Updated: November 14, 2026, 9:02 PM IST
| New Delhi
ہندوستان غزہ کے لیے انسانی امدادکی ترسیل کے مطالبے کے لیے۵۰؍ اقوام متحدہ ممالک میں شامل ہو گیا ہے، اقوام متحدہ میں ہندوستان کی نائب مستقل نمائندہ، سفیر یوجنا پٹیل، نے جمعرات کو اردن، قطر اور برطانیہ کی زیر قیادت میڈیا بریفنگ میں دیگر اقوام متحدہ کے سفیروں کے ساتھ شمولیت اختیار کی، شریک ممالک نے غزہ میں انسانی رسائی اور صحت پر کارروائی کے مطالبے کی توثیق کی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ہندوستان نے غزہ میں انسانی اور صحت کی دیکھ بھال کی رسائی کو بہتر بنانے کے مطالبے کی توثیق میں اقوام متحدہ کے۵۰؍ دیگر رکن ممالک میں شمولیت اختیار کی ہے کیونکہ موسم سرما قریب آ رہا ہے۔ ساتھ ہی خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو محفوظ بنانے کے لیے نئی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن نے جمعہ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’جیسے جیسے موسم سرما آ رہا ہے، ہندوستان غزہ میں مصیبت زدہ شہریوں، خاص طور پر خواتین اور بچوں، کو محفوظ، مستقل اور بلا روک ٹوک انسانی امداد کی اہمیت کا اعادہ کرتا ہے۔ہم شہریوں کے تحفظ، بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام کو یقینی بنانے، اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی طرف نئی کوششوں کی ضرورت کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔‘‘
پی ٹی آئی کے مطابق، اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل نمائندہ، سفیر سارہ میک انٹوش، نے شریک ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ بیان دیا، جس میں آسٹریلیا، آسٹریا، بحرین، بیلجیم، برازیل، کینیڈا، مصر، فرانس اور یونان شامل تھے۔مشترکہ بیان میں، ممالک نے کہا کہ اسرائیل میں انتخابات کے بعد، وہ آنے والی اسرائیلی حکومت سے پورے غزہ میں تیز رفتار اور بلا روک ٹوک انسانی رسائی کی اجازت دینے اور سہولت فراہم کرنے کے اپنے مطالبے کا اعادہ کر رہے ہیں۔انہوں نے آنے والی حکومت سے مصری اور اردنی انسانی راہداریوں کے آپریشن کو سہولت فراہم کرنے اور اضافی اہم اشیاء، خاص طور پر پناہ گاہ کا مواد، ایندھن، پانی، صفائی اور صحت کی فراہمی کی منظوری دینے کا بھی مطالبہ کیا، تاکہ عوامی صحت میں مزید خرابی کو روکا جا سکے۔مزید برآں بیان میں ان لوگوں کے لیے جو بیماریوں اور زخموں میں مبتلا ہیں جن کا غزہ میں مناسب علاج نہیں ہو سکتامشرقی یروشلم اور مغربی کنارے کے اسپتالوں میں طبی ریفرل روٹ کو بحال کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا ۔علاوہ ازیں اس نے بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں، طبی سہولیات اور طبی نقل و حمل کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ان تمام ممالک نے صحت کی دیکھ بھال اور انسانی کارکنوں پر حملوں کی شفاف مجرمانہ تحقیقات شروع کرنے اور تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔اس کے علاوہ ممالک نے غزہ میں انسانی کوششوں کی حمایت کرنے کا عہد کیا، بشمول موسم سرما کی فوری تیاریاں۔ یہ کوششیں پناہ گاہ، پانی، صفائی اور صحت کی فراہمی کا احاطہ کریں گی جس کا مقصد مصائب کو کم کرنا اور عوامی صحت کے خطرات کو محدود کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: خیمہ میں ۹؍ ماہ کا ’کنعان‘ سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق
واضح رہے کہ مشترکہ اقدام غزہ میں بلا روک ٹوک امداد کی رسائی کو محفوظ بنانے، شہریوں اور صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے تحفظ، اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی طرف نئی کوششوں کے دوران ضروری موسم سرما کی فراہمی فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔