ایرانی وزارت توانائی کے مطابق امریکی حملوں کے بعد جنوبی علاقوں کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ ایران کے بھی حملے۔
EPAPER
Updated: July 18, 2026, 10:45 AM IST | Tehran
ایرانی وزارت توانائی کے مطابق امریکی حملوں کے بعد جنوبی علاقوں کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ ایران کے بھی حملے۔
ایران پر امریکہ کے فضائی حملے جاری ہیں۔ چھٹے روز حملوں میں ایران کے جنوبی علاقوں کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا۔
ایرانی وزارت توانائی کے مطابق امریکی حملوں کے بعد جنوبی علاقوں کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا ہے۔ حملوں میں بندر عباس میں ٹیلی کمیونی کیشن ٹاور کو نشانہ بنایا گیا، جس سے بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا ہے۔
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بدر عباس اور محلقہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری بجلی کے استعمال سے گریز کریں جبکہ شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے دور رہنے اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی حکومت کے ارکان امریکہ کو ایران جنگ جاری رکھنے پر آمادہ کررہے: نائب صدر
اسی دوران ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے شام اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق، ایرانی فورسیز نے جمعہ کو صبح سویرے شام کے علاقے التنف میں قائم امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا۔ اس حملے کے نتیجے میں امریکی فوج کا ایک رڈار سسٹم اور خصوصی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے متعدد ہیلی کاپٹر تباہ ہو گئے جبکہ بڑی تعداد میں امریکی اہلکاروں کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی پاسدارانِ انقلاب نے کویت میں قائم امریکی فوجی اڈے پر نصب ریڈار سسٹم کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول برقرار ہے اور جب تک امریکی حملے جاری رہیں گے، وہ اس اہم آبی گزرگاہ کے ذریعے تیل اور گیس کی برآمدات کو روکتے رہیں گے۔
دوسری جانب گزشتہ روز شام میں ایک بڑی کارروائی کے دوران حزب اللہ کے لئے اسمگل کی جانے والی جدید ہتھیاروں کی ایک بڑی کھیپ ضبط کی گئی تھی۔ یہ جدید میزائل، ڈرونز اور دیگر اسلحہ عراق سے ایک آئل ٹینکر میں چھپا کر شام کے راستے لبنان لے جایا جا رہا تھا۔
دریں اثناء کویت میں کئی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ روسی میڈیا کے مطابق کویت میں امریکی فوجی اڈے پر ایران نے حملہ کیا ہے۔ ایرانی ڈرون نے امریکی میزائلوں کی بیٹری کو نشانہ بنایا ہے جس سے دھوئیں کے بادلوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ امریکی ٹی وی کے مطابق کشیدگی پھر سے شروع ہونے کے بعد سے اب تک ایران مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے تین اڈوں کو نشانہ بناکر نقصان پہنچاچکا ہے۔
اسی دوران ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ جنگ کے بعد آبنائے ہرمز ہمیشہ کے لئےتبدیل ہوگیا ہے اور اسکا ذمہ دار امریکہ ہے۔ انہوں نے خلیجی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین سے امریکہ کو ایران پر حملوں کی اجازت نہ دیں۔