Inquilab Logo

لوکل ٹرین: ایمرجنسی خدمات پرمامورعملہ کیلئےکیوآرکوڈ کےنفاذ میں‌ مزید وقت لگے گا

Updated: July 31, 2020, 8:39 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

لوکل ٹرینوں میں ایمرجنسی خدمات پر مامور عملہ کے نام‌ پر غلط طریقے سے سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے کیو آر کوڈ۳۰؍ جولائی سے نافذ کیا جانا تھا لیکن اب تک کام پورا نہ ہونے کے سبب اسے آگے بڑھا دیا گیا ہے

Local Train - Pic : INN
لوکل ٹرین ۔ تصویر : آئی این این

لوکل ٹرینوں میں ایمرجنسی خدمات پر مامور عملہ کے نام‌ پر  غلط طریقے سے سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے کیو آر کوڈ۳۰؍ جولائی سے نافذ کیا جانا تھا لیکن اب تک کام پورا نہ ہونے کے سبب اسے آگے بڑھا دیا گیا ہے ۔چنانچہ اب۱۰؍ یا۱۴؍ اگست سے نافذ کیا جائے گا اور اس سلسلے میں‌ حکمنامہ آج کل میں‌جاری کئے جانے کی امید ہے۔ نمائندہ انقلاب کے استفسار کرنے پر یہ تفصیلات ویسٹرن‌ریلوے کے سینئر ڈویژنل کمانڈر ونیت کھرب نے بتائیں۔ اس کے مطابق ایسے تمام  افراد کو اپنے پاس کیو آر کوڈ والا الیکٹرانک پاس بھی رکھنا لازمی ہوگا۔ اگر کیو آر کوڈ نہیں ہوگا تو وہ شخص لوکل ٹرین میں سفر نہیں کر سکے گا۔کیو آر کوڈ حاصل کرنے کے لئے سی پی آفس کمپاؤنڈ کی نئی عمارت کے آئی ٹی سیل میں‌تفصیل جمع کروانی ہوں گی۔
 واضح ہو کہ ریلوے انتظامیہ کے مطابق ایسی شکایتیں مل رہی تھیں کہ ایمرجنسی خدمات پر مامور عملہ کے لئے شروع کی گئیں اب تک۷۰۴؍  لوکل ٹرینوں میں بہت سے  لوگ  غلط طریقے سے سفر کررہے ہیں ۔ چنانچہ ٹرینوں میں بھیڑ بھاڑ بڑھ رہی ہے اور ایمرجنسی خدمات پر مامور اصل عملہ کی شناخت بھی مشکل ہورہی ہے۔ ایسے لوگوں کو روکنے کے لئے یہ طریقہ اپنایا جارہا ہے ۔ تمام کاغذات اور تفصیلات کام کے دنوں میں صبح۱۰؍  بجے سے شام۶؍  بجے تک متعلقہ افسران پرمود ساونت، دیوانش شکلا یا جیوتی منی کے پاس ٹیکنالوجی سیل،  پانچواں منزلہ ،نئی عمارت، پولیس کمشنر (سی پی )آفس کمپاؤنڈ ،ڈاکٹر ڈی این روڈ ،کرافورڈ مارکیٹ میں جمع کروانی ہوگی۔ حکمنامہ جاری ہونے کے بعد یہ پوری طرح واضح ہوجائے گا کہ کاغذات جمع کرانے کے لئےمزید کتنے دنوں‌کا وقت دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK