۲۶ء تا ۳۱؍ اگست ۲۰۲۶ء روزانہ صبح ۱۱؍ بجے سے شام ۴؍ بجے تک ملک بھر کی تمام سڑکوں اور مختلف علاقوں میں پابندی عائد رہے گی۔وزارت کے مطابق یہ اقدام پبلک اتھاریٹی برائے افرادی قوت کے اس فیصلے پر عمل درآمد کیلئے کیا گیا ہے، جس کے تحت شدید گرمی کے باعث دوپہر کے اوقات میں کھلی جگہوں پر کام کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
کویتی اخبار روزنامہ القبس کے مطابق ۲۰۲۶ء کے وزارتی فیصلے نمبر ۳؍ کا مقصد کارکنان کو شدید گرمی اور سخت موسمی حالات سے لاحق خطرات سے محفوظ رکھنا ہے، تاکہ لیبر مارکیٹ سے متعلق قوانین کے مطابق محفوظ اور صحت مند کام کا ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
کویتی وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بلا کسی نرمی کے کی جائے گی۔وزارت کے مطابق پابندی پر عمل نہ کرنے کی صورت میں اجازت نامے کی شرائط کی خلاف ورزی کا اندراج کیا جائے گااور اس کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے گی۔وزارت نے کاروباری اداروں اور آجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے کی مکمل پابندی کریں، تاکہ کارکنوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور ملک میں محفوظ کام کے ماحول کے معیار کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔یاد رہے کہ جون تا اگست خلیجی ممالک میں شدید گرمی ہوتی ہے ۔