Updated: November 14, 2026, 8:35 PM IST
| Srinagar
دنیا کی مشہور ڈل جھیل، جو جموں کشمیر میں واقع ہے، میں ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی روایتی شکارہ ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میںخواتین اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔ یہ ریس بالخصوص خواتین کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور آبی کھیلوں میں انہیں مواقع فراہم کرنے کی غرض سے منعقد کی گئی تھی۔ خواتیں نے ریس حصہ لے کر اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کی اورمنتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی اس طرح کی تقریب کا انعقاد کرنے کی درخواست کی۔
خواتین کے کھیلوں کے جذبے اور ثقافتی ورثے کے ایک پُرجوش جشن کے طور پر، آج صبح سویرے دنیا کی مشہور ڈل جھیل پر تقریباً ۸۰؍ روایتی شکارے قطار میں کھڑے دکھائی دئیے، جہاں خاص طور پر خواتین کیلئے منعقد کی گئی روایتی شکارہ ریس میں تقریباً ۱۷۰؍ خواتین اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔اس تقریب کا مقصد خواتین، بالخصوص ڈل جھیل اور اس کے آس پاس رہنے والی خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا، آبی کھیلوں (واٹر اسپورٹس) میں مواقع تلاش کرنا اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں ان کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس ایونٹ نے اس تاریخی جھیل میں توانائی کی ایک نئی لہر دوڑا دی، جس نے سیاحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی اور آبی کھیلوں اور ایڈونچر سیاحت کے مرکز کے طور پر کشمیر کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا۔
یہ بھی پڑھئے: دونوں این سی پی کے انضمام پرسیاسی بحث پھر تیز
محکمہ واٹر اسپورٹس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ کوچ بلقیس میر کی جانب سے منعقد کیا گیا یہ ایونٹ کھیلوں میں خواتین کی شرکت کو فروغ دینے کی سمت ایک اور اہم قدم ثابت ہوا۔ بلقیس میر، جنہوں نے چھ سال کی عمر میں ڈل جھیل سے اپنے کایاکنگ کے سفر کا آغاز کیا تھا، نے عالمی سطح پر شناخت حاصل کی اور پیرس اولمپکس میں بطور جج خدمات انجام دینے والی واحد ہندوستانی خاتون بنیں۔تقریب کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے بلقیس میر نے کہا کہ تقریباً تین ماہ کی تیاری کے بعد اس ریس کے دوسرے ایڈیشن میں زبردست ردعمل دیکھنے کو ملا، جس میں تقریباً ۱۷۰؍ لڑکیوں اور ۷۰؍ کشتیوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا، ’’ اس ریس کا دوسرا ایڈیشن بے حد کامیاب رہا ہے۔ سب سے متاثر کن مناظر میں سے ایک ماؤں اور بیٹیوں کو ایک ساتھ حصہ لیتے اور ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دیکھنا تھا، جس نے خواتین کو بااختیار بنانے اور کھیلوں میں خاندان کی شمولیت کا ایک مضبوط پیغام دیا۔ اس تقریب نے نہ صرف مقامی ٹیلنٹ کو پہچاننے میں مدد دی ہے بلکہ آبی کھیلوں میں جموں کشمیر کی بے پناہ صلاحیتوں کو بھی دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’نوجوان خواتین کھلاڑیوں کی موجودگی سے ڈل جھیل کو زندہ دل ہوتے دیکھنا، جبکہ سیاحوں کی توجہ اور حوصلہ افزائی بھی حاصل کرنا، واقعی ایک خاص تجربہ تھا۔ ہمیں امید ہے کہ ہم اسے ایک سالانہ تقریب بنائیں گے اور بالآخر اسے قومی سطح پر لے جائیں گے، جس سے کھیلوں اور سیاحت دونوں کو فروغ ملے گا۔ میرا پختہ یقین ہے کہ بچوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئے پلیٹ فارمز کی ضرورت ہے اور خواتین کی اسپورٹس لیگز اور مقابلوں پر زیادہ توجہ دی جانی چاہئے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’شرد پوار پارلیمنٹ میں ووٹوں کی ’چوری‘ اور ایس آئی آر کا معاملہ شدت سے اٹھائیں گے‘‘
بلقیس میر نے ضلعی انتظامیہ، ریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے والے ڈپٹی کمشنراور اس اقدام کے پیغام کو جموں کشمیر سے باہر پہنچانے میں پُرجوش کوریج اور تعاون کرنے پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بہت سی نوجوان کھلاڑیوں کیلئے یہ ریس محض ایک کھیل کا مقابلہ نہیں تھی، بلکہ اس نے انہیں اپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے، خود اعتمادی پیدا کرنے، قیمتی تجربہ حاصل کرنے اور آبی کھیلوں میں آگے بڑھنے کے امکانات تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا۔اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے، ریس میں شریک عصمت مقبول نے کہا کہ مسلسل دوسری بار اس ایونٹ میں حصہ لینے سے ان کا تجربہ اور بھی یادگار بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ایک شاندار تجربہ تھا اور دوسری بار حصہ لینے نے اسے مزید خاص بنا دیا۔ ہمیں قیمتی تجربہ اور مختلف ریسیز اور ایونٹس میں حصہ لینے کے مواقع ملے ہیں۔ اس طرح کے پلیٹ فارمز انتہائی ضروری ہیں کیونکہ یہ لڑکیوں کو تربیت حاصل کرنے، اپنی مہارتوں کو نکھارنے اور اپنا ٹیلنٹ دکھانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ لڑکیاں لڑکوں سے کسی طور کم نہیں ہیں، ان میں بھی اتنی ہی، بلکہ اس سے بھی زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اڈانی پروجیکٹ کی’ ہیراپھیری‘ پرکانگریس نےسرکارکو گھیرا
شرکاء نے خواتین کیلئے مخصوص اسپورٹس پلیٹ فارمز بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات کھیلوں میں صنفی فرق کو ختم کرنے اور مزید لڑکیوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کی ترغیب دینے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایک اور شریک کھلاڑی، علیزہ نے خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور یہ پلیٹ فارم فراہم کرنے پر جموں و کشمیر واٹر اسپورٹس کایاکنگ اینڈ کینوئنگ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا، ’’اس تقریب میں اتنی بڑی تعداد میں لڑکیوں کو حصہ لیتے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ ہمیں یہ شاندار موقع فراہم کرنے پر میں جموں کشمیر واٹر اسپورٹس کایاکنگ اینڈ کینوئنگ ایسوسی ایشن کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ ایسے اقدامات لڑکیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور قومی و بین الاقوامی مقابلوں تک آگے بڑھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ مستقبل میں مزید لڑکیاں حصہ لیں گی اور اس طرح کے ایونٹس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے۔‘‘
ریس میں حصہ لینے والی مدیحہ نے کہا کہ یہ اقدام ایک ایسے خطے میں خاص طور پر اہمیت رکھتا ہے جہاں روایتی طور پر کھیلوں کے مواقع مردوں کو زیادہ میسر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے یہ پلیٹ فارم فراہم کرنے پر میں جموں کشمیر واٹر اسپورٹس کایاکنگ اینڈ کینوئنگ ایسوسی ایشن کی شکر گزار ہوں۔ کشمیر میں زیادہ تر کھیلوں کے مقابلے مردوں کیلئے منعقد کئے جاتے ہیں، اس لئے اس اقدام نے خواتین کو آگے آنے کا ایک قیمتی موقع دیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس طرح کے مزید پلیٹ فارمز بنائے جائیں گے، تاکہ کھیلوں میں آگے بڑھنے کیلئے خواتین کو مساوی مواقع یقینی بنائے جا سکیں۔ لڑکیاں لڑکوں سے کم نہیں ہیں اور وہ بڑی بلندیاں حاصل کر سکتی ہیں۔‘‘ محض ایک مقابلے سے بڑھ کر، یہ تقریب خواتین کو بااختیار بنانے، سب کو ساتھ لے کر چلنے اور کھیلوں میں مساوی مواقع پیدا کرنے کی اہمیت کا ایک طاقتور پیغام ثابت ہوئی۔ خواتین اور لڑکیوں کے ہاتھوں میں چپو تھامے درجنوں شکاروں کا ڈل جھیل پر رواں دواں ہونا سیاحوں کیلئے بھی ایک منفرد نظارہ تھا، جس نے کشمیر کی روایتی شناخت کو ابھرتے ہوئے اسپورٹس کلچر کے ساتھ خوبصورتی سے جوڑ دیا۔