Inquilab Logo

مدنپورہ :آتشزدگی میں ۱۰؍گالے خاکستر، لاکھوںروپے کانقصان

Updated: January 14, 2022, 9:13 AM IST | saadat khan | Mumbai

بدھ کی رات پونے ۸؍بجے لگنےوالی آگ پر ۱۱؍بجے قابوپایاگیا۔کلیئر روڈ کی بلڈنگ کے ۴۰؍ مکان والو ںنےگھرخالی کرنےکے ساتھ ہی احتیاطاً اپنے گھروںکےگیس سیلنڈرکو بلڈنگ کے کمپائونڈ میںرکھ دیاتھا، بجلی سپلائی منقطع کردی گئی تھی۔اس دوران بھاگ دوڑ سے ضعیف خواتین کوشدید پریشانی ہوئی

The severity of the accident is indicated by a second day photo of a warehouse destroyed in the fire
آتشزدگی میں تباہ ایک گودام کی دوسرے دن کی تصویر سے حادثہ کی شدت کا اندازہ ہوتا ہے

یہاں مولاناآزا د رو ڈ پر واقع ’کےکے کمپائونڈ‘کے ایک کارخانےمیںلگنے والی بھیانک آگ سے ایک ہی عمارت میں واقع ۱۰۔۱۲؍ کارخانےاور گودام جل کر خاکستر ہوگئےہیں۔ ان کارخانوں اور گودام میں موجود لاکھوں روپے کا مال تباہ ہوگیا۔
  بدھ کی رات پونے ۸؍بجے لگنےوالی آگ پر رات ۱۱؍بجے قابوپایاگیا۔جائے وقوع سے متصل کلیئر روڈ کی ۳؍ منزلہ عائشہ بلڈنگ کے ۴۰؍ مکان والوںنےگھرخالی کرنے کے ساتھ ہی احتیاطاً اپنے گھروںکےگیس سیلنڈرکو بلڈنگ کے کمپائونڈ میں نکال کر رکھ دیاتھااور بجلی سپلائی منقطع کردی تھی۔گھرخالی کرتے وقت ہونے والی بھاگ دوڑ سے بالخصو ص ضعیف خواتین کوپریشانی ہوئی ۔ ۴؍گھنٹے تک بلڈنگ کمپائونڈ میں بیٹھے رہنےکے بعد مکین اپنے گھروںمیں منتقل ہوئے ۔بلڈنگ کے نوجوانو ںنے بزرگوں، خواتین اور بچوںکو بحفاظت نکالنےمیں اہم رول اداکیا۔
  کے کے آر ٹ کمپائونڈ کے رہنے والے سلیم مرزا نے بتایاکہ ’’ جس عمارت میں آگ لگی تھی اس میں ہمارے ۴؍گالے ہیں۔ تمام گالوںمیں بیگ وغیرہ کا کام ہوتاہے ۔ آگ اسی عمارت کے ایک گالے میں لگی تھی جس سے عمارت کے دیگر گالوںمیں آگ پھیل گئی اور دیکھتے دیکھتے کئی کارخانےاور گالوںکو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوالیکن مالی نقصان بڑے پیمانے پر ہواہے ۔ لاکھوں روپے کا مال جل کر خاکستر ہوگیاہے ۔ مقامی نوجوانوںنے آگ پر قابوپانےمیں فائربریگیڈ اور پولیس کی ہر طرح مدد کی۔ ‘‘ 
 اسی جگہ رہنے والے  ایک نوجوان نے بتایاکہ ’’ ایک کارخانہ  دار نے ۲؍دن قبل ہی ڈھائی لاکھ روپے کا کپڑا لایاتھا ، جو خاکستر ہوگیا۔ بیگ کے کارخانےوالوںکا لاکھوں روپے کا مال جل گیاہے ۔ چونکہ آگ بالائی منزل پر لگی تھی اسلئے نیچے جو دکانیں تھیں انہیں نقصان نہیں پہنچا ہے لیکن آگ بجھانےکیلئے استعمال پانی سے ان کا مال بھیگ کر تباہ وبرباد ہوگیا۔مالی نقصان کا اندازہ لگانامشکل ہے۔ جمعرات کو پولیس نےاس معاملہ میں پنچ نامہ بھی کیاہے ۔‘‘
 کلیئرروڈ عائشہ منزل کے سید بابر مرزانے بتایاکہ ’’ہماری بلڈنگ او ر جائے وقوع کے مابین صرف ہائوس گلی حائل ہے ۔ جس کی وجہ سے آگ کے شعلے بلڈنگ کے مکینوںکے گھروںکی کھڑکیوں سے ٹکرارہے تھے۔ جس سے گھروںکی خواتین، بزرگ اور بچے گھبرارہےتھے۔ اسی وجہ سے بلڈنگ کے نوجوانوںنے سبھی گھر خالی کرواکر مکینوںکو بلڈنگ کمپائونڈ اور کلیئر روڈ پر واقع پیٹرول پمپ کے قریب بٹھادیاتھا۔ مکینوںکو بحفاظت نکالنےکےبعد تمام گھروں کے گیس سلنڈروںکو بھی نوجوانوں نےنکال کر کمپائونڈ میں رکھوایااور خود ہی بلڈنگ کی بجلی سپلائی منقطع کردی ۔تاکہ اگر آگ بلڈنگ تک پہنچتی ہے تو زیادہ نقصان نہ ہو۔ یہ تو اچھا تھاکہ ہماری بلڈنگ کے علاوہ آغاخان کمپائونڈاور دہلی دربار ہوٹل والے کمپائونڈ سے بھی فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھارہاتھا ورنہ یہ آگ رکنے والی نہیں تھی۔ فائر بریگیڈ والوں کی حکمت عملی سے آگ پرقابوپانےمیں آسانی ہوئی ۔ ہماری بلڈنگ کی طرف آنےوالی آگ کو پانی سے روکنےمیں فائر بریگیڈ کا اہم رول تھا۔‘‘
  آ گ پر قابو پانےمیں فہیم نائر ، اعجاز انصاری، محمد اشفاق اور محمد صدیق وغیرہ نے کافی جدوجہد کی۔

madanpura Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK