Inquilab Logo

لکھنؤ:’لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں‘ مہم کے تحت پرینکاگاندھی کا تاری لکھنوخی مارچ، سیکڑوں خواتین شریک

Updated: March 09, 2022, 8:32 AM IST | Lucknow

عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے منگل کو کولکھنؤ میں ’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘ مارچ کی قیادت کر تے ہوئے خواتین کی خود مختاری کا پیغام دیا۔

Priyanka Gandhi feeding a baby girl during a march in Lucknow. (PTI)
لکھنؤ میںمارچ کے دوران پرینکا گاندھی ایک بچی کو کھلاتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے منگل کو کولکھنؤ میں ’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘ مارچ کی قیادت کر تے ہوئے خواتین کی  خود مختاری کا پیغام دیا۔ ریاستی راجدھانی  کے۱۰۹۰؍ چوراہے سے شروع ہونے والے مارچ میں ہزاروں خواتین نے خصوصی طور سے شرکت کی۔پرینکا گاندھی کی قیادت میں ہزاروں خواتین نے جوش و خروش کے ساتھ پیدل مارچ کیا۔ یہ قافلہ تقریباً ایک کلومیٹر لمبا تھا۔ اپنے جانے پہچانے انداز میں کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کئی مرتبہ حفاظتی حصار سے باہر نکل کر خواتین کے بیچ پہنچ گئیں۔ شرکاء اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ہوئے تھے جن پر ’لڑکی ہو، لڑسکتی ہوں‘ نعرے لکھے ہوئے تھے۔ پورے مارچ کے دوران وقت وقت پر لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں کے نعرے لگتے رہے۔بالو اڈا، ڈالی کالونی، رانا پرتاپ مارگ سے گزرنے والے مارچ کے دوران پرینکا گاندھی نے خواتین سے ملاقات کی اور خواہشمندا فراد کے ساتھ سیلفی بھی لی۔ تقریباً تین کلو میٹر کی مسافت والا یہ مارچ ایک گھنٹے میں سکندرآباد کراسنگ پر اختتام پذیر ہوا۔ جہاں پر پرینکا گاندھی نے مجاہد آزادی اودا دیوی کے مجسمہ پر گلپوشی کی۔اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی تمام۱۵۹؍خاتون امیدواروں سمیت دیگر خاتون نمائندوں کو اس مارچ میں خصوصی طور سے مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو سمیت اعلیٰ قائدین موجود رہے۔ قابل ذکر ہے کہ اسمبلی انتخابات میں خاتون کی  خود مختاری کا نعرہ دیتے ہوئے کانگریس نے۴۰؍ فیصد ٹکٹ خاتون امیدواروں کو دیئے ہیں۔
 کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور اترپردیش کی انچارج  جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بین الاقوامی یوم خواتین پر منگل کو خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ان کا حق دینے کا مطالبہ کیا۔ پرینکا گاندھی  نے کہا کہ خواتین میں زبردست طاقت ہے اور وہ سماج کو بدل سکتی ہیں اس لئے انہیں ان کا حق دیا جانا چاہئے۔ اس مارچ کے حوالے سے پرینکا گاندھی کے بھائی اور کانگریس کے سینئر لیڈرراہل گاندھی نے ٹویٹ کیا’’خواتین اپنے علم،قربانی اور طاقت سے سماج کو بدلنے کے قابل ہیں۔لمبے وقت سے زیر التوا ان کا حق انہیں ملنا چاہئے۔سبھی کو یوم خواتین کی مبارکباد۔‘‘پارٹی نے ایک بیان جاری کرکے بتایا’ لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں‘ کے نعرے اور کانگریس پارٹی کے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں خواتین کو۴۰؍ فیصد ٹکٹ دینے کے انقلابی قدم نے خواتین کی سیاسی حصہ داری کے ایک نئے دور کی شروعات کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK