Inquilab Logo

لون ایپ بلاک کرنے کی کارروائی شروع، راجستھان سے ایجنٹ گرفتار

Updated: June 01, 2022, 11:54 AM IST | Mumbai

ایپ ڈائون لوڈ کرتے وقت فراہم کی گئی تفصیلات کی بنیاد پر بغیر مانگے معمولی رقم بینک اکائونٹ میں ڈال کر کئی گنا رقم وصول کی جاتی ہے

Police have asked citizens not to take money from the loan app..Picture:INN
پولیس نے شہریوں کو لون ایپ سے پیسے نہ لینے کی درخواست کی ہے۔۔ تصویر: آئی این این

 لون ایپ کے ذریعہ بغیر مانگے بینک اکائونٹ میں پیسے ڈال کر کئی گنا زیادہ رقم وصول کرنے کی لگاتار شکایتیں موصول ہونے کی بنیاد پر ممبئی پولیس نے ۱۰۰؍ لون ایپ کو بلاک کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ اس دوران لون ایپ کے وصولی ایجنٹ کے ذریعہ ممبئی کے ایک شخص کو ہراساں کرکے خودکشی پر مجبور کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک ایجنٹ کو راجستھان سے گرفتار کرلیا ہے۔ جبکہ گزشتہ ۴؍ دنوں کے دوران لون ایپ سے پیسہ وصول کرنے کے معاملے میں مزید ۴؍ ایف آئی آر درج ہوئی ہیں جن سے ایسے معاملات میں درج کی جانے والی ایف آئی آر کی تعداد ۲۷؍ تک پہنچ گئی ہے۔ اگرچہ پولیس نے ۱۰۰؍ لون ایپ کو بلاک کرنے کی کارروائی شروع تو کردی ہے لیکن انہیں اس بات کا اعتراف بھی ہے کہ یہ ایپ کسی دیگر نام سے دوبارہ شروع کئے جاسکتے ہیں اس لئے پولیس کو مستقبل میں ان پر نظر رکھنی ہوگی۔ واضح رہے کہ لون ایپ کے کام کرنے کا طریقہ کار یہ ہوتا ہے کہ جب کسی بھی لون ایپ کو ڈائون لوڈ کیا جاتا ہے تو اس میں بہت سی ذاتی تفصیلات کے ساتھ بینک اکائونٹ کی تفصیلات اور اپنے موبائیل فون کے تمام کانٹیکٹ تک رسائی کی اجازت دینی ہوتی ہے۔ ایپ ڈائون لوڈ کرتے وقت درج کی گئی تفصیلات کی بنیاد پرصرف ایپ ڈائون لوڈ کرنے پر کچھ رقم ایپ ڈائون لوڈ کرنے والے کے اکائونٹ میں منتقل کردی جاتی ہے اور محض ۲؍ سے ۳؍ روز میں قرض کے نام پر دی گئی رقم سے کئی گنا زیادہ پیسے سود کے طور پر واپس مانگنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اور اس رقم کو وصول کرنے کیلئے ایجنٹ متاثرہ شخص کی کانٹکٹ لسٹ میں موجود تمام نمبروں پر اس شخص کی کمپیوٹر کے ذریعہ تبدیل کی گئی بے ہودہ تصویریں بھیجتے ہیں۔
 یہی معاملہ ملاڈ میں رہائش پذیر ۳۸؍ سالہ سندیپ کوریگائونکر کے ساتھ پیش آیا تھا جو نقلی زیورات بنانے کی ایک فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔ اس نے ایک لون ایپ ڈائون لوڈ کیا تھا اور اس کے بعد سے ہی اس سے پیسوں کا مطالبہ کیا جانے لگا اور پھر اس کی نازیبا تصویریں اس کے اہلِ خانہ، دوستوں ، رشتہ داروں اور ساتھ میں کام کرنےو الوں کو بھیجی گئیں جس سے پریشان ہوکر سندیپ نے خودکشی کرلی۔ اس خودکشی کے معاملے میں پولیس نے راجستھان سے راجو کھڈائو کو اتوار کو گرفتار کرکے پیر کو عدالت میں پیش کیا جہاں جج نے اسے پولیس تحویل میں بھیج دیا  ہے۔ اس دوران پولیس نے ۱۰۰؍ لون ایپ کو بلاک کرنے کے لئے ان کی تفصیلات قومی نوڈل ایجنسی ’سی ای آر ٹی۔اِن‘ کو بھیج دی ہیں۔اس نوڈل ایجنسی کو کمپیوٹر سے متعلق سیکوریٹی کے معاملات کو حل کرنے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK