Updated: October 01, 2026, 8:03 PM IST
| London
ریپر میکلمور کے ’’فری فلسطین ٹور‘‘ کے ڈبلن، پیرس اور لندن میں ہونے والے تینوں شوز کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے ہیں۔ فلسطینیوں کی حمایت میں ایڈ شیرن کے ٹور سے علیحدگی کے بعد میکلمور نے ان امدادی کنسرٹس کا اعلان کیا تھا، جن سے حاصل ہونے والی رقم فلسطینیوں کی مدد کرنے والی تنظیموں کو دی جائے گی۔
میکلمور۔ تصویر: آئی این این
میکلمور کے حال ہی میں اعلان کیے گئے ’’فری فلسطین ٹور‘‘ کے یورپ میں ہونے والے تینوں شوز کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے ہیں۔ یہ پروگرام رواں ماہ کے آخر میں ڈبلن، پیرس اور لندن میں منعقد ہوں گے۔ ریپر نے بدھ، ۳۰؍ ستمبر کو تمام ٹکٹ فروخت ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ شائقین کے ردعمل سے ’’واقعی بہت متاثر‘‘ ہوئے ہیں۔ میکلمور نے انسٹاگرام پر اعلان کے ساتھ لکھا، ’’میں واقعی اس ردعمل سے بہت متاثر ہوں۔ ہم نے یہ شوز تیزی سے اور اجتماعی طور پر منعقد کیے، اس یقین کے ساتھ کہ موسیقار فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرسکتے ہیں، اسٹیج کے ذریعے امدادی رقم جمع کرسکتے ہیں اور اجتماعی اقدامات کی عملی شکل پیش کرسکتے ہیں۔‘‘ یہ تینوں شوز اعلان کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے قبل سامنے آئے تھے۔ واضح ہو کہ اس سے قبل فلسطینیوں کی حمایت میں اسٹیج پر بیان دینے کے بعد میکلمور کو ایڈ شیرن کے ’’لوپ ٹور‘‘ کے امریکی مرحلے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: فلائی دبئی کی پرواز کوہائی جیکنگ سے بچانے والے اسمیت مچھر ہیرو قرار
۴؍ ستمبر کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ایڈ شیرن کے شو سے قبل پرفارم کرتے ہوئے میکلمور نے فلسطینیوں کی حمایت میں گفتگو کی اور اسٹیج سے ’’فری فلسطین‘‘ کا نعرہ لگایا۔ اس کے بعد انہیں ایڈ شیرن کے ٹور کی باقی ماندہ امریکی تاریخوں سے ہٹا دیا گیا۔ بعد میں ایڈ شیرن نے کہا کہ یہ فیصلہ ٹور کے پروموٹر نے کیا تھا، انہوں نے خود نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ شوز کے مقامات نے واضح کردیا تھا کہ اگر میکلمور پروگرام کا حصہ رہے تو وہ ان شوز کی میزبانی نہیں کریں گے۔ اس کے بعد میکلمور نے یورپ میں امدادی کنسرٹس کی ایک الگ سیریز کا اعلان کیا، جس سے حاصل ہونے والی رقم فلسطینیوں کی مدد کرنے والی تنظیموں کو دی جائے گی۔
ان کنسرٹس کے ذریعے درج ذیل تنظیموں کیلئے رقم جمع کرنے کا منصوبہ ہے:
۱۔ غزہ سوپ کچن
۲۔ میڈیکل ایڈ فار فلسطینینز
۳۔ فلسطین چلڈرنز ریلیف فنڈ
میکلمور نے اس منصوبے کو موسیقاروں کی جانب سے رقم جمع کرنے اور فلسطینیوں کی حمایت کیلئے اپنے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کا ایک ذریعہ قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب کا ہر دشمن پاکستان کا دشمن ہے: پاکستان
کن تاریخوں میں ہوں گے شوز؟
۲۶؍ اکتوبر تھری ایرینا، ڈبلن
۲۹؍ اکتوبر اکور ایرینا، پیرس
۳۰؍ اکتوبر او وی او ایرینا ویمبلی، لندن
میکلمور کے ۳۰؍ ستمبر کے اعلان کے مطابق تینوں شوز کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
میکلمور کے ساتھ کون شامل ہوگا؟
کنسرٹس کا فی الحال اعلان ’’میکلمور اینڈ فرینڈز‘‘ کے نام سے کیا گیا ہے۔ ریپر نے دیگر فنکاروں کے ناموں کا ابھی اعلان نہیں کیا اور کہا ہے کہ لائن اپ جلد سامنے آئے گا۔ میکلمور نے ڈبلن، پیرس اور لندن کے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی مکمل فروخت سے فلسطین کی آزادی کیلئے ان کی اپیل کی حمایت کا اظہار ہوتا ہے۔