• Sun, 16 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈیگو اور اکاسا نے نوی ممبئی ایئرپورٹ سے پروازوں کی بکنگ شروع کردی

Updated: November 15, 2025, 10:22 PM IST | Mumbai

انڈیگو اور اکاسا نے نوی ممبئی ایئرپورٹ سے پروازوں کی بکنگ شروع کردی، جبکہ ائیر انڈیا نے بھی پروازیں شروع کرنے کااعلان کیاہے۔

Navi Mumbai International Airport. Photo: INN
نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ۔ تصویر: آئی این این

نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (NMIA) مسافروں کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے۔۲۵؍ دسمبر سے اس ایئرپورٹ سے پہلی تجارتی پروازوں کا آغاز ہوجائے گا، جس میں انڈیگو، اکاسا ایئر اور ایئر انڈیا شامل ہیں۔واضح رہے کہ یہ ایئرپورٹ ممبئی کے مرکزی ایئرپورٹ پر دباؤ کو کم کرنے اور ہندوستان کے مالیاتی دارالحکومت ممبئی میں سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ایجنسی این آئی کے مطابق، انڈیگو۲۵؍ دسمبر کو این ایم آئی اے سے دس بڑے شہروں کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرے گا۔ ان میں دہلی، بنگلور، حیدرآباد، احمدآباد، لکھنؤ، نارتھ گوا (موپا) ، جے پور، ناگپور، کوچن اور منگلور شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: میٹرو ۲؍ اے اور ۷؍ کے اسٹیشنوں پر اسٹال لگانے کا موقع

ایئرلائن نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ یہ محض آغاز ہے۔ انڈیگو کا منصوبہ ہے کہ وقت کے ساتھ اس نئے ایئرپورٹ سے مزید براہ راست روٹس شامل کیے جائیں۔این ایم آئی اے سے باقاعدہ تجارتی سروسز کا آغاز کرنے والی پہلی ایئرلائن انڈیگو ہی ہوگی۔ اس کے علاوہ، اکاسا ایئر بھی۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو این ایم آئی اے سے اپنی پروازیں شروع کرے گی۔ اس کی پہلی فلائٹ دہلی سے نوی ممبئی کے روٹ پر ہوگی۔ جلد ہی اکاسا گوا، کوچن اور احمدآباد کے لیے براہ راست روٹس شامل کرے گی۔ ان پروازوں کی بکنگ اکاسا کی ویب سائٹ، ایپ اور بڑے ٹریول پلیٹ فارمز پر شروع ہوچکی ہے۔ ایئرلائن کے شریک بانی اور چیف کمرشیل آفیسر پروین ائیر نے کہا کہ ’’نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سےپروازوں  کا آغاز اکاسا ایئر کے لیے ایک تاریخی لمحہ اور ہندوستانی ایوی ایشن کی ترقی میں ایک اہم قدم ہے۔ این ایم آئی اے ڈوئل ایئرپورٹ مسافروں کے لیے رابطہ، استحکام اور اختیارات میں اضافہ کرے گا۔
اکاسا کا منصوبہ ہے کہ آنے والے سالوں میں این ایم آئی اے سے اپنی پروازوں کوبتدریج بڑھا کر ۳۰۰؍ ہفتہ واراندرون ملک اور۵۰؍ ہفتہ وار بین الاقوامی پروازیں کی جائیں۔ ایئرلائن اپنی طویل المدتی بین الاقوامی حکمت عملی کے تحت مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیائی بازار  میں توسیع پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔ایئر انڈیا گروپ نے ستمبر میں این ایم آئی اے سے اپنے آپریشن کا اعلان کیا تھا۔ جس کے مطابق پہلے مرحلے میں، ایئر انڈیا ایکسپریس یومیہ ۲۰؍ پروازیں چلائے گی جو۱۵؍ ہندوستانی شہروں کو جوڑے گی۔ اعلان کے مطابق،۲۰۲۶؍ کے وسط تک یومیہ پروازوں میں اضافہ ہو کر۵۵ ؍ ہو جائے گا، جس میں ۵؍ بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہوں گی۔گروپ کا ہدف ۲۰۲۶ءکے موسم سرما تک،۶۰؍ یومیہ پروازیں چلانے کا ہے، جس کا مقصد این ایم آئی اے سے مضبوط قومی  اور بین الاقوامی رابطہ قائم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ممبئی: ۲۰۲۶ءسے آن لائن ڈیلیوریز ڈرون سے ہوں گی

دریں اثناء ایئر انڈیا کے سی ای او کیمبل ولسن نے کہا، ’’ہم نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے آپریشن کا آغاز کرنے کے منتظر ہیں، کیونکہ ممبئی بھی ان عالمی شہروں کی صف میں شامل ہو رہا ہے جہاں ایک سے زیادہ ایئرپورٹ ہیں۔ ہم اڈانی ایئرپورٹس کے ساتھ مل کر این ایم آئی اے کو نہ صرف ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والا مرکز بنانے کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں، بلکہ اس کےجغرافیائی  محل وقوع کو دیکھتے ہوئے مسافروں اور کارگو دونوں کے لیے ملک کا ایک اہم عالمیمرکز بنانا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK