۳؍مرحلوں میں انتخابات ہوں گے، پہلے مرحلے میں ۲۴۶؍ میونسپل کاؤنسل اور ۴۲؍ نگر پنچایتوں کیلئے ووٹنگ کرائی جائے گی۔
EPAPER
Updated: November 03, 2025, 2:53 PM IST | Mumbai
۳؍مرحلوں میں انتخابات ہوں گے، پہلے مرحلے میں ۲۴۶؍ میونسپل کاؤنسل اور ۴۲؍ نگر پنچایتوں کیلئے ووٹنگ کرائی جائے گی۔
مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات کا بگل جلد ہی بجے گا۔ طویل عرصے سے وارڈوں کی تشکیل اور دیگر پسماندہ طبقات(اوبی سی)کے ریزرویشن جیسے مسائل کے سبب التواء کا شکار انتخابات اب اگلے ہفتے سے شروع ہونے والے ہیں۔ پہلے مرحلے میں ۲۴۶؍ میونسپل کونسلوں اور۴۲؍ نگر پنچایتوں کے لئے ووٹنگ کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کونسلوں، نگر پنچایتوں، ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں کے انتخابات ۳؍ مراحل میں کروانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کے انتخابات ہوں گے، دوسرے مرحلے میں ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں کے، جبکہ تیسرے مرحلے میں میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کا اعلان کیا جائے گا۔
انتخابات کب مکمل ہوں گے؟
ریاستی الیکشن کمیشن، ممبئی سمیت ریاست کی۲۹؍ میونسپل کونسلوں کے انتخابات۱۵؍ سے۲۰؍ جنوری۲۰۲۶ء کے درمیان کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کے لیے ووٹنگ نومبر میں ہوگی۔ ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں کے انتخابات کے پروگرام کا اعلان میونسپل کارپوریشن الیکشن کے دوران یا ووٹنگ کے فوراً بعد کیا جائے گا۔ بے موسم طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے سرکاری مشینری اب بھی دیہی علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہے، اس لئے امکان ہے کہ یہ انتخابات دسمبر میں ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے کیا ڈیڈ لائن دی ہے؟
ضلع پریشد کے انتخابات کے دوران ہی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ سپریم کورٹ نے ریاست میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے ۳۱؍ جنوری۲۰۲۶ء تک کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق، قانونی پیچیدگیوں کے امکانات کو دیکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات مقررہ وقت سے تقریباً۱۰؍ دن پہلے کرائے جائیں گے۔
ووٹنگ مشینوں کیلئے مدھیہ پردیش حکومت سے معاہدہ
اس بار ریاست میں پہلی بار بڑے پیمانے پر بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کی کمی سے بچنے کے لیے ریاستی الیکشن کمیشن نے مدھیہ پردیش حکومت کے ساتھ مشینوں کی فراہمی کے لیے معاہدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، الیکٹرانکس کارپوریشن آف انڈیا سے۵۰؍ہزار ای وی ایم خریدی گئی ہیں۔ مرکزی الیکشن کمیشن سے بھی مزید ای وی ایم مانگی گئی ہیں۔
ووٹنگ کے دوسرے دن ووٹوں کی گنتی
۳؍ مراحل میں ہونے والے ان انتخابات لئے ووٹ کی گنتی ایک ساتھ ممکن نہیں ہے۔ اس لیے بلدیاتی انتخابات کے ہر مرحلے کی ووٹوں کی گنتی اگلے دن ہوگی۔ انتخابی نظام پر دباؤ اور محدود عملے کو مدنظر رکھتے ہوئے، امکان ہے کہ ہر مرحلے کے بعد ہی گنتی کرائی جائے گی۔
مہاراشٹر میں کتنے بلدیاتی ادارے ہیں ؟
میونسپل کارپوریشن ۲۹
میونسپل کاؤنسل ۲۴۷
نگر پنچایت ۱۴۷
ضلع پریشد ۳۴
پنچایت سمیتی ۳۵۱