Inquilab Logo

آج بھیس بدل کرانگریزہی ملک پرحکمرانی کررہاہے،ایسا وزیراعظم ہم لوگوں نےپہلےکبھی نہیں دیکھا

Updated: February 11, 2022, 11:30 AM IST | Agency | Patna

آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو نےپارٹی کی قومی مجلس عاملہ سے خطاب کیا ، کہا:’’ تاریخ گواہ رہی ہے کہ ہم نےکسی بھی حالت میں سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔‘‘ پارٹی کارکنوں سےہمیشہ جد وجہد کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی

Patna: Lalu Yadav and others in the meeting of the National Working Committee. Picture: PTI
پٹنہ: قومی مجلس عاملہ کے اجلاس میں لالو یادو او ر دیگر۔تصویر: پی ٹی آئی

آرجے ڈی  صدر لالو پرساد یادو نے جمعرات کو مودی حکومت کو انگریزوں کی حکومت قرار دیا ہے ۔ انہوں نے  پارٹی کارکنوں سے ہمیشہ جدوجہد کیلئے تیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا :’’ تاریخ گواہ رہی ہے کہ ہم  نےکسی بھی حالت میں سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔‘‘
 انہوں نے جمعرات کو پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کے اجلاس  سے خطاب کیا ۔ اس دوران  آر جے ڈی سربراہ نے  نے مرکز کی بی جے پی قیادت والی این ڈی اے  حکومت کانام لئے بغیر اشاروں میں کہا:’’  آج بھیس بدل کر انگریز ہی ملک پر حکمرانی کر رہاہے ، ایسا وزیر اعظم ہم لوگوںنے پہلے کبھی نہیں دیکھا ۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہا:’’ کسی بھی پارٹی سے آرجے ڈی کی حیثیت بہت  زیادہ ہے ۔ آرجے ڈی کی تاریخ جدوجہد کی رہی ہے ۔ ہم نے کسی بھی  حالت  میں اور کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا ہے ۔‘‘ آرجے ڈی صدر نے کہا:’’ میری کی قیادت میں پٹنہ نے بہت کامیابی حاصل کی ہے ۔ پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کو ہمیشہ جدوجہد کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔‘‘  لالو نے یہ بھی کہا :’’میںگزشتہ ۳؍ انتخابات لڑنے سے چوک گیا لیکن اسمبلی  میںاپوزیشن کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو کی قیادت میں گزشتہ اسمبلی انتخاب میں پارٹی نے  بہترین مظاہر ہ کیا ۔ بے ایمانی کے باوجود آرجے ڈی بڑی پارٹی بن کر ابھری  ۔‘‘ وزیراعلیٰ نتیش کمار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا:’’بہار میں نظم ونسق پوری طرح سے چوپٹ ہوگیا ہے۔‘‘ آرجے ڈی صدر نے اپنے مطالبات کے سلسلے میں طویل عرصے تک  چلنے والی کسان تحریک کے لیڈروں کو سلام پیش کیا اور کہا:’’ جدوجہد کے دوران کسان کبھی جھکے نہیں بلکہ حکومت ہی کو جھکنا پڑا۔ کسانوں کو آج بھی مرکز ی حکومت کے وعدوں پر اعتبار نہیں  ہے۔ ا س پر انہیں شک ہے ۔‘‘
 آ ر جے ڈی سربراہ نے  پارٹی کے دوسری ریاستوں میں بھی الیکشن لڑنے کا اشارہ دیتےہوئے کہا :’’ملک میں آرجے ڈی مضبوط ہوئی ہے ۔ سبھی چاہتے ہیںکہ پارٹی ملکی سطح پر انتخابات  میں حصہ لے لیکن افسوس ہے کہ پارٹی کے لوگ باہر جاتے ہی نہیں ہیں۔  اب الگ  الگ ریاستوں میں تمام کو ذمہ داریاں دی جائیںگی ۔‘‘ آرجے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی صدارت میںمنعقدہ  قومی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کئی ریاستوں سے پارٹی کے نمائندے  شامل ہوئے۔جمعرات کو دن بھر پروگرام کی جگہ کی جانب آنے جانے والی شاہراہوں پر صرف آرجے  ڈی کے انتخابی نشان والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں نظر آئیں ۔ قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ کیلئے نمائندوں کے پہنچنے کا سلسلہ صبح  ہی سے شرو ع ہوگیا تھا ۔ تقریب کے مقام اور اس کے  آس پاس کے علاقوں میں آرجے ڈی کارکنوں کی گہما گہمی کی وجہ سے ماحول پوری طرح سیاسی ہوگیا تھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK