Inquilab Logo

جنوبی ہند پر بی جے پی کی نظر، کیرالا میں مودی کا روڈ شو

Updated: March 20, 2024, 9:24 AM IST | Agency | Thiruvananthapuram

لوک سبھاانتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد منگل کو کیرالا کا ان کا پہلا اور تین ماہ کے اندر ریاست کا یہ پانچواں دورہ تھا۔

Prime Minister Narendra Modi during the road show in Kerala. Photo: INN
کیرالا میںروڈ شو کے دوران وزیراعظم نریندرمودی۔ تصویر : آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی نے کیرالا میں بی جے پی کی لوک سبھا انتخابی مہم کے ایک حصے کے طور پر پلاکڈ لوک سبھا سیٹ سے این ڈی اے کے امیدوار سی کرشنا کمار کی حمایت میں منگل کی صبح روڈ شو کیا۔ 
مودی صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے کوئمبٹور سے بذریعہ ہیلی کاپٹر مرسی کالج گراؤنڈ پر اُترے۔ بی جے پی کیرالا کے انچارج پرکاش جاوڈیکر، ریاستی صدر کے سریندرن اور پلاکڈ میونسپلٹی کے صدر ای کرشنا کمار کی قیادت میں پارٹی لیڈروں نے مرسی کالج کے میدان میں ان کا استقبال کیا۔ بعدازاں ، وزیر اعظم ایس پی جی اور پولیس کے قافلے کی حفاظت میں سڑک کے ذریعے کوٹامیدھان، انچو ویلاکو پہنچے۔ ان کا روڈ شو این ڈی اے امیدواروں سی کرشنا کمار (پلاکڈ)، نیویدیتا سبرامنیم (ملاپورم امیدوار) اور ریاستی صدر کے سریندرن کے ساتھ صبح ۱۰؍ بج کر ۴۵؍ منٹ پرایک کھلی گاڑی کے ذریعہ شروع ہوا۔ وزیراعظم مودی نے سڑک کے دونوں طرف جمع لوگوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔ اس طرح یہ روڈ شو صبح ۱۱؍ بج کر ۱۵؍ منٹ پرشہر کے ہیڈ پوسٹ آفس کے قریب ختم ہوا۔ 
 بی جے پی نے اس ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے کافی کچھ خرچ کیا تھا۔ اس کا ثبوت وہاں موجود لوگوں کو دیکھ کرنظرآ رہا تھا۔ خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ چلچلاتی دھوپ میں سڑک کے دونوں طرف قطاروں میں کھڑے تھے۔ یہ لوگ ایک کلومیٹر طویل روڈ شو کے دوران پھولوں کی پتیاں نچھاور کر رہے تھے اور نعرے بازی بھی کررہے تھے۔ 
 الیکشن کمشنر کی طرف سے انتخابات کے اعلان کے بعد مودی کا کیرالا کا یہ پہلا دورہ ہے اور تین ماہ کے اندر ریاست کا اُن کا پانچواں دورہ ہے۔ روڈ شو کے بعد وزیر اعظم اگلی انتخابی مہم میں شامل ہونے کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے تمل ناڈو کے سیلم کیلئے روانہ ہوگئے۔ 
 خیال رہے کہ ایک دن قبل وزیراعظم نے ایک ساتھ جنوبی ہند کی تین ریاستوں تلنگانہ، کرناٹک اور تمل ناڈو کا دورہ کیا تھا۔ بی جے پی اس بار جنوبی ہند پر زیادہ توجہ دے رہی ہے تاکہ کہیں سیٹیں کم ہوں تو اس کی بھرپائی ہوجائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK