Inquilab Logo Happiest Places to Work

سری نگر کے کئی حصوں میں زور دار دھماکے سنے گئے، خوف و دہشت

Updated: May 11, 2025, 10:37 AM IST | Srinagar

۱۱؍بجکر۴۵؍ منٹ پر شہر کے ہوائی اڈے کے اطراف ۲؍ زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، مسجدوں کے لاؤڈ اسپیکر پرلوگوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ۔

Security forces patrolling after the sound of explosions in Srinagar. Photo: INN.
سری نگر میں دھماکوں کی آوازکے بعدسیکوریٹی فورسیز گشت کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

جموں کشمیر کے موسم گرما کی راجدھانی سری نگر میں سنیچر کو اُس وقت خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا جب شہر کے کئی حصوں میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، خاص طور پر سری نگر ہوائی اڈے کے نزدیکی علاقوں میں لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں میں سہم کر بیٹھ گئے۔ عینی شاہدین اور مقامی ذرائع نے خبر رساں ایجنسی یو این آئی کو بتایا کہ صبح قریب۱۱؍بجکر۴۵؍ منٹ پر شہر کے ہوائی اڈے کے اطراف ۲؍ زوردار دھماکوں کی آوازیں آئیں جس کے فوراً بعد کئی علاقوں میں مسجدوں کے لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے عوام کو گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی۔ 
ذرائع کے مطابق سری نگر کے ’ٹیکنیکل ایئرپورٹ ‘یعنی پرانے ہوائی اڈے پر ایک مشتبہ ڈرون کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی کے ساتھ مار گرایا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈرون ممکنہ طور پر حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کے ارادے سے سری نگر کی فضا میں داخل ہوا تھا۔ 
سیکوریٹی فورسیزنے فوری طور پر پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کر دی ہے جبکہ تکنیکی ٹیمیں ملبے کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ ڈرون کی ساخت اور اس کی ممکنہ نوعیت کا پتہ لگایا جا سکے۔ دھماکوں کے بعد شہر کے کئی بازار خود بخود بند ہو گئے اور سڑکیں سنسان نظر آئیں۔ لوگ خوف کے مارے گھروں میں محصور ہو گئے جبکہ انٹرنیٹ پر افواہوں کا بازار بھی گرم رہا۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری اطلاعانات پر بھروسہ کریں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ۴۸؍ گھنٹوں سے جموں، سانبہ، پٹھان کوٹ، بارہمولہ، کپوارہ اور اب سری نگر جیسے مقامات پر ڈرونز کی موجودگی، دھماکوں اور سرحد پار سے گولہ باری کی اطلاعات ملی تھیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK