بڑھتے حملوں اور رخنہ اندازی کے سبب عیسائیوں کی تنظیم این سی سی کی وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری سے اپیل۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 3:09 PM IST | Agency | Kolkata
بڑھتے حملوں اور رخنہ اندازی کے سبب عیسائیوں کی تنظیم این سی سی کی وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری سے اپیل۔
نیشنل کرسچن کونسل (این سی سی) مغربی بنگال نے وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری سے اپیل کی ہے کہ ریاست بھر میں کرسمس کی تقریبات پرامن طریقہ سے منعقد کرانے اور گرجا گھروں، مشنری اسکولوں سمیت دیگر عیسائی اداروں کے تحفظ کیلئے مناسب حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
کرسچن تنظیم نے مبینہ حملوں، دھمکیوں اور مذہبی سرگرمیوں میں خلل ڈالے جانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ ادھیکاری کے نام تحریر کردہ مکتوب میں این سی سی کے ریاستی جنرل سیکریٹری ریورنڈ ڈاکٹر ارپن رانا نے گزشتہ ساڑھے چھ ماہ کے دوران گرجا گھروں اور عیسائی برادری کی عبادت گاہوں سے متعلق پیش آنے والے مبینہ واقعات پر تشویش ظاہر کی ہے۔ کونسل نے حکومت سے احتیاطی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عیسائی برادری خوف اور کسی رکاوٹ کے بغیر کرسمس منا سکے۔
یہ بھی پڑھئے: روس کا یوکرین پر حملہ، ایک بچے سمیت۲؍ افراد ہلاک،۶۰؍ زخمی
این سی سی نے بتایا کہ اس نے اس سے قبل بھی ۲۸؍ مئی،۸؍ جون،۹؍جولائی اور۲؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو وزیر اعلیٰ کے دفتر میں چار عرضداشتیں پیش کرکے حکومتی مداخلت کی درخواست کی تھی۔ تاہم، اب ایک بار پھر ریاستی حکومت سے ان خدشات کا ازالہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔مالدہ میں حالیہ واقعات، بالخصوص ایک عیسائی مشنری اسکول سے متعلق معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کونسل نے کہا کہ مشنری اداروں اور مذہب کی تبدیلی سے متعلق عوامی بیانات نے عیسائی برادری میں پائی جانے والی تشویش میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
کرسمس کے پیش نظر وزیر اعلیٰ ادھیکاری سے درخواست ہے کہ وہ متعلقہ ضلع مجسٹریٹس، سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور مقامی پولیس حکام کو ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دیں۔ گرجا گھروں، مشنری اسکولوں اور دیگر عیسائی اداروں میں مناسب حفاظتی انتظام کریں، تاکہ کرسمس کی تقریبات، دعائیہ اجتماعات اور دیگر مذہبی پروگرام بغیر کسی رکاوٹ کے منعقد ہوسکیں۔
-جنرل سیکریٹری ،نیشنل کرسچن کونسل مغربی بنگال