• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریما حسن کی کتاب ’فلسطین ارانتے‘ کا اجراء، فلسطینی مہاجرین کی واپسی کا سوال نمایاں

Updated: November 23, 2026, 6:02 PM IST | Marcy

یورپی پارلیمنٹ کی فلسطینی نژاد رکن ریما حسن نے اپنی نئی کتاب کے ذریعے ۱۹۴۸ء کی فلسطینی بے دخلی، نسل در نسل جاری جلاوطنی اور حقِ واپسی کے سوال کو ذاتی یادوں اور سیاسی تجزیے کے امتزاج سے پیش کیا۔ مارسی میں کتاب کی تقریب میں غیر معمولی دلچسپی دیکھی گئی، جہاں گنجائش ختم ہونے کے بعد بھی مصنفہ نے باہر انتظار کرنے والے قارئین سے ملاقات کی۔

Rima Hassan. Photo: INN
ریما حسن۔ تصویر: آئی این این

یورپی پارلیمنٹ کی رکن ریما حسن نے اتوار 22 نومبر کو فرانسیسی شہر مارسی میں اپنی کتاب ’’فلسطین ارانتے‘‘ (Palestine errante) پیش کی، جس میں فلسطینی مہاجرین کی زندگی، جلاوطنی کی نسل در نسل منتقل ہونے والی یادداشت اور اپنے وطن واپس لوٹنے کے حق جیسے بنیادی سوالات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ فرانسیسی اشاعتی ادارے لا فابریک (La Fabrique) کے تحت ۲۰۲۶ء میں شائع ہونے والی اس کتاب کی تقریب ایٹلیے ژاں بارے (Ateliers Jeanne Barret) میں منعقد ہوئی، جہاں بڑی تعداد میں لوگ مصنفہ سے ملاقات اور گفتگو کے لیے پہنچے۔ تیونسی خبر رساں ویب سائٹ ’’کاپیٹالیس‘‘ کے مطابق تقریب کے آغاز سے پہلے ہی شرکا کی تعداد اتنی بڑھ گئی کہ شام ۴؍ بجکر ۱۰؍ منٹ پر ہال کی گنجائش مکمل ہوچکی تھی۔ کئی افراد جگہ نہ ہونے کے باعث اندر داخل نہیں ہوسکے۔ صورت حال کا علم ہونے پر ریما حسن خود باہر موجود لوگوں سے ملنے پہنچیں، ان سے معذرت کی، گفتگو کی، تصاویر بنوائیں اور اپنی کتابوں پر دستخط بھی کیے۔ انہوں نے مارسی واپس آنے کا وعدہ بھی کیا۔ اس موقع پر مصنفہ کو ان کی کتاب کے الجزائر میں شائع ہونے والے ایڈیشن کی ایک نقل بھی پیش کی گئی، جسے دیکھ کر انہوں نے خوشی اور جذبات کا اظہار کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: مغربی بنگال: کرسمس کے پیش نظر گرجا گھروں اور مشنری اسکولوں کی سیکوریٹی کا مطالبہ

’’فلسطین ارانتے‘‘ فرانسیسی زبان میں ۶؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو شائع ہوئی۔ ۱۲۸؍ صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت ۱۴؍ یورو درج کی گئی ہے۔ اس کا الجزائر میں میڈیا پلس (Média-Plus) کے ذریعے بھی مشترکہ اشاعتی منصوبے کے تحت ایڈیشن شائع کیا گیا ہے۔ اس طرح کتاب کی اشاعت فرانس سے آگے شمالی افریقہ تک پہنچی ہے اور بحیرۂ روم کے دونوں کناروں کے درمیان فلسطینی تاریخ اور مہاجرت کے موضوع پر ادبی و فکری رابطے کا ذریعہ بنی ہے۔ ریما حسن کی اپنی خاندانی تاریخ اس کتاب کا مرکزی حوالہ ہے۔ وہ شام کے شہر حلب کے قریب واقع فلسطینی پناہ گزین کیمپ نیرب (Neirab) میں پیدا ہوئیں اور ۱۹۴۸ء کی نکبہ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تیسری نسل سے تعلق رکھتی ہیں۔ بعد میں وہ اپنی والدہ کے پاس فرانس منتقل ہوگئیں۔ کتاب میں ان کی والدہ کی زندگی کا ایک ادھورا خواب بھی اہم مقام رکھتا ہے۔ وفات سے کچھ عرصہ قبل ان کی والدہ نے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ شام کے اسی پناہ گزین کیمپ میں واپس جانا چاہتی ہیں جہاں انہوں نے زندگی گزاری تھی، لیکن یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔ والدہ کی یہ نامکمل آرزو ریما حسن کے لیے محض ایک خاندانی یاد نہیں رہی بلکہ اس نے انہیں واپسی، شناخت اور وطن سے تعلق کے مفہوم پر دوبارہ غور کرنے پر آمادہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: فلسطین کا مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کار دہشت گردی کے خلاف اقدامات کا مطالبہ

مصنفہ نے کتاب میں لبنان، اردن اور شام کے فلسطینی پناہ گزین کیمپوں کے سفر اور وہاں کے مشاہدات کو بھی شامل کیا ہے۔ ان تجربات کے ذریعے وہ یہ سوال اٹھاتی ہیں کہ جب کسی خاندان کی کئی نسلیں اپنے اصل وطن سے دور پیدا ہوں اور ان کی زندگی کا بڑا حصہ مہاجرت میں گزرے تو واپسی کا مطلب کیا رہ جاتا ہے؟ کیا یہ صرف جائے پیدائش تک پہنچنے کا نام ہے، یا اس میں خاندان کی یادوں، زمین سے تعلق اور اجتماعی شناخت کی بحالی بھی شامل ہے؟ کتاب میں فلسطین پہنچنے کی ان کی ناکام کوششوں کا ذکر بھی ہے، جن میں فریڈم فلوٹیلا (Freedom Flotilla) سے متعلق تجربات شامل ہیں۔بین الاقوامی قانون کی ماہر ریما حسن نے پناہ گزین کیمپوں کے مسائل پر تحقیق اور آگاہی کے لیے آبزرویٹری آف ریفیوجی کیمپس (Observatoire des Camps de Réfugiés) بھی قائم کی تھی۔ وہ یورپی پارلیمنٹ کی رکن ہونے کے ساتھ فلسطینی حقوق کے لیے سرگرم کارکن بھی ہیں۔ ان کا استدلال ہے کہ فلسطین کے مستقبل پر ہونے والی سیاسی بحث میں ان مہاجرین کو مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے جنہیں ۱۹۴۸ء میں بے گھر کیا گیا اور جن کی نسلیں آج بھی واپسی کے حق کا مطالبہ کررہی ہیں۔
کتاب میں فلسطین کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے ایک ریاست کے تصور پر بھی بحث کی گئی ہے، جس میں بحیرۂ روم سے دریائے اردن تک کے علاقے میں ایک مشترکہ ریاست کے امکان پر غور کیا گیا ہے۔ اس طرح مصنفہ کا کام ذاتی یادداشت اور خاندانی تاریخ سے آگے بڑھ کر فلسطینی مسئلے کے سیاسی اور قانونی پہلوؤں تک پہنچتا ہے۔ مارسی کی تقریب میں کتاب کے لیے سامنے آنے والی دلچسپی اور الجزائر میں اس کی اشاعت اس بات کی علامت ہے کہ فلسطینی جلاوطنی اور حقِ واپسی کا موضوع ادبی حلقوں اور عام قارئین کے درمیان بھی توجہ حاصل کررہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK