۱۶؍ ۱۷؍ اور ۱۸؍ نومبر ، ان ۳؍ دنوںمیں خواتین اپنا کے وائی سی کا عمل پورا کروالیں ورنہ ان کی ماہانہ ۱۵۰۰؍ روپے کی قسط بند ہو سکتی ہے
EPAPER
Updated: November 15, 2025, 11:23 PM IST | Mumbai
۱۶؍ ۱۷؍ اور ۱۸؍ نومبر ، ان ۳؍ دنوںمیں خواتین اپنا کے وائی سی کا عمل پورا کروالیں ورنہ ان کی ماہانہ ۱۵۰۰؍ روپے کی قسط بند ہو سکتی ہے
مہاراشٹر حکومت کی انتہائی اہم لاڈلی بہن اسکیم سے استفادہ کرنے والی خواتین کی کے وائی سی کروانے کیلئے آخری ۳؍ رہ رہ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت نے ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ ریاست کی جو خواتین لاڈلی بہن اسکیم سے استفادہ کر رہی ہیں وہ ۱۸؍ نومبر ۲۰۲۵ء تک اپنا آئن لائن کے وائی سی کروا لیں۔ اطلاع کے مطابق ابھی لاکھوں کی تعداد میں ایسی خواتین ہیں جن کا کے وائی سی باقی ہے۔
اطلاع کے مطابق ریاست بھر میں ۲؍ کروڑ ۳؍ لاکھ خواتین لاڈلی بہن اسکیم سے فائدہ اٹھا رہی تھیں جن کے اکائونٹ میں ہر ماہ ۱۵۰۰؍ روپے حکومت کی جانب سے جمع کروائے جا رہے تھے لیکن ان میں سے ۲۶؍ لاکھ خواتین کو الگ الگ وجوہات کی بنا پر نا اہل قرار دیا جا چکا ہے ۔ حکومت کی جانب سے کے وائی سی کے اعلان کے بعد اس تعداد میں مزید تخفیف ہونے کا امکان ہے۔ حالانکہ اکتوبر کے مہینے میں وزیر برائے بہبودیٔ خواتین واطفال ادیتی تٹکرے نے کہا تھا کہ اب تک ایک کروڑ ۱۰؍ لاکھ خواتین کے اپنا کے وائی سی مکمل کروا لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ ۴؍ تا ۵؍ لاکھ خواتین اپنا کے وائی سی کروا رہی ہیں۔ اب آخری ۳؍ دن رہ گئے ہیں لیکن لاکھوں کی تعداد میں خواتین ایسی ہیں جن کا کے وائی سی نہیں ہوا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت نے ہر ۱۲؍ ماہ میں کے وائی سی کو لازمی قرار دیا ہے ۔ جو خواتین کے وائی سی نہیں کروا پائیں گی وہ لاڈلی بہن اسکیم کیلئے نا اہل قرار دی جائیں گی اور ہر ماہ انہیں ملنے والے ۱۵۰۰؍ سو روپے کا سلسلہ بند ہو جائے گا۔
کے وائی سی کا طریقہ
سب سے پہلے آپ مندرجہ ذیل ویب سائٹ اوپن کریں:
ladakibahin.maharashtra.gov.in
ویب سائٹ اوپن ہونے پر آپ کو ہوم پیج پر ہی ’کے وائی سی ‘ کا آپشن دکھائی دے گا۔ اسے اوپن کرنے کے بعد آپ کو اپنا آدھار کارڈ اور موبائل نمبر ڈالنا ہے۔ جب آپ کے موبائل پر اس کا او ٹی پی آئے تو اسے ڈالیں اس کے بعد کے وائی سی کا عمل شروع ہوگا۔ اس میں جو سوالات پوچھے گئے ہوں ان کے جوابات لکھتے جائیں۔ اس کے بعد آپ کو آپ کے والد اور شوہر کی بھی کے وائی سی کرنی ہے۔ اس کیلئے بھی ٹھیک وہی پروسیس (عمل ) دہرانا ہے۔
یاد رہے کہ جو خواتین اپنا کے وائی سی نہیں کروائیں گی انہیں اس اسکیم کیلئے نا اہل سمجھا جائے گا اور انہیں ہر ماہ ملنے والے ۱۵۰۰؍ روپے بند کر دیئے جائیں گے۔ لاڈلی بہن اسکیم کیلئے وہ خواتین اہل ہوں گی جو مہاراشٹر کی باشندہ ہوں، ان کی عمر ۲۱؍ تا ۶۵؍ سال ہو، ان کا آدھار کارڈ اور پین کارڈ لنک ہو، ان کے خاندان کی کل آمدنی سالانہ ڈھائی لاکھ روپے سے کم ہو، ان کے خاندان میں کسی کے پاس فور وہیلر گاڑی نہ ہو۔ یاد رہے کہ کے وائی سی صرف اسی سال نہیں کرنی ہے بلکہ آئندہ ہر سال اس عمل کو دہرانا ہے۔ وزیر ادیتی تٹکرے نے کئی بار اس بات کی یاد دہانی کروائی ہے۔ گزشتہ دنوں انہوں نے ایک بار پھر اپیل جاری کی تھی جن خواتین کا کے وائی سی نہیں ہوا ہے وہ جلد از جلد اسے پورا کر لیں تاکہ انہیں آئندہ ماہانہ قسطوں کیلئے دقت نہ ہو۔ فی الحال خواتین کے پاس ۱۶؍ ،۱۷؍ اور ۱۸؍ نومبر کا وقت ہے۔ خواتین ان دنوں میں اپنا کے وائی سی مکمل کر سکتی ہیں۔