Inquilab Logo

رفیع نگر قبرستان میںمیت کے غسل خانہ کی تعمیر مکمل

Updated: September 21, 2021, 8:09 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

گوونڈی کی تنظیم کی جانب سے میت رکھنے کیلئے فریزر اور دیگر ضروریات کے سامان مہیا کروائے جارہے ہیں، قبرستان میں مسجد کا کام بھی جلد شروع کردیا جائیگا

Apart from construction of bathroom in Rafi Nagar cemetery of Goondi, many facilities have been provided.Picture:Inquilab
گوونڈی کے رفیع نگر قبرستان میںغسل خانہ تعمیر کئے جانے کے علاوہ کئی سہولت مہیا کرائی گئی ہے۔ تصویر انقلاب

 یہاں رفیع نگر قبرستان میں میت کی تدفین کیلئے ہونے والی پریشانیوں کو دور کرنے کیلئے علاقے میں واقع ’ یووا ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی (یس  گروپ) نامی تنظیم کی جانب سے مقامی رکن اسمبلی اور سماجوادی پارٹی کے ممبئی صدر ابوعاصم اعظمی اور ان کے اسسٹنٹ اور سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر غیاث الدین شیخ کی رہنمائی اور قیادت میں  میت کیلئے غسل خانہ اور ضرورت کے تحت میت کو الگ الگ رکھنے کیلئے ریفریجریٹرکے ساتھ ہی لاوارث لاشوں کیلئے مفت کفن وغیرہ اور غریبوں کیلئے کفایتی قیمت پر تدفین کے  سامان وغیرہ کے   انتظامات کئے جارہے ہیں ۔
 گوونڈی’ یس گروپ‘ کے ممبرسید مشتاق نے نمائندۂ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رفیع نگر قبرستان( اہل سنت والجماعت ) میں لائی جانے والی لاوارث  اور دوسری میت کو نہلانے کیلئے غسل خانہ نہیں تھا اور قبرستان میں پنچوقتہ نماز ادا کرنے کی کوئی سہولت بھی نہیں ہے ۔ اس کی وجہ سے قبرستان میں آنے والے زائرین اور تدفین کیلئے آنے والے لوگوں کو نماز کی ادائیگی کیلئے کافی دشواری ہورہی ہے ۔ 
 اس پریشانی کو دیکھتے ہوئے’ یس گروپ‘ کےممبران نے اپنے ذاتی پیسے اور تعلقات کی بنیاد پر لاکھوں روپے خرچ کرکے غسل خانہ تعمیر کردیا ہے ۔ اس غسل خانے میں میت کو نہلانے کیلئے تمام سہولتیں دستیاب کرائی جارہی  ہیں ۔ اس میں الگ الگ ۲؍  ریفریجریٹر لگائے جارہے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر کچھ وقت کےلئے اس میں نعش کو محفوظ رکھا جا سکے  ۔ اس کے علاوہ یہاں کفایتی خرچ پرمیت کی تدفین کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ 
 ’یس گروپ‘ کے ممبر یوسف شیخ کاکہنا ہے کہ قبرستان کے غسل خانہ میں میت کو غسل دینے سے لے کر تدفین کرنے تک کی ساری اشیا کیلئے کفایتی داموں پر تنظیم کی جانب سے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کیلئے ہم  جمعہ کو گوونڈی کی تقریباً تمام مساجد میں مصلیان تک  پمفلٹ  وغیرہ کے ذریعہ اس کی اطلاع دیں گے۔
 یوسف شیخ کا کہنا ہے کہ رفیع نگر قبرستان میں مسجد نہیں ہے جس کی وجہ سے یہاں آنے والوں کو نماز وغیرہ کیلئے دقت اٹھانی پڑتی ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئےقبرستان میں رکھے ہوئے کنٹینر کی جگہ پر مسجد تعمیر کی جائے گی ۔ ہم لوگ بہت جلد مقامی افراداور علاقے کے لیڈران کی کوششوں سے مسجد کی تعمیر کا کام بھی شروع کریں گے۔ 
 ’یس گروپ‘ کے ممبر توقیر سید کے مطابق اس سے پہلےتنظیم کی طرف سے  رفیع نگر قبرستان میں میت کی تدفین کے دوران قبروں میں  استعمال ہونے والے پانی اور دیگر ضروریات کیلئے   پانی کی ٹنکی لگاکر جگہ جگہ نل لگوائے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ قبرستان میں چہار جانب الیکٹرک پول لگاکر  روشنی کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ قبرستان کی چہار دیواری پر بھی رنگ وروغن لگاکر اسے خوبصورت بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں نمائندۂ انقلاب نے گوونڈی کے’ ایم‘ ایسٹ وارڈ کے ایک متعلقہ افسر سےبات چیت کی تو انھوں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ رفیع نگر قبرستان میں میت کے غسل خانہ کی ضرورت تھی اور اس کا انتظام غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK