۲۰۲۵ء آج جدا ہوجائیگا۔ وقت کے ساتھ دل کو شاد کرنے اور تسکین پہنچانے والی خبریں کم بلکہ بہت کم ہوگئی ہیں مگر انقلاب نے ایسی ہی چند خبروں کی سرخیوں کو یکجا کیا ہے، ملاحظہ کیجئے
EPAPER
Updated: December 31, 2025, 12:09 AM IST | Mumbai
۲۰۲۵ء آج جدا ہوجائیگا۔ وقت کے ساتھ دل کو شاد کرنے اور تسکین پہنچانے والی خبریں کم بلکہ بہت کم ہوگئی ہیں مگر انقلاب نے ایسی ہی چند خبروں کی سرخیوں کو یکجا کیا ہے، ملاحظہ کیجئے
سال بھر کی خبروں کا جائزہ دراصل وقت کے آئینے میں جھانکنا ہے۔اس لمحے میں ہم روزانہ کی سرخیوں، خبروں اور وقتی شور سے ہٹ کر سال بھر کی کہانی سے ایک لڑی میں پروتے ہیں۔ سیاسی فیصلے ہوں یا معاشی اقدام، عالمی سفارتکاری ہو یا عام آدمی کی زندگی پر اثر انداز ہونے والے واقعات،یہ سب مل کر ایک ایسے سال کی تصویر بناتے ہیں جو محض تاریخ نہیں بلکہ ہمارے اجتماعی تجربہ کا خلاصہ ہوتا ہے۔ سال رفتہ ۲۰۲۵ء بھی ایسا ہی رہا جب اہم خبروں نے ہماری توجہ اپنی جانب مبذول کی۔ ان میں کچھ تلخ تھیں تو کچھ شیریں۔ مثلاً اس سال بھی بی جے پی کی فتوحات کا سلسلہ جاری رہا ، اس نے بہار اور دہلی میں فتح حاصل کی، روہت اور وراٹ کوہلی نے سال کا اختتام بلے بازی رینکنگ میںنمبر ایک اور نمبر ۲؍ پر کیا ۔ دہلی ایک مرتبہ پھر گیس چیمبر بن گئی ، روپے کی قدر میں بھاری گراوٹ رہی، پہلگام دہشت گردانہ حملہ ،آپریشن سیندور ، مہا کمبھ میں بھگدڑ ، ایئر انڈیا کا دردناک حادثہ ، انڈیگو ایئر لائنز کا برا حال ، لال قلعہ دھماکہ ، ووٹ چوری مہم، ایس آئی آر، منریگاکی تبدیلی، وقف قانون کی منظوری، سونے چاندی کی قیمتوں میںمسلسل اضافہ ، بہار کے غیر متوقع نتائج ، ووٹ چوری کیخلاف راہل گاندھی کی ۳؍ پریس کانفرنس، جنریشن زیڈ کا نیپال میں احتجاج ، غرض کئی خبریں ہیں لیکن ہم ان کالموں میںملک کی سب سےبڑی اقلیت کیلئے نرم ہوا کے جھونکےجیسی خبروںکی نشاندہی کررہے ہیں۔
ضلع اکولہ کی پاتور میونسپل کونسل کا بورڈاردو میں لگانے کے تعلق سے شر انگیزی کیخلاف سپریم کورٹ کا تاریخی اور قابل ستائش فیصلہ ۔
آپریشن سیندور میں پاکستان کو منہ توڑ جواب دینےمیں اہم کردار ادا کرنے والی کرنل صوفیہ قریشی کی چہار جانب ستائش ہوئی ۔
انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے دوران محمد سراج کی بے خوف گیند بازی جس کی بدولت ہندوستان ٹیسٹ سیریز بچانے میں کامیاب رہا تھا ۔
کرناٹک کی مشہور وکیل ، سماجی کارکن اور ادیبہ بانو مشتاق کو ان کے ناول ’ہارٹ لیمپ‘ کیلئے بین الاقوامی بُکر انعام سے نوازا گیا۔
کیرالا کے ۱۱؍ سالہ محمد سادان کو صدر جمہوریہ کے ہاتھوں بہادری کے بال پرسکار سے نوازا گیا۔ انہوں نے اپنے ۲؍ دوستوں کی جان بچائی تھی ۔
اکولہ کے روشن شاہ نے غربت اور مشکل حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ایم پی ایس سی امتحان میں ریاست میں ۱۸؍ واں مقام حاصل کیا ۔
خدا کے وجود پر منعقدہ مناظرہ میںناقابل تردید دلائل دینے والے مفتی شمائل راتوں رات سوشل میڈیا پر مقبول ترین افراد میں شامل ہوگئے
حافظ محمد عمار نے عربی اول کی کلاس میں۲؍سال میں ایک بھی سبق ناغہ نہیں کیا۔ حافظ محمد عمار مدرسہ عربیہ ریاض العلوم کا طالب علم ہے۔
پنجاب کے مالیر کوٹلہ ضلع میں سکھ بھائیوں کی جانب سے مسجد کیلئے دی گئی زمین پر تعمیراتی کام مکمل ہو گیا اور مسجد کا افتتاح کیا گیا ۔
سید اکبر الدین کو اقوام متحدہ میں ملک کا مستقل نمائندہ مقرر کیا گیا ۔انہوں نے متعدد معاملات میںملک کا موقف پوری مضبوطی سے پیش کیا ۔
گوونڈی کے محمد عمر شیخ نے اسکالر شپ امتحان میں بی ایم سی اسکولوں میں ٹاپ کیا ۔فیس نہ بھرپانے کی وجہ سے محمد عمر کو اسکول سے نکال دیا گیا تھا ۔
حکومت ہند نے حال ہی میں الہند ایئر لائن کو منظوری دی ۔ اس ایئر لائن کے مالک کیرالا سے تعلق رکھنے والے صنعتکار ٹی محمد حارث ہیں۔
ملک میں لڑکیوں کی تعلیم کے لئے انتھک محنت کرنے والی مشہور سماجی کارکن سفینہ حسین کو باوقار عالمی اعزاز ’ریمن میگ سیسے ‘ سے نوازا گیا
آسام کے مسلم نوجوان اور انجینئرنگ طالبعلم آرین ذیشان احمد نے ۲؍ نئے سیارچے دریافت کئے، انہیں ناسا کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا ۔
پہلگام میں ہونے والے حملے کے دوران دہشت گردوں کو روکنے اور سیاحوں کی جانیں بچانے والے سید عادل حسین شاہ کی بھرپور ستائش