Inquilab Logo

جے ڈی یو سربراہ نتیش کماراورجنرل سیکریٹری پون ورما کے درمیان لفظی جنگ تیز

Updated: January 24, 2020, 11:39 AM IST | Agency | Patna

سیاسی قلابازیوں اور اقتدار کی لالچ کی وجہ سے بدنام نتیش کمار اور جے ڈی یو کے جنرل سیکریٹری پون ورما کے درمیان ایک بار پھر لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

نتیش کمار اور پون ورما ۔ تصویر : آئی این این
نتیش کمار اور پون ورما ۔ تصویر : آئی این این

 پٹنہ : سیاسی قلابازیوں اور اقتدار کی لالچ کی وجہ سے بدنام نتیش کمار اور جے ڈی یو کے جنرل سیکریٹری پون ورما کے درمیان ایک بار پھر لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ شہریت ترمیمی قانون کے موضوع پر اپنے متذبذب رویے کی وجہ سے پارٹی لیڈروں کی تنقید جھیلنے والے نتیش کمار نے مخالفین کے تعلق سے بیان دیا کہ انہیں جہاں جاناہے، جائیں، انہیں (نتیش کمار) کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ نتیش کمار نے مزید کہا کہ پون ورما کے بیان سے وہ حیران ہیں، اگر انہیں کچھ کہنا تھا تو انہیں پارٹی فورم میں یہ بات رکھنی چاہئے تھی، یوں سرِ عام اعتراض نہیں کرنا چاہئے تھا۔اس پر پون ورما نے طنزیہ لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کی زبانی یہ سن کر اچھالگا کہ پارٹی فورم پر اب کچھ کہنے کی اجازت ہوگی۔  
 خیال رہے کہ نتیش کمار نے نیتاجی سبھا ش چندر بوس کی جینتی پر گاندھی میدان میں اُن کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کر نے کے بعد میڈیا سے وابستہ نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ پون ورما کے دہلی اسمبلی انتخاب کیلئے جے ڈی یو، بی جے پی اتحاد پر دیئے گئے بیان کے بارے میں سوال پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ ’’یہ پارٹی کا نہیں بلکہ ان کا اپنا بیان ہے، وہ اسکالر ہیں، میں ان کی عزت کرتاہوں ، بھلے ہی وہ ہم لوگوں کی عزت نہ کریں۔ یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے،جہاں جانا ہو وہ جائیں،ہم کواس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ان کیلئے ہماری نیک خواہشات ہیں۔‘‘ 
  پون ورما نے مستقبل کے منصوبوں کیلئے جے ڈی یو صدر کی جانب سے نیک تمناؤں پر انہیں مبارکباد پیش کی لیکن اسی کے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ ان کے ذریعہ تحریر کئے گئے خط  کا جواب ابھی تک موصول نہیں ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ’’ نتیش  جی کہتے ہیں کہ من میں کوئی بات ہو تو صلاح ومشورہ کرنا چاہئے۔اس کیلئے میں نتیش کمار کے اس بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں کہ جے ڈی یو میں صلاح ومشورہ کیلئے مقام ہے لیکن خط لکھنے کا میرا مقصد انہیں تکلیف پہنچانا نہیں  تھا۔‘‘
 جے ڈی یو جنرل سیکریٹری نے کہا کہ ’’میں صرف جے ڈی یو سے نظریات پر وضاحت چاہتا ہوں۔ مجھے ابھی بھی میرے خط کے جواب کا انتظار ہے ۔ جواب ملنے کے بعد ہی میں اپنے مستقبل کی حکمت عملی  کی وضاحت کروں گا۔‘‘
 خیال رہے کہ پون ورما نے منگل کو جے ڈی یو کے قومی صدر نتیش کمار سے دہلی اسمبلی انتخاب کیلئے جے ڈی یوکی، بی جے پی سے اتحاد کی وجوہات  پر وضاحت کرنے کے ساتھ ہی سی اے اے این آر سی اور این پی آر پر اپنا رخ واضح کرنے کیلئے خط لکھا تھا۔اس کے بعد ہی سے بہار سے لے کر دہلی تک سیاسی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK