Updated: January 06, 2026, 10:06 PM IST
| New Delhi
سپریم کورٹ نے ہریانہ حکومت سے پوچھاہے کہ کیا اشوکا یونیورسٹی کے پروفیسر کے خلاف مقدمہ بند کیا جا سکتا ہے؟ پروفیسر علی خان محمودآباد نے ہندوتوا مبصرین کی جانب سے آپریشن سیندور پر پریس بریفنگ میں کرنل صوفیہ قریشی کی تعریف کے ظاہری تضاد پر روشنی ڈالی تھی، جس کے بعد انہیں مقدمے کا سامنا ہے۔
سپریم کورٹ آف انڈیا۔ تصویر: آئی این این
سپریم کورٹ نے منگل کو ہریانہ حکومت سے پوچھا کہ کیا وہ فراخدلی دکھا سکتا ہے اور آپریشن سیندور پر پریس بریفنگ کے بارے میں اپنے تبصروں کے معاملے میں اشوکا یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر علی خان محمودآباد کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری سے انکار کر سکتا ہے۔ لائیو لاء کی رپورٹ کے مطابق، چیف جسٹس سوریا کانت اور جسٹس جوئے مالیہ باغچی کی بینچ نے کہا کہ’’ اگر ریاستی حکومت اس معاملے میں نرمی دکھانے کو تیار ہے تو محمودآباد کو بھی مستقبل میں بہت ذمہ دارانہ انداز میں کام کرنا ہوگا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپوزیشن حیران، انصاف کے منافی قراردیا
واضح رہے کہ اشوکا یونیورسٹی کے سیاسیات ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ محمودآباد پر مئی میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں ہندوتوا مبصرین کی جانب سے کرنل صوفیہ قریشی کی تعریف کے ظاہری تضاد پر روشنی ڈالی گئی تھی، جنہوں نے پریس بریفنگ کے دوران انڈین آرمی کی نمائندگی کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کی پریس بریفنگ کا ظاہری پہلو اہم تھا، لیکن ظاہریت کو زمینی حقیقت میں تبدیل ہونا چاہیے ورنہ یہ محض منافقت ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ ’’شاید وہ اسی طرح بلند آواز میں مطالبہ کر سکتے ہیں کہ ہجوم کی طرف سے لینچنگ، من مانی بلڈوزر کاری کے متاثرین اور دوسرے جو بھارتیہ جنتا پارٹی کی نفرت پھیلانے کے شکار ہیں، انہیں بھی ہندوستانی شہریوں کے طور پر تحفظ دیا جائے۔‘‘بعد ازاں محمودآباد کو۱۸؍ مئی کو گرفتار کیا گیا تھا لیکن تین دن بعد سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت دے دی تھی۔
تاہم، اس وقت عدالت نے ان کے خلاف تحقیقات روکنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس نے ہریانہ پولیس کے سربراہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ محمودآباد کے استعمال کردہ الفاظ کے معنی کی جانچ کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دیں۔محمودآباد پر بھارتیہ نیایا سانہتا کی مختلف دفعوں کے تحت الزامات ہیں، جن میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بڑھاوا دینا، ایسے بیانات دینا جو اختلاف پیدا کرنے کا باعث بن سکتے ہوں، قومی خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے والے اعمال، اور عورت کی عصمت کو مجروح کرنے کے ارادے سے الفاظ یا اشارے کرنا شامل ہیں۔دریں اثناء سپریم کورٹ کے یہ تبصرے ایڈیشنل سولیسٹر جنرل ایس وی راجو کے بینچ کو یہ بتانے کے بعد آئے کہ اگرچہ اس معاملے میں چارج شیٹ اگست میں دائر کی گئی تھی، لیکن محمودآباد کے خلاف مقدمہ چلانے کی ہریانہ حکومت کی منظوری زیر التواء ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گلفشاں اور دیگر ۴؍ کو بالآخر ضمانت مل گئی
لائیو لاء کی رپورٹ کے مطابق، محمودآباد کی نمائندگی کرنے والے وکیل کپل سبل نے بینچ کے تبصروں سے اتفاق کیا۔عدالت نے کہا کہ وہ چھ ہفتوں بعد معاملہ سنے گی تاکہ راجو کو ریاستی حکومت سے ہدایات لینے کا موقع مل سکے کہ آیا وہ ایک بار کی فراخدلی دکھا کر معاملہ بند کرنے کو تیار ہے۔۲۵؍ اگست کو، سپریم کورٹ نے ایک مجسٹریٹ کو ہریانہ پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم کی طرف سے معاملے میں دائر کردہ چارج شیٹ کو تسلیم کرنے سے روک دیا۔ اس نے پولیس کے بندشی رپورٹ کی بنیاد پر محمودآباد کے خلاف دوسری اولین معلوماتی رپورٹ میں تمام کارروائیوں کو بھی کالعدم کردیا۔ہریانہ اسٹیٹ ویمن کمیشن نے پروفیسر پر قومی فوجی کارروائیوں کو بدنام کرنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔تاہم پینل نے کہا کہ اس نے۱۴؍ مئی کے اپنے طلبی نوٹس کو نظر انداز کیا۔ اس نے مزید کہا کہ جب کمیشن۱۵؍ مئی کو یونیورسٹی گیا تو وہ اس کے سامنے پیش نہیں ہوا۔محمودآباد نے کہا ہے کہ انہوں نے امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے صرف اپنے بنیادی حق آزادی اظہار کا استعمال کیا ہے۔جبکہ پروفیسر نے اصرار کیا کہ ان کی باتوں کو کمیشن نے ’’مکمل طور پر غلط سمجھا‘‘ ہے اور اس کے تبصرے میں یہ واضح کرنے میں ناکام رہا کہ ان کی پوسٹ ’’خواتین کے حقوق یا قوانین کے خلاف‘‘ کیسے ہیں۔