• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انہیں بچپن جینے کا حق ملنا چاہئے: لوئس ہیملٹن کی غزہ سے مصر منتقل بچوں سے ملاقات

Updated: November 14, 2026, 10:03 PM IST | Cairo

سات بار کے فارمولا ون عالمی چیمپئن نے گولیوں کا نشانہ بننے اور شدید جھلسنے والے فلسطینی بچوں کے حوصلے کو سراہا؛ مستقبل میں ڈاکٹر اور استاد بننے کے خواب سن کر متاثر ہوئے، کہا کہ انہیں صرف زندہ رہنے نہیں بلکہ محفوظ ماحول میں بڑے ہونے اور خواب دیکھنے کا موقع بھی ملنا چاہئے۔

Formula 1 World Champion Lewis Hamilton with injured Palestinian children. Photo: X
فارمولا ون عالمی چیمپئن لوئس ہیملٹن زخمی فلسطینی بچوں کے ساتھ۔ تصویر: ایکس

سات بار کے فارمولا ون عالمی چیمپئن لوئس ہیملٹن نے مصر میں غزہ سے منتقل کیے گئے زخمی فلسطینی بچوں سے ملاقات کے بعد ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ ان بچوں کو محض زندہ رہنے کا موقع دینا کافی نہیں، انہیں اپنا بچپن جینے، تعلیم حاصل کرنے، اپنے خاندانوں کے ساتھ رہنے اور مستقبل کے خواب دیکھنے کا حق بھی ملنا چاہئے۔ ان بچوں میں بعض گولیوں کا نشانہ بنے تھے، جبکہ کچھ شدید جھلسنے اور جنگ کے باعث پیدا ہونے والے نفسیاتی صدموں سے گزر رہے ہیں۔ ہیملٹن کے مطابق ان تمام تکلیف دہ تجربات کے باوجود بچوں کے چہروں پر خوشی اور ایک دوسرے کے ساتھ ہنسنے مسکرانے کی صلاحیت نے انہیں بے حد متاثر کیا۔ فیراری کی جانب سے فارمولا ون میں حصہ لینے والے برطانوی ڈرائیور نے ۱۳؍ نومبر کو سوشل میڈیا پر اپنی ملاقات کی تصاویر کے ساتھ تفصیلی پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا،’’غزہ سے مصر منتقل کیے گئے اور INARA کی مدد حاصل کرنے والے فلسطینی بچوں سے ملاقات نے میرا دل توڑ دیا۔ یہ خوب صورت اور ذہین بچے ایسے صدموں، غم اور خوف ناک زخموں سے گزرے ہیں جن کا سامنا دنیا کے کسی بچے کو نہیں کرنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے بعض بچوں کو حملوں کے دوران گولیاں لگی تھیں، جبکہ کچھ بری طرح جھلس گئے تھے اور اب بھی صحت یابی کے ایک طویل اور پیچیدہ مرحلے سے گزر رہے ہیں۔

ہیملٹن کے مطابق ان بچوں سے گفتگو کے دوران انہیں سب سے زیادہ جس بات نے متاثر کیا، وہ ان کا حوصلہ اور ایک دوسرے کے ساتھ خوشی کے لمحات تلاش کرنے کی صلاحیت تھی۔ انہوں نے بچوں سے پوچھا کہ بڑے ہوکر وہ کیا بننا چاہتے ہیں تو کئی بچوں نے ڈاکٹر اور استاد بننے کی خواہش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی دوسروں کی اسی طرح مدد کرنا چاہتے ہیں، جیسے مشکل وقت میں ان کی مدد کی گئی۔ ہیملٹن نے لکھا،’’ان تمام تجربات سے گزرنے کے بعد بھی وہ ایک ایسے مستقبل کا تصور کررہے ہیں جس میں وہ دوسروں کی دیکھ بھال کرسکیں۔ یہ بات میرے ذہن میں رہ گئی ہے۔‘‘ یہ ملاقات صرف بچوں سے مختصر گفتگو تک محدود نہیں تھی۔ ہیملٹن نے مصر میں ایک اسکول، اسپتال اور ذہنی صحت کے مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے غزہ سے آنے والے بچوں کی تعلیمی، طبی اور نفسیاتی بحالی کے انتظامات دیکھے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے گھروں میں جاکر ان کی کہانیاں بھی سنیں۔ ان گفتگوؤں میں عزیزوں کی موت، خاندانوں کے افراد سے جدائی، بے گھری اور مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورت حال کے واقعات شامل تھے۔ ہیملٹن نے کہا کہ اپنے بچوں، والدین اور بہن بھائیوں سے بچھڑنے والے خاندانوں کے درد اور اس غیر یقینی کیفیت کو سمجھنا آسان نہیں۔
ان بچوں کی حالت نے انہیں غزہ میں اب بھی موجود بچوں کی صورت حال کی طرف بھی متوجہ کیا۔ ہیملٹن نے اپنے پیغام میں مختلف رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ۲۱۵۰۰؍ سے زیادہ فلسطینی بچے جاں بحق اور تقریباً ۴۵؍ ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار انہوں نے اپنے پیغام میں رپورٹوں کے حوالے سے پیش کیے۔ ان کا کہنا تھا،’’ان میں سے ہر ایک کا اپنا گھر اور ایک مستقبل تھا۔ ہم انہیں فراموش نہیں کرسکتے۔‘‘ انہوں نے فلسطینی بچوں کی زندگیوں کا دوسرے ممالک کے بچوں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا،’’یہ بچے آپ کے بچوں سے مختلف نہیں ہیں۔ ان کی زندگیاں بھی اتنی ہی قیمتی ہیں۔ انہیں اپنے دوستوں کے ساتھ محفوظ ماحول میں کلاس روم میں بیٹھنے، اپنے خاندانوں کے ساتھ رہنے اور مستقبل کے بارے میں خواب دیکھنے کے قابل ہونا چاہئے۔‘‘ ہیملٹن نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ جن بچوں سے انہوں نے ملاقات کی، انہیں علاج، ذہنی صحت کی مدد اور تعلیم کی سہولت مل رہی ہے، لیکن اس حقیقت کو افسوس ناک قرار دیا کہ انہیں یہ تحفظ حاصل کرنے کے لیے اپنے گھر چھوڑنے پڑے۔

ہیملٹن نے اس کام میں مصروف انسانی امدادی تنظیم انارا (INARA، انٹرنیشنل نیٹ ورک فار ایڈ، ریلیف اینڈ اسسٹنس) کے ڈاکٹروں اور کارکنوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تنظیم کے ڈاکٹر حازم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ بچوں کو طبی علاج، نفسیاتی مدد اور تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ان کے خاندانوں کی بھی مدد کررہے ہیں۔ انارا تنازعات سے متاثرہ بچوں اور خاندانوں کو طبی امداد، بحالی، ذہنی و نفسیاتی معاونت اور دیگر انسانی سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ ہیملٹن کا مصر کا یہ دورہ صرف زخمی بچوں سے ملاقات تک محدود نہیں تھا۔ ۱۰؍ نومبر کو انہوں نے مصر کی جانب رفح سرحدی گزرگاہ اور شمالی سینا کے شہر العریش میں مصری ہلال احمر کے امدادی گوداموں کا دورہ بھی کیا تھا۔ شمالی سینا کے گورنر خالد مجاور ان کے ہمراہ تھے۔ وہاں انہوں نے غزہ کے لیے بھیجی جانے والی امداد کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور ترسیل کے انتظامات کا جائزہ لیا اور امدادی کارکنوں سے گفتگو کی۔ ہیملٹن نے اس موقع پر امدادی سامان کی غزہ میں آمد میں رکاوٹوں اور تاخیر پر تشویش ظاہر کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ طبی آلات اور بچوں کے لیے ضروری سامان کی فراہمی میں رکاوٹیں پہلے سے مشکل حالات کو مزید سنگین بناتی ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہیملٹن نے فلسطینی بچوں کی مدد اور غزہ کی انسانی صورت حال کی طرف توجہ دلائی ہو۔ اس سے قبل وہ اردن میں بھی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے چکے ہیں، جہاں انہوں نے طبی علاج کے لیے غزہ سے منتقل کیے گئے بچوں اور امدادی ٹیموں سے ملاقات کی تھی۔ وہ ماضی میں بھی جنگ اور انسانی بحرانوں سے متاثرہ بچوں کے حق میں آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ ۲۰۲۱ء میں انہوں نے ’مشن ۴۴‘ کے نام سے ایک فلاحی ادارہ قائم کیا تھا، جس کا مقصد محروم پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع بہتر بنانا ہے۔ اپنے تازہ پیغام کے اختتام پر ہیملٹن نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ فلسطینی بچوں کی تکالیف کو معمول کی خبر سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے۔ انہوں نے لکھا،’’انہیں صرف زندہ رہنے سے زیادہ کی ضرورت ہے۔ انہیں بڑے ہونے کی آزادی، اپنے ماضی کے تکلیف دہ تجربات سے آگے بڑھ کر خواب دیکھنے کا موقع اور محض بچے بن کر جینے کا حق ملنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انارا جیسی تنظیموں کی مدد کریں، اپنی آواز بلند کریں اور متاثرہ بچوں کو یہ احساس دلائیں کہ دنیا ان کی پروا کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK