Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیٹے کیخلاف لُک آؤٹ نوٹس ، مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے استعفیٰ کی مانگ

Updated: May 16, 2026, 11:03 PM IST | New Delhi

تلنگانہ پولیس نے رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، تلاش کیلئے ۵؍خصوصی ٹیمیں تشکیل،ملزم کمسن بچی کی آبروریزی کے الزام میں پوکسو کے تحت مطلوب ہے

Union Minister Sanjay Kumar with his son Sai Bhagirath
مرکزی وزیر بنڈی سنجے کمار،بیٹے سائی بھاگیرتھ کے ساتھ

 کمسن بچی کی آبروریزی کے الزام میں  فرار مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی  سنجے کمار کے بیٹے بنڈی سائی بھاگیرتھ کی گرفتاری کیلئے تلنگانہ پولیس نے سنیچر کو سکندرآباد میں  ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا جبکہ اس کے ملک سے فرار کو روکنے کیلئے لُک آؤٹ نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔اس کےساتھ ہی سابق وزیراعلیٰ   کے سی آر کی بیٹی  اور ’تلنگانہ رکشنا سینا‘  کی سربراہ  کے کویتا نے  منصفانہ جانچ کیلئے مرکزی وزیر  بنڈی سنجے کمار کے استعفیٰ کی مانگ کی ہے۔اس کیلئے انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ اپنے مکتوب میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’پوکسو کے تحت جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جو ایک کمسن سے جڑا ہوا ہے،حکومت کی کوشش ہونی چاہئے کہ جانچ اور اس کے بعد عدالتی عمل  آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ  ہو۔‘‘ انہوں نے نشاندہی کی ہے کہ بیٹے کے خلاف جانچ کے دوران بنڈی سنجے کے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کے عہدہ پر فائز رہنے کی وجہ سے مفادات کے ٹکراؤ کا معاملہ بنتا ہے۔ 
  بھاگیرتھ کو جو کئی دنوں سے فرار ہے،کو جیل جانے سے بچانے کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں گرفتارپر روک کیلئے  عرضی داخل کی گئی تھی  جسے عدالت نے خارج کردیا ہے۔ جمعہ کو عرضی خارج ہونے کے بعد سنیچر کو  سائبر آباد پولیس کی ٹیموں نے حیدرآباد اور کریم نگر میں ملزم سےجڑی  رہائش گاہوں پر چھاپے مار کر اسے تلاش کیا ۔اس کے ساتھ ہی  اس کو ملک سے فرار ہونے سے روکنے کیلئے لک آؤٹ سرکلر بھی جاری کر دیا ہے۔کوکٹ پلی زون کے ڈی سی پی ریتی راج   نے بتایا کہ بھاگیرتھ  کو تلاش کرنے کیلئے پولیس کی پانچ ٹیمیں  بنائی گئی ہیں جو بنجارہ ہلز کے میتری ریزیڈنسی اور کریم نگر میں مرکزی وزیربنڈی سنجے کمار کی رہائش گاہ پر تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔اس کے علاوہ نگرانی اور تکنیکی ٹیمیں ملزم کی موجودگی سے متعلق لوکیشن کوآرڈینیٹس، ڈیجیٹل سرگرمیوں اور دیگر الیکٹرانک شواہد کا تجزیہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سنیچر کو مرکزی وزیر کی رہائش گاہ کے باہر بڑی تعداد میں پولیس اور سیکوریٹی اہلکار تعینات دیکھے گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK